سرکاری گندم کی قیمت 4 ہزار 500 روپے فی 40 کلوگرام مقرر
- پنجاب میں گندم کے اجرا اور آٹے کی تقسیم کا حکم آج سے نافذ العمل ہوگا
پنجاب حکومت نے گندم کے اجرا اور آٹے کی تقسیم کا حکم نامہ 2026 جاری کر دیا، جس کا اطلاق آج اتوار 22 نومبر سے ہوگا۔ محکمہ تحفظ خوراک و صارفین کے مطابق صوبائی کابینہ کی منظوری کے بعد اس حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے۔
محکمے کے ترجمان نے بتایا کہ سرکاری گندم کی قیمت 4 ہزار 500 روپے فی 40 کلوگرام مقرر کی گئی ہے، جبکہ سرکاری گندم سے تیار کردہ 10 کلو آٹے کا تھیلا 1275 روپے میں دستیاب ہوگا۔
نئے حکم نامے کے تحت سرکاری گندم صرف منظور شدہ اور فعال فلور ملز اور لائسنس یافتہ آٹا چکیوں کو جاری کی جائے گی۔ گندم حاصل کرنے کے لیے فلور ملز اور آٹا چکیوں کو متعلقہ ضلعی فوڈ کنٹرولرز کے ساتھ معاہدے کرنا ہوں گے۔
ترجمان کے مطابق گندم کا اجرا مقررہ بینک اکاؤنٹس میں پیشگی رقم جمع کرانے اور اس کی تصدیق سے مشروط ہوگا۔ سرکاری گندم سے تیار آٹے کی فروخت سے حاصل ہونے والی رقم کی روزانہ تصدیق بھی لازمی قرار دی گئی ہے۔
حکومت نے صوبے بھر کی فلور ملز کی پہلے سے منظور شدہ گندم پسائی کی استعداد برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے اور موجودہ منظور شدہ رولر باڈیز کی پسائی کی صلاحیت میں اضافے کی اجازت نہیں ہوگی۔




















Comments