نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور سعودی وزیر خارجہ کا علاقائی کشیدگی اور آر فور اجلاس پر تبادلہ خیال
- دونوں وزرائے خارجہ کا مشترکہ مفادات کے معاملات پر رابطوں اور مختلف عالمی فورمز پر تعاون بڑھانے کے طریقوں پر غور، دفتر خارجہ
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اتوار کو سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود سے ٹیلی فونک رابطہ کیا، جس میں دوطرفہ تعاون، علاقائی صورتحال اور مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں سفارتی رابطوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
گفتگو کے دوران دونوں وزرائے خارجہ نے کثیرالجہتی فورمز پر تعاون مضبوط بنانے اور باہمی دلچسپی کے امور پر رابطوں و ہم آہنگی کو مزید فروغ دینے کے طریقوں پر غور کیا۔ دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے مشترکہ مفادات کے معاملات پر قریبی رابطے برقرار رکھنے پر بھی بات چیت کی۔
دونوں وزرائے خارجہ نے مستقبل قریب میں آر فور کے وزرائے خارجہ کا اجلاس بلانے کے امکان پر بھی تبادلہ خیال کیا، تاکہ علاقائی صورتحال پر مشاورت کا سلسلہ جاری رکھا جاسکے۔ دونوں فریقوں نے سفارتی روابط کی رفتار برقرار رکھنے کے لیے قریبی رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
آر فور (ریجنل فور) پاکستان، سعودی عرب، ترکیہ اور مصر کے وزرائے خارجہ پر مشتمل سفارتی گروپ ہے، جس کا مقصد علاقائی امن، سلامتی اور کشیدگی میں کمی کے لیے مشترکہ کوششیں کرنا ہے۔
یہ رابطہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب ایران کے خلاف جاری امریکی اور اسرائیلی کارروائیوں کے باعث مشرق وسطیٰ میں کشیدگی بڑھ گئی ہے۔ اس تنازع کے نتیجے میں خلیجی ممالک میں جوابی حملے ہوئے ہیں، جبکہ علاقائی توانائی کے بنیادی ڈھانچے اور بین الاقوامی بحری راستوں کی سلامتی سے متعلق خدشات بھی بڑھ گئے ہیں۔
اسٹریٹجک اہمیت کی حامل آبنائے ہرمز بھی کشیدگی کا اہم مرکز بنی ہوئی ہے، جہاں تجارتی جہازوں پر حملوں کے باعث بحری آمدورفت متاثر ہوئی ہے۔ اس صورتحال نے سعودی عرب، بحرین اور دیگر خلیجی ممالک کے سکیورٹی خدشات میں بھی اضافہ کیا ہے۔
علاقائی کشیدگی کو مزید بڑھنے سے روکنے کے لیے سفارتی کوششیں تیز کردی گئی ہیں۔ پاکستان اور قطر واشنگٹن اور تہران کے درمیان رابطوں میں سہولت کاری کر رہے ہیں، جبکہ پاکستان مذاکرات اور کشیدگی میں کمی کے لیے سفارتی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔
اسحاق ڈار اور شہزادہ فیصل بن فرحان کے درمیان تازہ رابطہ اسلام آباد اور ریاض کے مسلسل مشاورتی عمل کا حصہ ہے، کیونکہ خطے کے ممالک اس تنازع کے سکیورٹی اور سفارتی اثرات سے نمٹنے کے لیے کوششیں کر رہے ہیں۔



















Comments