پاکستان اور سویڈن کے درمیان دوطرفہ سرمایہ کاری معاہدے کو جدید بنانے کیلئے مذاکرات
- یہ اقدام دو طرفہ سرمایہ کاری کے تعلقات کو منظم کرنے والے فریم ورک کو اپ ڈیٹ کرنے کی جانب ایک اہم سنگِ میل ہے، ایس آئی ایف سی
پاکستان اور سویڈن نے 1981ء کے دوطرفہ سرمایہ کاری معاہدے (بی آئی ٹی) کو جدید معاشی تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے اور باہمی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے نیا فریم ورک تشکیل دینے کے سلسلے میں مذاکرات کیے ہیں۔
اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل نے ہفتے کو بتایا کہ پاکستان اور سویڈن کے درمیان 1981 کے دو طرفہ سرمایہ کاری کے معاہدے کو جدید بنانے کے لیے مذاکرات اسلام آباد میں منعقد ہوئے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ اقدام دو طرفہ سرمایہ کاری کے تعلقات کو منظم کرنے والے فریم ورک کو اپ ڈیٹ کرنے کی جانب ایک اہم سنگِ میل ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ افتتاحی اجلاس میں دونوں ممالک کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی جو معاشی تعاون کو فروغ دینے اور سرمایہ کاری کے روابط کو مزید آسان بنانے کے لیے ان کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
مذاکرات کے دوران سیکرٹری ایس آئی ایف سی جمیل احمد قریشی نے دورے پر آئے ہوئے سویڈش وفد کا خیرمقدم کیا اور باہمی طور پر مفید معاشی تعلقات کو فروغ دینے میں ان مذاکرات کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے ایک ایسے جدید سرمایہ کاری فریم ورک کی تشکیل کی اہمیت کو اجاگر کیا جو بدلتی ہوئی معاشی ترجیحات سے ہم آہنگ ہو اور دو طرفہ سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول فراہم کرے۔
پاکستان میں تعینات سویڈن کے سفیر، جنہوں نے سویڈش وفد کی قیادت کی نے پاکستان کی تعمیری شمولیت کو سراہا اور خاص طور پر پائیدار سرمایہ کاری، جدت طرازی (انوویشن) اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے شعبوں میں پاکستان کے ساتھ معاشی روابط کو وسعت دینے میں سویڈن کی دلچسپی کا اعادہ کیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں ممالک کی تکنیکی ٹیموں نے معاہدے کے مسودے کی اہم شقوں پر نمایاں پیشرفت کی ہے جو مذاکرات کرنے والے فریقین کے درمیان تعمیری شمولیت اور مسلسل تعاون کی عکاسی کرتی ہے۔




















Comments