امریکی شرح سود میں اضافے کے خدشات، سونے کی قیمت میں کمی
- اسپاٹ گولڈ کی قیمت 0.5 فیصد کمی سے 4,405.47 ڈالر فی اونس رہی
عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں پیر کو معمولی کمی ریکارڈ کی گئی، کیونکہ امریکا کے مضبوط روزگار کے اعداد و شمار نے شرح سود میں اضافے کے امکانات کو تقویت دی، جبکہ سرمایہ کار رواں ہفتے جاری ہونے والے اہم امریکی افراط زر کے اعداد و شمار کے منتظر ہیں تاکہ فیڈرل ریزرو کی آئندہ پالیسی کے حوالے سے مزید وضاحت حاصل ہوسکے۔
اسپاٹ گولڈ کی قیمت 0.5 فیصد کمی سے 4,405.47 ڈالر فی اونس رہی۔ جمعہ کو بھی سونے کی قیمت میں 1 فیصد کمی ہوئی تھی۔ امریکی گولڈ فیوچرز برائے دسمبر 0.5 فیصد کمی کے ساتھ 4,452.20 ڈالر فی اونس پر آگئے۔
جمعہ کو جاری اعداد و شمار کے مطابق اگست میں امریکی روزگار میں تیزی سے اضافہ ہوا، جبکہ بے روزگاری کی شرح 4.1 فیصد پر مستحکم رہی۔ اعداد و شمار سے امریکی لیبر مارکیٹ میں بہتری کے اشارے ملے ہیں، جس کے باعث رواں ماہ شرح سود میں اضافے کا امکان برقرار ہے۔
کے سی ایم ٹریڈ کے چیف مارکیٹ تجزیہ کار ٹم واٹرر نے کہا کہ روزگار کے اعداد و شمار توقعات سے بہتر رہے اور اس سے سونے پر دباؤ آیا، تاہم یہ ستمبر میں شرح سود میں اضافے کے لیے فیصلہ کن ثبوت نہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس ہفتے امریکی صارف قیمت اشاریہ (سی پی آئی) اصل اہمیت رکھتا ہے۔ جمعرات کو پروڈیوسر پرائس انڈیکس ( پی پی آئی) جبکہ جمعہ کو سی پی آئی کے اعداد و شمار جاری ہوں گے۔
سی ایم ای کے فیڈ واچ ٹول کے مطابق فیڈ کے 15 اور 16 ستمبر کے اجلاس میں شرح سود میں اضافے کا امکان 58.4 فیصد ہے۔
دریں اثنا، چاندی 0.2 فیصد کمی سے 66.03 ڈالر، پلاٹینم 0.8 فیصد کمی سے 1,805.53 ڈالر اور پیلیڈیم 0.7 فیصد کمی سے 1,396.08 ڈالر فی اونس ہوگیا۔
























Comments