پی ایس او اور عمان کی او کیو ٹی میں پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی کا معاہدہ طے
- او کیو ٹی نے پیٹرولیم مصنوعات کی خریداری میں سہولت فراہم کرنے کے لیے پی ایس او کو 20 کروڑ ڈالر کی کریڈٹ حد دینے پر بھی اتفاق کیا ہے
پاکستان اسٹیٹ آئل کمپنی لمیٹڈ (پی ایس او) اور عمان کی عالمی کموڈٹی ٹریڈنگ کمپنی او کیو ٹریڈنگ (او کیو ٹی) کے درمیان اتوار کو پیٹرولیم مصنوعات کی خرید و فروخت کا معاہدہ (ایس پی اے) طے پا گیا۔ او کیو ٹی نے پیٹرولیم مصنوعات کی خریداری میں سہولت فراہم کرنے کے لیے پی ایس او کو 20 کروڑ ڈالر کی کریڈٹ حد دینے پر بھی اتفاق کیا ہے۔
وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے مسقط میں عمان کے وزیر توانائی و معدنیات انجینئر سالم العوفی سے ملاقات کی، جس میں تیل، گیس اور معدنیات کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مضبوط بنانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران دونوں وزرا نے باہمی مفاد میں تعاون کے مختلف راستوں پر غور کیا اور پاکستان۔عمان مشترکہ ورکنگ گروپ برائے تیل و گیس کے قیام کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے دوطرفہ روابط مزید مضبوط بنانے اور توانائی و کان کنی کے شعبوں میں تعاون آگے بڑھانے کے لیے اس ادارہ جاتی طریقہ کار سے بھرپور فائدہ اٹھانے پر اتفاق کیا۔
ملاقات کے بعد دونوں وزرا نے پی ایس او اور او کیو ٹی کے درمیان پیٹرولیم مصنوعات کی خرید و فروخت کے معاہدے پر دستخط کی تقریب میں شرکت کی۔ او کیو ٹی نے پیٹرولیم مصنوعات کی خریداری میں سہولت کے لیے پی ایس او کو 20 کروڑ ڈالر کی کریڈٹ حد فراہم کرنے پر بھی اتفاق کیا۔
معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے دونوں وزرا نے اعتماد ظاہر کیا کہ اس پر عمل درآمد پاکستان اور عمان کے توانائی کے تعلقات کو مزید مضبوط بنائے گا اور توانائی کی درآمدات میں تنوع کے ذریعے پاکستان کی توانائی سلامتی بہتر بنانے کی کوششوں میں معاون ثابت ہوگا۔
یہ معاہدہ دونوں کمپنیوں کے تجارتی تعلقات میں ایک اہم سنگ میل ہے اور او کیو ٹی کی جانب سے پی ایس او کو پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی کے لیے ایک منظم طریقہ کار فراہم کرتا ہے، جس سے علاقائی توانائی منڈیوں میں مسلسل اتار چڑھاؤ کے باوجود سپلائی کے تسلسل کو سہارا ملے گا۔
او کیو ٹی پہلے ہی پی ایس او کو پٹرول فراہم کرنے والی ایک بڑی کمپنی بن چکی ہے اور 2026 کے دوران ایک ملین ٹن سے زائد پٹرول فراہم کرچکی ہے۔ نئے معاہدے سے اس قائم شدہ تجارتی تعلق کو مزید وسعت دینے کے لیے ایک فریم ورک فراہم ہوگا۔
پٹرول کے علاوہ او کیو ٹی نے پاکستان کی ایل پی جی مارکیٹ میں بھی اپنی موجودگی مضبوط بنائی ہے اور سرکاری و نجی شعبے کے خریداروں کو ایل پی جی فراہم کر رہی ہے۔ توقع ہے کہ 2026 کے اختتام تک پاکستان کو اس کی ایل پی جی فراہمی 1 لاکھ 20 ہزار میٹرک ٹن سے تجاوز کر جائے گی، جو مارکیٹ کی طلب پوری کرنے اور علاقائی سپلائی میں رکاوٹوں کے باوجود توانائی کی ترسیل برقرار رکھنے کے لیے کمپنی کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔
یہ ملاقات اور معاہدے پر دستخط پاکستان اور عمان کے درمیان دوطرفہ توانائی تعاون کو وسعت دینے، تجارتی شراکت داری مضبوط بنانے اور تیل، گیس و معدنیات کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کرنے کے مشترکہ عزم کو اجاگر کرتے ہیں۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2026





















Comments