سوارم الیکٹریفکیشن سے توانائی کی منتقلی عوامی ضروریات سے ہم آہنگ ہوسکتی ہے، ماہرین
- پاکستان میں تقسیم شدہ قابل تجدید توانائی، بالخصوص گھروں کی چھتوں پر نصب سولر سسٹمز کا پھیلاؤ صارفین کی طلب کے باعث تیزی سے بڑھ رہا ہے
وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی ہم آہنگی ڈاکٹر شذرہ منصب علی خان کھرل نے کہا ہے کہ توانائی کی منتقلی کو عوام کی روزمرہ ضروریات سے الگ کرکے نہیں دیکھا جانا چاہیے اور یہ کہ سوارم الیکٹریفکیشن جیسے طریقہ کار اس بات کا جائزہ لینے کا موقع فراہم کرتے ہیں کہ کمیونٹی کی سطح پر توانائی کے نظام کے ذریعے موجودہ قابل تجدید توانائی کے وسائل کو کس طرح بہتر طور پر استعمال کیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے یہ بات ’توانائی میں مساوات، ماحولیاتی انصاف اور منصفانہ توانائی کی منتقلی کے لیے سوارم الیکٹریفکیشن کو فروغ دینا‘ کے عنوان سے منعقدہ ایک تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔ یہ تقریب پالیسی ریسرچ انسٹی ٹیوٹ فار ایکویٹیبل ڈیولپمنٹ کے زیر اہتمام منعقد کی گئی تھی، جس کے مطابق یہ تفصیلات ایک پریس بیان میں جاری کی گئیں۔
پاکستان میں تقسیم شدہ قابل تجدید توانائی، بالخصوص گھروں کی چھتوں پر نصب سولر سسٹمز کا پھیلاؤ صارفین کی طلب کے باعث تیزی سے بڑھ رہا ہے۔ تاہم ان غیر مرکزی توانائی وسائل کو کمیونٹی کی سطح پر مربوط توانائی کے نظام میں شامل کرنے کے مؤثر طریقہ کار کی عدم موجودگی ان کی وسیع تر صلاحیت سے استفادے کی راہ میں رکاوٹ ہے۔
سوارم الیکٹریفکیشن اس کمی کو دور کرتا ہے، جس کے تحت پہلے سے نصب چھتوں پر موجود سولر سسٹمز، بیٹری اسٹوریج اور انورٹرز کو آپس میں منسلک کرکے غیر مرکزی اور کمیونٹی پر مبنی توانائی کے نیٹ ورکس تشکیل دیے جاتے ہیں، جس سے گھروں اور کاروباری اداروں کو اضافی بجلی ایک دوسرے کے ساتھ شیئر کرنے کی سہولت ملتی ہے۔
یہ طریقہ کار روزگار اور آمدنی کے نئے مواقع پیدا کرنے، بجلی کو زیادہ قابل برداشت بنانے، مقامی سطح پر توانائی کے نظام کی استعداد اور بحرانوں سے نمٹنے کی صلاحیت مضبوط کرنے اور صاف توانائی تک رسائی بڑھانے میں مدد دے سکتا ہے، بالخصوص دیہی، بنیادی سہولیات سے محروم اور موسمیاتی تبدیلی کے خطرات سے دوچار آبادیوں کے لیے۔
تقریب کا آغاز ریسرچ انسٹی ٹیوٹ میں توانائی کی منتقلی سے متعلق محقق آمنہ شہاب کی تحقیقی پریزنٹیشن سے ہوا، جس کا عنوان ’پاکستان میں سوارم الیکٹریفکیشن: کمیونٹی کی قیادت میں توانائی کی شراکت کے امکانات سے استفادہ‘ تھا۔ انہوں نے کہا کہ توانائی کی منتقلی کا مستقبل صرف زیادہ صاف بجلی پیدا کرنے تک محدود نہیں ہونا چاہیے بلکہ اس کا مقصد توانائی کے نظام کو زیادہ قابل رسائی، زیادہ جمہوری اور زیادہ منصفانہ بنانا بھی ہونا چاہیے۔
اس کے بعد ماہرین کے ایک پینل نے تکنیکی امکانات، بجلی کے قومی گرڈ میں انضمام اور موسمیاتی فنانسنگ کا جائزہ لیا، جس میں سوارم گرڈز کو بڑے پیمانے پر فروغ دینے کے لیے درکار طریقہ کار بھی شامل تھے۔ ان میں صارفین کے درمیان براہ راست بجلی کی خرید و فروخت، تقسیم شدہ توانائی کے وسائل کی رجسٹریشن، بجلی کے گرڈ کے ساتھ مطابقت اور قومی توانائی و موسمیاتی منصوبہ بندی میں ان کا انضمام شامل ہیں۔
آمنہ شہاب کے مطابق اس موقع پر جدید موسمیاتی فنانسنگ کے ذرائع متحرک کرنے پر بھی خصوصی توجہ دی گئی، جن میں قابل اعتماد اخراج کا حساب کتاب اور کمیونٹی کے درمیان فوائد کی منصفانہ تقسیم کے طریقہ کار کے تحت اعلیٰ معیار کی کاربن مارکیٹس بھی شامل ہیں۔
