آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن (اپٹما) اور جرمن امپورٹرز ایسوسی ایشن (وی ایف آئی) نے پاکستان اور جرمنی کے درمیان دوطرفہ تجارت کے فروغ کے لیے اقدامات کرنے پر اتفاق کیا جس میں پائیداری سے متعلق رپورٹنگ کے نظام کو بہتر بنانے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔
یہ اتفاقِ رائے وی ایف آئی کے منیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر مائیکل آرٹز، فروٹ آف سسٹین ایبلٹی (ایف او ایس) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر صارم محمود اور ایف او ایس میں خصوصی منصوبوں کی ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر سمن اسلم کے اپٹما کے دورے کے موقع پر طے پایا۔ اپٹما کے چیئرمین اسد شفیع، سینئر ارکان اور سیکریٹری جنرل محمد رضا باقر نے وفد کا خیرمقدم کیا۔
ڈاکٹر آرٹز نے کہا کہ جرمنی پاکستان جیسی درمیانے درجے کی معیشتوں کے ساتھ تجارتی تعلقات کو مزید مستحکم کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے پاکستان کی ٹیکسٹائل صنعت اور اپٹما کے ارکان کی جانب سے ضابطوں پر عملدرآمد کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے بتایا کہ جرمن حکومت کے مالی تعاون سے چلنے والی وی ایف آئی بیرون ملک برآمد کنندگان اور جرمن درآمد کنندگان کی معاونت کرتی ہے اور 300 سے زائد کمپنیوں کی نمائندگی کرتی ہے۔ چین میں ٹیکسٹائل شعبے کی بدلتی صورتحال کے پیش نظر وی ایف آئی پاکستان کے ساتھ کام کرنے کو ترجیح دے گی۔ انہوں نے کہا کہ ادارے کی عمومی خدمات مفت فراہم کی جاتی ہیں تاہم خصوصی رپورٹس کیلئے فیس وصول کی جاتی ہے۔
اسد شفیع نے کہا کہ جی ایس پی پلس کی سہولت پاکستان کو بنگلہ دیش اور سری لنکا کے ساتھ مسابقت میں مدد فراہم کرتی ہے، جبکہ یورپی یونین کی منڈی میں 78 فیصد مصنوعات کو ڈیوٹی فری رسائی حاصل ہے۔ 2013ء سے یورپی یونین کو پاکستان کی برآمدات میں 73 فیصد جبکہ جرمنی کے لیے برآمدات میں 40 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اپٹما کے ارکان جی ایس پی پلس کی 27 کنونشنز پر عملدرآمد کرتے ہیں اور ایس اے 8000 اور اوکو ٹیکس جیسے معیارات کی پابندی بھی کرتے ہیں۔ ٹیکسٹائل صنعت فوسل ایندھن کے استعمال سے بتدریج متبادل ترجیحی ریشوں کی جانب منتقل ہو رہی ہے جبکہ صنعتی فضلے اور پانی کی صفائی کے پلانٹس بھی نصب کیے جا رہے ہیں۔

























Comments