عالمی بینک نے تربیلا ففتھ ایکسٹینشن ہائیڈرو پاور منصوبے پر پیش رفت کو تسلی بخش قرار دے دیا
- عالمی بینک کے مطابق یہ منصوبہ 2027 کے وسط سے بجلی کی پیداوار شروع کرنے کے لیے تیار کیا جا رہا ہے
عالمی بینک نے پاکستان کے تربیلا فورتھ ایکسٹینشن ہائیڈرو پاور منصوبے پر پیش رفت کو تسلی بخش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ جون 2026 میں منظور کیے گئے اضافی 300 ملین ڈالر کی مالی معاونت لاگت میں اضافے کے اثرات کو پورا کرنے اور اسٹریٹجک اہمیت کے حامل 1,530 میگاواٹ تربیلا ففتھ ایکسٹینشن ہائیڈرو پاور منصوبے (ٹی فائیو ایچ پی) کو مقررہ رفتار پر برقرار رکھنے میں مدد دے گی۔
عالمی بینک کے مطابق یہ منصوبہ 2027 کے وسط سے بجلی کی پیداوار شروع کرنے کے لیے تیار کیا جا رہا ہے، جس سے پاکستان کو کم لاگت قابل تجدید توانائی کی فراہمی میں نمایاں اضافہ ہوگا۔
عالمی بینک کی دستاویزات کے مطابق منصوبے کے ترقیاتی اہداف کے حصول اور مجموعی عملدرآمد کی پیش رفت کو تسلی بخش قرار دیا گیا ہے، تاہم منصوبے کے مجموعی خطرات کی درجہ بندی اب بھی اہم برقرار ہے۔
دستاویز کے مطابق تربیلا ففتھ ایکسٹینشن منصوبے کے لیے عالمی بینک سے 390 ملین ڈالر کا قرض اور ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک سے 300 ملین ڈالر کی معاونت حاصل کی جا رہی ہے۔
منصوبے کے سول ورکس اور الیکٹرو مکینیکل معاہدوں پر کام جاری ہے، جبکہ تربیلا سے بجلی کی ترسیل کے لیے 500 کلو وولٹ ٹرانسمیشن لائن کی تعمیر بھی جاری ہے جو بجلی کو اسلام آباد ویسٹ سب اسٹیشن تک منتقل کرے گی۔
عالمی بینک نے بتایا کہ مکمل ہونے والے تربیلا فورتھ ایکسٹینشن منصوبے سے قومی گرڈ میں پہلے ہی 1,410 میگاواٹ بجلی شامل ہو چکی ہے، جبکہ ففتھ ایکسٹینشن منصوبہ مزید 1,530 میگاواٹ بجلی فراہم کرے گا۔ منصوبہ مکمل ہونے کے بعد تربیلا سے پیدا ہونے والی اضافی قابل تجدید توانائی کی مجموعی صلاحیت 2,940 میگاواٹ تک پہنچ جائے گی۔
دستاویز کے مطابق تربیلا کمپلیکس کی نصب شدہ پیداواری صلاحیت منصوبے کے آغاز کے وقت 3,478 میگاواٹ تھی، جو فورتھ ایکسٹینشن مکمل ہونے کے بعد بڑھ کر 4,888 میگاواٹ ہوگئی ہے۔ ففتھ ایکسٹینشن کی تکمیل کے بعد یہ صلاحیت بڑھ کر 6,418 میگاواٹ تک پہنچنے کی توقع ہے۔
عالمی بینک کے مطابق تربیلا ففتھ پاور ہاؤس کے سول ورکس جاری ہیں، جبکہ پانی کے اخراج کے نظام میں تبدیلیاں اور الیکٹرو مکینیکل تنصیبات پر پیش رفت جاری ہے۔ فورتھ ایکسٹینشن کے تین پیداواری یونٹس پہلے ہی فعال ہیں، جبکہ ففتھ ایکسٹینشن کے سوئچ یارڈ اور ٹرانسمیشن انفراسٹرکچر پر کام شیڈول کے مطابق جاری ہے۔
بینک نے سماجی اور ماحولیاتی اقدامات میں بھی پیش رفت کو اجاگر کرتے ہوئے بتایا کہ 27 سماجی ترقیاتی منصوبے مکمل ہو چکے ہیں، جبکہ مزید 25 منصوبے زیرِ عمل ہیں۔ خواتین کو اب کمیونٹی ترقیاتی منصوبوں کی ترجیحات کے تعین میں شامل کیا جا رہا ہے اور نصف منصوبے خواتین کی نشاندہی کردہ ترجیحات کی عکاسی کرتے ہیں۔
عالمی بینک نے مزید کہا کہ منصوبے کا انتظام، تعمیراتی نگرانی اور آزاد مانیٹرنگ کا نظام فعال ہے، جبکہ واپڈا کو پروگرام کے تحت تکنیکی تربیت بھی فراہم کی جا رہی ہے۔
مالیاتی صورتحال کے مطابق مختلف فنانسنگ ذرائع کے تحت رقوم کا اجرا جاری ہے۔ عالمی بینک کا اصل قرض مکمل طور پر جاری کیا جا چکا ہے، جبکہ جون 2026 میں منظور کردہ اضافی فنانسنگ کا باضابطہ نفاذ ابھی شروع ہونا باقی ہے۔
منصوبے کی نظرثانی شدہ تکمیل کی مدت ستمبر 2029 مقرر کی گئی ہے۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2026





























Comments