زرعی شعبہ، وزیراعظم کا نئی چینی سرمایہ کاری کا خیرمقدم
- زراعت اور غذائی تحفظ کے شعبے میں چینی کمپنیوں کے ساتھ پاکستان کا تعاون ملک کے اناج ذخیرہ کرنے کے نظام کو جدید بنانے میں مددگار ثابت ہوگا، شہباز شریف
وزیراعظم شہباز شریف نے جمعرات کو کہا کہ زراعت اور غذائی تحفظ کے شعبے میں چینی کمپنیوں کے ساتھ پاکستان کا تعاون ملک کے اناج ذخیرہ کرنے کے نظام کو جدید بنانے میں مددگار ثابت ہوگا، تاہم اس کے ساتھ ٹیکنالوجی کی منتقلی اور مقامی افرادی قوت کی تربیت کو بھی یقینی بنایا جانا چاہیے۔
انہوں نے یہ بات چین کی معروف کمپنی فامسن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جیک چن کی سربراہی میں آنے والے وفد سے ملاقات کے دوران کہی، جس میں پاکستان کے اناج ذخیرہ کرنے کی سہولیات کو جدید بنانے کے منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان دیرینہ شراکت داری قائم ہے اور دونوں ممالک کے نجی شعبوں کے درمیان بڑھتا ہوا تعاون دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنائے گا۔
انہوں نے فامسن کی جانب سے موجودہ اناج ذخیرہ کرنے کے مراکز کو جدید سہولیات میں تبدیل کرنے کی تجویز کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے زرعی شعبے میں جدید ٹیکنالوجی متعارف کرانے اور تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔
شہباز شریف نے زور دیا کہ ایسے تمام منصوبوں میں مقامی افرادی قوت کی استعداد بڑھانے کے لیے تربیتی پروگرام اور ٹیکنالوجی کی منتقلی کو لازمی حصہ بنایا جائے تاکہ ملک میں مقامی مہارت پیدا ہو سکے۔
ملاقات کے دوران جیک چن نے کہا کہ ان کی کمپنی جدید ذخیرہ کاری کے نظام، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور تربیتی پروگراموں کے ذریعے پاکستان کی غذائی تحفظ کی صلاحیت بہتر بنانے میں دلچسپی رکھتی ہے۔
انہوں نے یاد دلایا کہ وزیراعظم کے حالیہ دورۂ چین کے دوران ان سے ہونے والی ملاقات نے پاکستان میں عملی منصوبوں پر بات چیت کی راہ ہموار کی۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ فامسن پاکستان میں گرین سائلوز (ماحول دوست اناج ذخیرہ کرنے کے جدید گوداموں) کے قیام کے لیے ایک ڈیمانسٹریشن سینٹر قائم کرے گی، جبکہ موجودہ ذخیرہ گاہوں کو بھی ماحول دوست جدید سائلو سسٹمز میں تبدیل کیا جائے گا۔
بریفنگ کے مطابق فامسن اور گرین پاکستان انیشیٹو کے درمیان زراعت اور غذائی تحفظ کے شعبے میں تعاون بڑھانے کے لیے مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر پہلے ہی دستخط کیے جا چکے ہیں۔
ملاقات میں وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ رانا تنویر حسین، وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال کیانی، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صنعت ہارون اختر اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
فامسن ایک چینی کمپنی ہے جو زرعی ٹیکنالوجی، جانوروں کی خوراک کی تیاری اور فوڈ پروسیسنگ کے جدید حل فراہم کرنے کے شعبوں میں کام کرتی ہے۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2026






















Comments