روس کے یوکرین پر میزائل اور ڈرون حملے، بچوں سمیت 32 افراد ہلاک
- روس نے رات کے دوران یوکرین پر 70 میزائل، جن میں متعدد تیز رفتار بیلسٹک میزائل شامل تھے، یوکرینی صدر
روس نے بدھ کے روز یوکرین پر میزائلوں اور ڈرونز کی متعدد لہروں میں حملے کیے، جنہیں یوکرینی صدر ولودیمیر زیلنسکی نے روس کے انتہائی سفاک حملوں میں سے ایک قرار دیا۔ حملوں میں بچوں سمیت کم از کم 32 افراد ہلاک اور صنعتی تنصیبات و توانائی کا بنیادی ڈھانچہ متاثر ہوا۔
یوکرین کے شمالی علاقے چرنی ہیف کے شہر پریلوکی میں ایک روسی میزائل نے پانچ منزلہ رہائشی عمارت کو تباہ کردیا، جہاں سب سے زیادہ جانی نقصان ہوا۔ یوکرین کی ایمرجنسی سروس کے مطابق جمعرات کی صبح تک پریلوکی میں ہلاکتوں کی تعداد 22 ہوگئی تھی۔ دارالحکومت کیف میں ایک رہائشی عمارت پر روسی فضائی حملے کے نتیجے میں مزید چار افراد ہلاک ہوئے۔
زیلنسکی نے بتایا کہ روس نے رات کے دوران یوکرین پر 70 میزائل، جن میں متعدد تیز رفتار بیلسٹک میزائل شامل تھے، اور درجنوں شاہد ڈرونز داغے۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں تقریباً 100 افراد زخمی ہوئے۔
روس کی وزارت دفاع نے حملوں کو بڑے پیمانے کی کارروائی قرار دیتے ہوئے کہا کہ فوجی صنعتی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔ یوکرینی فضائیہ کے مطابق روس کی جانب سے داغے گئے 46 جیٹ انجن والے ڈرونز میں سے 80 فیصد سے زائد کو مار گرایا گیا۔
زیلنسکی نے کہا کہ بیلسٹک میزائل اب بھی یوکرین کے لیے سب سے بڑا چیلنج ہیں اور ملک مزید پیٹریاٹ دفاعی نظام حاصل کرنے کی کوشش کررہا ہے۔ ادھر کیف کے شہریوں نے رات کے دوران روسی حملوں سے بچنے کے لیے زیر زمین میٹرو اسٹیشنوں میں پناہ لی۔























Comments