پرتگال کے وزیر مملکت برائے امور خارجہ پاؤلو رینجل نے عالمی امن کے قیام میں پاکستان کے کردار کو فیصلہ کن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی برادری تنازعات کے حل اور امن و خوشحالی کے فروغ کے لیے پاکستان سے امیدیں وابستہ کیے ہوئے ہے۔
رینجل نے اتوار کو اسلام آباد میں سرکاری ٹیلی ویژن سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کو پاکستان کی ضرورت ہے۔ گزشتہ چند ماہ کے دوران یہ واضح ہوا ہے کہ عالمی امن کے لیے پاکستان کا کردار فیصلہ کن اہمیت رکھتا ہے۔ عالمی برادری کو امید ہے کہ پاکستان دنیا بھر کے عوام کو امن اور خوشحالی کے حصول میں مدد فراہم کرے گا۔
ان کا اشارہ امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کی راہ ہموار کرنے کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کی جانب تھا۔
رینجل دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے اور اقتصادی تعاون کو وسعت دینے کے مقصد سے دو روزہ سرکاری دورے پر اتوار کو پاکستان پہنچے۔
یہ دورہ 22 سے 23 نومبر تک جاری رہے گا جو نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی دعوت پر کیا جارہا ہے۔ دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان پہنچنے پر پرتگالی وزیر کا استقبال ایڈیشنل سیکریٹری یورپ سفیر عائشہ علی نے کیا۔
پیر کو رینجل وفد کی سطح پر مذاکرات کے لیے اسلام آباد میں دفتر خارجہ پہنچے جہاں نائب وزیراعظم نے اپنے پرتگالی ہم منصب کا استقبال کیا۔
دونوں فریق دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لے رہے ہیں اور تجارت و سرمایہ کاری میں تعاون بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کررہے ہیں۔
مذاکرات میں زراعت، بالخصوص زیتون کی کاشت اور پراسیسنگ، قابلِ تجدید توانائی، بحری رابطوں، ہجرت اور تعلیم کے شعبوں میں تعاون بھی زیرِ بحث ہے۔
رینجل کے ہمراہ کاروباری شخصیات کا ایک وفد بھی پاکستان آیا ہے جو پہلے پاک پرتگال بزنس فورم میں شرکت کرے گا۔ اس فورم سے دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے کے مواقع تلاش کرنے کے لیے ایک پلیٹ فارم فراہم ہونے کی توقع ہے۔
اس دورے سے دونوں ممالک کے درمیان روابط مزید مضبوط ہونے اور تعاون کے نئے شعبوں کی نشاندہی میں مدد ملنے کی توقع ہے۔





















Comments