ایس ای سی پی نے دو نئی رئیٹ اسکیمیں رجسٹر کرلیں
- رئیٹ اسکیمیں رئیل اسٹیٹ کے شعبے میں منظم سرمایہ کاری اور نئے مواقع فراہم کرنے کا مؤثر ذریعہ ہیں، ڈاکٹر کبیر احمد سدھو
سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے رئیل اسٹیٹ انویسٹمنٹ ٹرسٹ (آر ای آئی ٹی) کی دو نئی اسکیموں اے ٹی ایم ٹی ڈوئل رئیٹ سیریز 1 اور امپیریئم ٹاور رئیٹ اسکیم کی رجسٹریشن کرلی ہے جس کے بعد ملک میں ایسی اسکیموں کی مجموعی تعداد 31 ہوگئی ہے۔
بیان کے مطابق اے ٹی ایم ٹی ڈوئل رئیٹ سیریز ون ایک ہائبرڈ اسکیم ہے جس میں اسلام آباد میں پراپرٹی ڈیولپمنٹ اور کرائے سے آمدن دونوں سرگرمیاں شامل ہیں جبکہ امپیریئم ٹاور رئیٹ اسکیم کرایے پر مبنی ہے جو اسپیشل پرپز وہیکل (ایس پی وی) کے ذریعے لاہور میں کمرشل رئیل اسٹیٹ میں سرمایہ کاری کرتی ہے۔
اس اضافے کے بعد پاکستان کے رئیٹ شعبے میں رجسٹرڈ اسکیموں کی تعداد 31 اور لائسنس یافتہ رئیٹ مینجمنٹ کمپنیوں کی تعداد 43 ہوگئی ہے۔ ان میں سے سات اسٹاک ایکسچینج میں لسٹڈ ہیں جبکہ 21 شرعی اصولوں کے مطابق کام کر رہی ہیں۔ 30 ستمبر 2026 تک اس شعبے کے مجموعی اثاثوں کی مالیت 275.85 ارب روپے تھی۔
چیئرمین ایس ای سی پی ڈاکٹر کبیر احمد سدھو نے کہا کہ رئیٹ اسکیمیں رئیل اسٹیٹ کے شعبے میں منظم سرمایہ کاری اور نئے مواقع فراہم کرنے کا مؤثر ذریعہ ہیں۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ایس ای سی پی شفافیت، بہترین طرزِ حکمرانی اور سرمایہ کاروں کے تحفظ پر مبنی ضابطہ جاتی نظام کے ذریعے اس شعبے کے فروغ کے لیے اقدامات جاری رکھے گا۔





















Comments