پاکستان اور پرتگال کا تجارت، سرمایہ کاری اور افرادی قوت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق
- تعلقات کے فروغ کے لیے دونوں ممالک کے ویزا استثنیٰ اور سرمایہ کاری کے تحفظ کے معاہدوں پر دستخط، زراعت اور ہنرمند افرادی قوت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کا عزم
پاکستان اور پرتگال نے تجارت، سرمایہ کاری، زراعت، قابلِ تجدید توانائی، ٹیکنالوجی اور افرادی قوت کی نقل و حرکت سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون مضبوط بنانے پر اتفاق کیا ہے، جبکہ دونوں ممالک اقتصادی اور سفارتی تعلقات کو مزید وسعت دینے کے خواہاں ہیں۔
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے پیر کو اسلام آباد میں پرتگال کے وزیر مملکت و وزیر خارجہ پاؤلو رانگل کے ہمراہ مشترکہ پریس گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دونوں فریقوں نے دوطرفہ اور علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا اور تعاون بڑھانے کے لیے عملی اقدامات کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
پرتگالی وزیر خارجہ کا دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب پاکستان اور پرتگال کے درمیان 7 نومبر 1949 کو قائم ہونے والے سفارتی تعلقات کو 77 سال مکمل ہو چکے ہیں۔
دفتر خارجہ کے بیان کے مطابق اسحاق ڈار نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت اپنی حقیقی صلاحیت سے کم ہے۔ انہوں نے تجارتی رکاوٹوں کی نشاندہی اور مشترکہ اقدامات کے لیے تجارت و اقتصادی تعاون پر مشترکہ ورکنگ گروپ قائم کرنے کی تجویز دی۔
انہوں نے پرتگالی کمپنیوں کو خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کے تعاون سے پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے کی دعوت بھی دی۔
پاکستان اور پرتگال نے زراعت، بالخصوص زیتون کی کاشت اور پراسیسنگ کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا، جبکہ دونوں ممالک نے بندرگاہوں کے درمیان تعاون کے ذریعے شپنگ اور لاجسٹکس کے نظام کو بہتر بنانے کے امکانات کا بھی جائزہ لیا۔
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان پرتگال کے زرعی تجربات سے استفادہ کرنا چاہتا ہے، بالخصوص زیتون کی کاشت اور اس کی پراسیسنگ کے حوالے سے۔ انہوں نے زرعی تعاون سے متعلق مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) کو جلد حتمی شکل دینے اور مشترکہ ورکنگ گروپ قائم کرنے پر زور دیا۔
انہوں نے پرتگال کے وزیر زراعت و بحری امور جوزے فرنانڈس کے دورہ پاکستان کی امید بھی ظاہر کی۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ پرتگالی وزیر خارجہ پاؤلو رانگل کے ساتھ اتفاق کیا گیا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت اپنی حقیقی صلاحیت سے کم ہے۔ انہوں نے تجارتی رکاوٹوں کی نشاندہی اور مشترکہ اقدامات کو آگے بڑھانے کے لیے تجارت و اقتصادی تعاون پر مشترکہ ورکنگ گروپ قائم کرنے کی تجویز دی۔ انہوں نے پرتگالی کمپنیوں کو خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کے تعاون سے پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے کی دعوت بھی دی۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان 30 جون 2026 کو لزبن میں منعقدہ انٹرنیشنل اولیو کونسل کے 123ویں اجلاس میں اس کا مستقل رکن بن گیا تھا۔
ویزا استثنیٰ اور سرمایہ کاری کے تحفظ کے معاہدے
اسحاق ڈار نے اعلان کیا کہ پاکستان اور پرتگال نے سفارتی پاسپورٹ رکھنے والوں کے لیے باہمی ویزا استثنیٰ کے معاہدے پر دستخط کیے ہیں، جس کا مقصد سرکاری سطح پر وفود کے تبادلوں کو آسان بنانا ہے۔
علاوہ ازیں، پاکستان کے بورڈ آف انویسٹمنٹ اور پرتگال کے ادارے اے آئی سی ای پی کے درمیان سرمایہ کاری کے تحفظ سے متعلق مفاہمتی یادداشت پر پیر کو بعد ازاں ایک کاروباری فورم میں دستخط کیے جانے تھے۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک نے دوہرے ٹیکس سے متعلق کنونشن میں ترامیم اور سرمایہ کاری کے تحفظ کے موجودہ نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے پر ہونے والی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان نے یورپی یونین کے نئے فریم ورک کے تحت جی ایس پی پلس (GSP+) کی حیثیت برقرار رکھنے کے لیے پرتگال سے مسلسل حمایت کی درخواست کی ہے۔ ان کے مطابق یہ اسکیم پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان اقتصادی تعاون کا اہم حصہ ہے، جو تجارت، روزگار اور پائیدار ترقی کے فروغ میں معاون ہے۔
