پی ٹی اے نے دورانِ پرواز انٹرنیٹ سروسز کے لیے لائسنسنگ کے فریم ورک کو حتمی شکل دے دی
- ’’لائسنس یافتہ کمپنیوں کو پاکستانی رجسٹرڈ طیاروں میں سیٹلائٹ کے ذریعے انٹرنیٹ اور مواصلاتی سہولیات فراہم کرنے کی اجازت ہوگی‘‘
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے سیٹلائٹ کے ذریعے دورانِ پرواز ٹیلی کمیونیکیشن سروسز کی فراہمی کے لیے لائسنسنگ فریم ورک حتمی شکل دے دی ہے، جس سے طیاروں میں انٹرنیٹ اور دیگر مواصلاتی سہولیات کی فراہمی کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔
پی ٹی اے نے منگل کے روز جاری کردہ ایک پریس ریلیز میں کہا ہے کہ لائسنس یافتہ سروس فراہم کنندگان کو پاکستانی رجسٹرڈ طیاروں میں دورانِ پرواز رابطے کی سہولت فراہم کرنے کے لیے سیٹلائٹس استعمال کرنے کی اجازت ہوگی، تاہم اس کے لیے پاکستان اسپیس ایکٹیویٹیز ریگولیٹری بورڈ (پی ایس اے آر بی) کے ساتھ رجسٹریشن اور اتھارٹی کی لائسنسنگ شرائط پر عمل درآمد لازمی ہوگا۔
تاہم پاکستانی فضائی حدود سے گزرنے والے طیاروں کو متعلقہ ضابطہ جاتی تقاضوں کے تحت پی ٹی اے سے عدم اعتراض کا سرٹیفکیٹ (این او سی) حاصل کرنا ہوگا۔
ان خدمات کے آغاز سے مسافروں کو دورانِ پرواز انٹرنیٹ، ڈیجیٹل سروسز، تفریح اور مواصلات کی سہولیات تک رسائی حاصل ہوگی۔ اس کے علاوہ وہ سفر کے دوران اپنے پیشہ ورانہ امور بھی انجام دے سکیں گے۔
اس اقدام کا مقصد زمینی ٹیلی کمیونیکیشن نیٹ ورکس سے آگے پاکستان میں ڈیجیٹل رابطوں کا دائرہ وسیع کرنا اور فضائی سفر کے دوران مسافروں کے تجربے کو بہتر بنانا ہے۔



















Comments