انسٹاگرام اکاؤنٹس کی بندش، کانگریس کا میٹا دفاتر کے باہر احتجاج
- میٹا کا احتجاج پر تبصرہ کرنے سے گریز
بھارت کی مرکزی اپوزیشن جماعت کانگریس کے یوتھ ونگ کے کارکنوں نے میٹا کے دفاتر کے باہر احتجاج کے دوران پولیس سے جھڑپ کی۔ گروپ کی جانب سے ہفتے کو جاری کردہ ویڈیو کے مطابق کارکنوں نے بعض ارکان کے انسٹاگرام اکاؤنٹس بند کیے جانے کے خلاف مظاہرہ کیا۔
میٹا نے احتجاج پر تبصرہ کرنے سے گریز کیا۔ صارفین کی تعداد کے لحاظ سے کمپنی کی سب سے بڑی مارکیٹ بھارت میں بااثر سیاسی گروپ کی جانب سے یہ احتجاج معاملے کی شدت میں اضافے کی عکاسی کرتا ہے۔ بھارت میں وزیراعظم نریندر مودی کی حکومت کی جانب سے ناپسندیدہ سوشل میڈیا مواد ہٹانے کے لیے سخت اقدامات کے باعث آزادیٔ اظہار کو لاحق ممکنہ خطرات پر بحث شدت اختیار کر رہی ہے۔
مودی حکومت کا مؤقف ہے کہ مواد ہٹانے کے احکامات صرف اسی صورت میں دیے جاتے ہیں جب کوئی مواد مقامی قوانین کی خلاف ورزی کرے یا عوامی تحفظ اور قومی سلامتی کے لیے خطرہ بنے۔ دوسری جانب کانگریس طویل عرصے سے میٹا اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر الزام عائد کرتی رہی ہے کہ وہ مودی حکومت کی حمایت کرتے ہوئے پارٹی کے اکاؤنٹس ہٹانے اور آن لائن اختلافی آوازوں کو دبانے میں کردار ادا کر رہے ہیں۔
میٹا کا کہنا ہے کہ وہ مقامی قوانین کی تعمیل کے لیے بھارت میں بعض مواد کو محدود کرتا ہے۔
مودی کی جماعت کا کانگریس پر توڑ پھوڑ کا الزام
مودی کی حکمراں جماعت کے ترجمان پردیپ بھنڈاری نے ہفتے کو کانگریس کے اقدامات پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کارکنوں نے نہ صرف حیدرآباد میں میٹا کے دفتر میں توڑ پھوڑ کی اور اسے نقصان پہنچایا بلکہ سوشل میڈیا پر اس کا فخریہ اظہار بھی کر رہے ہیں۔
انہوں نے لکھا کہ یہ کانگریس کا طرزِ عمل ہے کہ نجی کمپنیوں کے دفاتر میں توڑ پھوڑ کی جائے۔
بھارت کی وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی نے اس معاملے پر تبصرے کے لیے بھیجی گئی درخواستوں کا فوری جواب نہیں دیا۔
بھارتی یوتھ کانگریس کے ایکس اکاؤنٹ پر جاری کی گئی ویڈیو کے مطابق جمعہ کو حیدرآباد میں پلے کارڈز اٹھائے مظاہرین نے نعرے لگاتے ہوئے میٹا کے دفاتر پر مشتمل عمارت میں دھاوا بول دیا، گملے توڑ کر زمین پر پھینکے اور پولیس کے ساتھ جھڑپ کی۔
ایک دوسری ویڈیو میں کانگریس کے کارکنوں کو ممبئی میں میٹا کے دفتر والی عمارت کے باہر دیواروں پر میٹا مخالف نعرے تحریر کرتے اور انہیں روکنے کی کوشش کرنے والے سکیورٹی گارڈز سے الجھتے ہوئے دکھایا گیا۔ نئی دہلی کے قریب گروگرام میں بھی کانگریس کے کارکنوں نے نعرے لگائے اور ایسے بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر یوتھ کانگریس کے اکاؤنٹس بحال کرو کے نعرے درج تھے۔ سرکاری آن لائن پوسٹس میں یہ مناظر سامنے آئے۔
بھارتی یوتھ کانگریس نے ایکس پر خبردار کیا کہ اگر اس کے رہنماؤں کے انسٹاگرام اکاؤنٹس بحال نہ کیے گئے تو وہ ملک بھر میں میٹا کے دفاتر پر دھاوا بولے گی اور احتجاجی مظاہرے کرے گی۔




















Comments