ہنرمند افرادی قوت اور عوامی روابط
نائب وزیراعظم نے کہا کہ دونوں ممالک نے قانونی ذرائع سے ہجرت کے مواقع بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا ہے۔ انہوں نے پرتگال کو پاکستان کی مجوزہ لیبر موبیلٹی پارٹنرشپ پر غور کرنے کی دعوت دی۔
انہوں نے کہا کہ پرتگال کا گرین پاتھ نظام ان ہنرمند پاکستانی کارکنوں کے لیے مواقع فراہم کر سکتا ہے جو بھرتی کے مقررہ تقاضے پورے کرتے ہیں۔
اسحاق ڈار نے پرتگال میں مقیم پاکستانی برادری کی فلاح و بہبود اور معاشرے میں انضمام کے لیے پرتگال کی مسلسل حمایت پر شکریہ ادا کیا۔
دونوں ممالک نے جامعات اور تحقیقی اداروں کے درمیان شراکت داری، ثقافتی تبادلوں، سیاحت اور کھیلوں کے شعبوں میں تعاون کے امکانات بھی تلاش کیے۔
پرتگالی فٹ بال کلب ایف سی پورٹو اور سیالکوٹ فٹ بال اکیڈمی کے درمیان شراکت داری کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ اس معاہدے کے تحت ایف سی پورٹو کا ڈریگن فورس تربیتی پروگرام سیالکوٹ اکیڈمی میں متعارف کرایا جائے گا، جس سے نوجوان فٹ بال کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو شناخت کرنے اور انہیں نکھارنے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے کوچنگ کے تبادلوں، نوجوانوں کے ٹورنامنٹس، تربیتی کیمپوں اور اسپورٹس سائنس کے شعبوں میں مزید تعاون کی تجویز بھی دی۔
علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال
عالمی امور کے حوالے سے اسحاق ڈار نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے 2027-2028 کی مدت کے لیے پرتگال کے انتخاب پر مبارکباد دی اور کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ سمیت دیگر کثیرالجہتی فورمز پر پرتگال کے ساتھ قریبی تعاون کا خواہاں ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ملاقات میں علاقائی اور عالمی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ دونوں ممالک نے تنازعات کے حل کے لیے مذاکرات، سفارت کاری، بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کے منشور کی اہمیت پر زور دیا۔
فلسطین کے معاملے پر اسحاق ڈار نے فلسطینی عوام اور ان کے حقوق کے لیے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کیا اور اسرائیلی آبادکاری میں توسیع اور القدس الشریف کی حیثیت تبدیل کرنے کی کوششوں پر تشویش کا اظہار کیا۔
انہوں نے غزہ میں بلا رکاوٹ انسانی امداد کی فراہمی اور اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق منصفانہ اور پائیدار حل پر زور دیا۔
مقبوضہ جموں و کشمیر کے حوالے سے انہوں نے متعلقہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق تنازع کے پرامن حل کے لیے پاکستان کے مؤقف کا اعادہ کیا۔
اسحاق ڈار نے اس بات پر بھی زور دیا کہ افغان سرزمین کسی بھی ملک، بالخصوص پاکستان کے خلاف دہشت گردانہ سرگرمیوں کے لیے استعمال نہیں ہونی چاہیے۔
سندھ طاس معاہدے کے حوالے سے انہوں نے معاہدے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے اسے یکطرفہ طور پر غیر مؤثر قرار دینے کے بھارتی اقدام کو بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ مشترکہ آبی وسائل کو بطور ہتھیار استعمال کرنے کی کوشش پاکستان کی آبی، غذائی اور توانائی کی سلامتی کے لیے خطرہ ہے۔
قبل ازیں اسحاق ڈار نے دفتر خارجہ میں پرتگالی وزیر خارجہ پاؤلو رانگل سے ون آن ون ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور اقوام متحدہ اور یورپی یونین کے فورمز پر تعاون کا جائزہ لیا گیا۔
پاؤلو رانگل نے پاکستان کے ساتھ تعلقات مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا، اقوام متحدہ میں پاکستان کی حمایت پر شکریہ ادا کیا اور دونوں ممالک کے تعلقات کے فروغ میں پاکستانی تارکین وطن کے کردار کو سراہا۔
























Comments