سسٹین ایبل ڈیولپمنٹ پالیسی انسٹی ٹیوٹ (ایس ڈی پی آئی) کے ریسرچ فیلو ڈاکٹر خالد ولید نے کہا کہ اگرچہ یہ طریقہ کار بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے لیے نہیں ہے اور معاشی اعتبار سے ان پر اثر انداز ہو سکتا ہے، تاہم کمیونٹیز اس کی طرف منتقل ہوں گی اور سولر کے تیزی سے پھیلاؤ کی طرح سوارم الیکٹریفکیشن کو بھی اپنائیں گی۔ کمیونٹی کی قیادت میں توانائی کی اس شراکت سے بجلی کے شعبے کا منظرنامہ تبدیل ہو جائے گا اور لوگوں کو صاف توانائی تک آسان رسائی حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔
سولر سٹیزنز کی گلوبل ایڈووکیسی ڈائریکٹر کیٹ لی نے کہا کہ وہ آسٹریلیا کے لیے بھی اسی نوعیت کا ایک منصوبہ شروع کرنے جا رہے ہیں۔ سولر نے توانائی کے شعبے کا منظرنامہ تبدیل کر دیا ہے اور ان میں سے کچھ ماڈلز آسٹریلیا میں پہلے ہی محدود پیمانے پر اپنائے جا چکے ہیں۔
ایشیا پیسیفک موومنٹ آن ڈیبٹ اینڈ ڈیولپمنٹ کی کوآرڈینیٹر اور سینئر پروگرام منیجر لیڈی نیکپل نے کہا کہ گلوبل نارتھ کا خیال ہے کہ گلوبل ساؤتھ منصفانہ توانائی کی منتقلی کے ذریعے قابل تجدید توانائی اپنانے کے لیے زیادہ پُرعزم نہیں ہے، تاہم یہ درست نہیں۔ انہیں قرضوں پر مبنی مالی معاونت کے بجائے گرانٹس کی ضرورت ہے۔
ہانس زائیڈل فاؤنڈیشن کے مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ (مینا) کے علاقائی کوآرڈینیٹر باسم سوئیسی نے کہا کہ لبنان، مصر اور مشرق وسطیٰ و شمالی افریقہ کے خطے میں پہلے ہی اس نوعیت کے حل اپنائے جا چکے ہیں، تاہم ان پر کامیابی سے عمل درآمد کے لیے علم اور تجربات کا تبادلہ اہم ہے۔ ہمارے پاس گلوبل سسٹین ایبلٹی ہب کے نام سے ایک نیٹ ورک موجود ہے، جہاں ہم باہمی تعاون کرتے ہیں، معلومات اور تجربات کا تبادلہ کرتے ہیں اور معلومات فراہم کرتے ہیں۔
اپنے اختتامی کلمات میں ڈاکٹر شذرہ منصب علی خان کھرل نے کہا کہ جب ممالک توانائی کے تحفظ، اقتصادی ترقی اور موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں تو ایسے حل تلاش کرنے کا عمل جاری رکھنا اہم ہے جو ان تمام ترجیحات کو بیک وقت پورا کریں۔
انہوں نے کہا کہ کمیونٹی کی سطح پر توانائی کے ماڈلز اس صلاحیت کے باعث قابل غور ہیں کہ وہ مقامی توانائی کی ضروریات کو وسیع تر قومی اور ماحولیاتی ترجیحات سے منسلک کر سکتے ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ کمیونٹیز کا تحفظ یقینی بنایا جانا چاہیے، ان کے مفادات کو تسلیم کیا جانا چاہیے اور فیصلہ سازی میں ان کی شرکت یقینی بنائی جانی چاہیے۔ توانائی کے نئے ماڈلز کے فوائد صرف بنیادی ڈھانچے اور سرمایہ کاری تک محدود نہیں رہنے چاہئیں بلکہ ان لوگوں تک بھی پہنچنے چاہئیں جن کی خدمت کے لیے یہ ماڈلز متعارف کرائے جا رہے ہیں۔
انہوں نے ایسے اقدامات کی معاونت کے لیے درکار پالیسی فریم ورک کا جائزہ لینے کی ضرورت پر زور دیا، جن میں ضابطہ جاتی انتظامات، ادارہ جاتی رابطہ کاری، مالیاتی طریقہ کار اور ایسے حفاظتی اقدامات شامل ہیں جو فوائد کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنائیں۔
انہوں نے کہا کہ توانائی کی منتقلی کے حوالے سے ہمارا طریقہ کار عملی اور متوازن ہونا چاہیے۔ ہمیں ایسے حل درکار ہیں جو عوام کے لیے مؤثر ثابت ہوں، قومی توانائی کے نظام کو مضبوط کریں، اقتصادی ترقی میں معاون ہوں اور ماحولیاتی اعتبار سے پائیدار ہوں۔

























Comments