پاک فوج کی افغانستان میں فضائی کارروائی، 22 دہشتگرد ہلاک
- دہشتگردوں کے ٹھکانوں میں ذخیرہ کیا گیا بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی تباہ کردیا گیا
پاک فوج نے افغانستان میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر کامیاب فضائی کارروائی کرتے ہوئے 22 دہشت گردوں کو جہنم واصل کردیا ۔
آپریشن غضب لِلحق کے تسلسل میں افغانستان میں فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے دہشتگرد ٹھکانوں پر فضائی کارروائیاں جاری ہیں۔
وزارتِ اطلاعات کے مطابق پاک فوج نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے دہشت گرد گروہوں کے دو ٹھکانوں کو درستگی سے نشانہ بنایا۔
وزارتِ اطلاعات و نشریات نے تصدیق کی کہ پاک فوج کی مؤثر فضائی کارروائیوں میں 22 دہشت گرد جہنم واصل ہوئے جب کہ دہشت گردوں کے کیمپ اور محفوظ پناہ گاہیں ملیا میٹ ہو گئیں۔
دہشت گردوں کے ٹھکانوں میں ذخیرہ کیا گیا بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی تباہ کردیا گیا۔
وزارتِ اطلاعات نے واضح کیا کہ پاکستان ہمیشہ خطے میں امن اور استحکام کے قیام کے لیے کوشاں ہے اور اپنے شہریوں کی سلامتی اور تحفظ اولین ترجیح ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ افغانستان بدستور دہشت گردی کا مرکز بنا ہوا ہے اور پاکستان کو لاحق دہشت گردی کا خطرہ افغانستان سے جنم لے رہا ہے۔
وزارت نے کہا کہ کارروائی کے دوران احتیاطی تدابیر سے اس امر کو یقینی بنایا گیا کہ کوئی غیر متعلقہ جانی یا مالی نقصان نہ ہو۔
وزارت نے مزید کہا کہ آپریشن غضب لِلحق اور عزمِ استحکام کے فریم ورک کے تحت پاکستان کی انسدادِ دہشتگردی مہم غیر ملکی سرپرستی اور معاونت سے ہونے والی دہشت گردی کے خلاف پوری رفتار سے جاری رہے گی۔
خیبر پختونخوا، بلوچستان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز، متعدد دہشت گرد ہلاک
دریں اثنا سیکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن (آئی بی او) کیا، خوارج کے زیر استعمال متعدد ٹھکانے اور سرنگیں تباہ کردی گئیں جبکہ بڑی مقدار میں دھماکا خیز مواد برآمد کیا گیا۔
سرکاری میڈیا ریڈیو پاکستان نے سیکیورٹی ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ کارروائی کے دوران متعدد دہشت گردوں کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے۔
دوسری جانب بلوچستان کے ضلع کچھی کے علاقے سنی میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 6 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق فتنہ الہندوستان سے وابستہ دہشت گردوں کو کواڈ کاپٹرز کے ذریعے کامیابی سے نشانہ بنایا گیا۔
دہشت گردوں کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
























Comments