پیٹرول کی قیمت میں 1 روپے 82 پیسے فی لیٹر اضافہ، ڈیزل 91 پیسے سستا
- نئی قیمتیں 8 اکتوبر کیلئے نافذ العمل ہوں گی
حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 1 روپے 82 پیسے فی لیٹر اضافہ کردیا، جس کے بعد نئی قیمت 396 روپے 65 پیسے فی لیٹر ہوگئی، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 91 پیسے فی لیٹر کم کرکے 394 روپے 94 پیسے کردی گئی۔ نئی قیمتیں 8 اکتوبر 2026 کیلئے نافذ العمل ہوں گی۔
پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے حکومت کے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کے طریقہ کار کے تحت پیٹرولیم مصنوعات کی ایکس ڈپو قیمتوں میں نظرثانی کی ہے۔

پیٹرولیم ڈویژن نے مزید بتایا کہ عالمی مارکیٹ میں قیمتوں، پلاٹس ریٹس، پریمیم اور دیگر متعلقہ اخراجات میں تبدیلیوں کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر نظرثانی کی گئی ہے۔
حکومت کے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کے طریقہ کار کے تحت نئی قیمتیں 8 اکتوبر 2026 سے نافذ العمل رہیں گی۔
منگل کو وفاقی حکومت نے ڈیزل کی قیمت میں 1 روپے 91 پیسے فی لیٹر کمی کرکے 395 روپے 85 پیسے کردی تھی، جبکہ پیٹرول کی قیمت میں 1 روپے 19 پیسے فی لیٹر اضافہ کرکے 394 روپے 83 پیسے کردی گئی تھی۔
دریں اثنا، بدھ کو تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا اور برینٹ خام تیل کے مستقبل کے سودے 100 ڈالر فی بیرل سے زائد پر برقرار رہے۔ سرمایہ کار امریکی خام تیل کے ذخائر میں اچانک کمی، جنگ کے باعث عالمی سطح پر سپلائی میں رکاوٹوں اور امریکی تیل پیدا کرنے والے علاقوں کی جانب بڑھنے والے طوفان کے باعث پیدا ہونے والے سپلائی خدشات کا جائزہ لے رہے تھے۔
مشرقی وقت کے مطابق صبح 10 بج کر 52 منٹ (1452 جی ایم ٹی) پر برینٹ خام تیل کے مستقبل کے سودے 1.29 ڈالر یا 1.28 فیصد اضافے سے 101.87 ڈالر فی بیرل ہوگئے۔ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) خام تیل کی قیمت 22 سینٹ یا 0.25 فیصد اضافے سے 89.66 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔
امریکی انرجی انفارمیشن ایڈمنسٹریشن نے بتایا کہ گزشتہ ہفتے امریکا میں خام تیل اور ڈسٹلیٹ کے ذخائر میں کمی ہوئی، جبکہ پٹرول کے ذخائر میں اضافہ ہوا۔
ایجنسی کے مطابق 2 اکتوبر کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران خام تیل کے ذخائر 32 لاکھ بیرل کم ہوکر 42 کروڑ 41 لاکھ بیرل رہ گئے، جبکہ رائٹرز کے سروے میں تجزیہ کاروں نے ذخائر میں 17 لاکھ بیرل اضافے کی توقع ظاہر کی تھی۔























Comments