پاکستانی پولٹری کمپنی کا آئی پی اوکے ذریعے 637 ملین روپے اکھٹا کرنے کا فیصلہ
- کمپنی سرمائے کو اپنی پیداواری صلاحیت بڑھانے اور انڈوں کی ویلیو ایڈڈ مصنوعات کے شعبے میں وسعت لانے کے لیے استعمال کرنا چاہتی ہے
پاکستان کی معروف پولٹری کمپنی وحدت پولٹری فارم لمیٹڈ نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں لسٹنگ کے منصوبے کا اعلان کیا ہے جس کا مقصد انیشل پبلک آفرنگ (آئی پی او) کے ذریعے تقریباً 637 ملین روپے (2.3 ملین امریکی ڈالر) جمع کرنا ہے۔ کمپنی اس سرمائے کو اپنی پیداواری صلاحیت بڑھانے اور انڈوں کی ویلیو ایڈڈ مصنوعات کے شعبے میں وسعت لانے کے لیے استعمال کرنا چاہتی ہے۔
جمعہ کو پی ایس ایکس کو جاری کردہ پراسپیکٹس کے مطابق کمپنی 53.1 ملین عام حصص پیش کرے گی جو آئی پی او کے بعد اس کے ادا شدہ سرمائے کا 15.84 فیصد ہوں گے۔ ان حصص کی کم از کم قیمت 2 روپے فی شیئر مقرر کی گئی ہے جس میں 10 روپے فی شیئر پریمیم شامل ہے۔
اس (مجموعی رقم) میں سے 37,228,200 روپے کے حصص اسپانسر شیئر ہولڈرز میں سے ایک، نوید علی خان، کی جانب سے فروخت کے لیے پیش کیے جائیں گے، جبکہ 600,000,000 روپے وحدت پولٹری میں نئے سرمائے کے طور پر شامل کیے جائیں گے جسے کمپنی کی توسیع اور ورکنگ کیپیٹل کی ضروریات کیلئے استعمال کیا جائے گا۔
آئی پی او کا انعقاد بک بلڈنگ کے طریقہ کار کے ذریعے کیا جائے گا، جس کے تحت 70 فیصد حصص ادارہ جاتی سرمایہ کاروں اور کثیر سرمایہ رکھنے والے افراد کے لیے مختص کیے جائیں گے جب کہ بقیہ 30 فیصد حصص عام عوام کو پیش کیے جائیں گے۔ اس پیشکش کا ریٹیل (عوامی) حصہ مکمل طور پر انڈر ریٹن ہوگا۔
ٹاپ لائن سیکیورٹیز لمیٹڈ کو اس لین دین (آئی پی او) کے لیے لیڈ منیجر مقرر کیا گیا ہے۔
پراسپیکٹس کے مطابق آئی پی او سے حاصل ہونے والی رقم وحدت پولٹری کو ایک اعلیٰ قدر والے فوڈ ٹیک ادارے میں تبدیل کرنے کے لیے استعمال کی جائے گی۔ یہ حکمت عملی مارکیٹ کی غیر تسلی بخش طلب کو پورا کرنے کے لیے ’کیپیٹل ایفیشنٹ‘ (کم سرمائے سے زیادہ منافع) توسیع پر زور دیتی ہے، جبکہ طویل مدتی آپریشنل استحکام کو مضبوط بنانے اور پائیدار ترقی کو ممکن بنانے پر توجہ مرکوز کرتی ہے۔
حاصل شدہ سرمائے میں سے تقریباً 270 ملین روپے لیکویڈ ایگ پاسچرائزیشن (مائع انڈوں کو جراثیم سے پاک کرنے والے) پلانٹ کی تنصیب پر لگائے جائیں گے، جبکہ 180 ملین روپے سے مرغیوں کی تعداد میں تقریباً 100,000 کا اضافہ کر کے پیداواری صلاحیت بڑھائی جائے گی۔ بقیہ 150 ملین روپے ورکنگ کیپیٹل کی ضروریات کو پورا کرنے اور ’فارم لائسنسنگ ماڈل‘ کی تیاری کے لیے استعمال کیے جائیں گے۔
سال 2006 میں قائم ہونے والی اور بعد ازاں پبلک لمیٹڈ کمپنی کے طور پر رجسٹرڈ ہونے والی وحدت پولٹری ایک ’ورٹیکلی انٹیگریٹڈ‘ (عمودی طور پر مربوط) پولٹری کاروبار کے طور پر کام کرتی ہے، جو انڈوں کی پیداوار، گریڈنگ (درجہ بندی)، پیکیجنگ اور تقسیم کے مراحل سے جڑی ہوئی ہے۔ کمپنی اس وقت چار خودکار ’لیئر فارمز‘ (انڈے دینے والی مرغیوں کے فارمز) چلا رہی ہے جن میں تقریباً 430,000 مرغیوں کی گنجائش ہے اور یہاں روزانہ 400,000 تک انڈے پیدا ہوتے ہیں۔
کمپنی کی مصنوعات فارم فریش ایگز کے برانڈ نام سے فروخت کی جاتی ہیں اور کراچی، لاہور اور اسلام آباد سمیت بڑے شہروں کے تقریباً 1,500 ریٹیل آؤٹ لیٹس (دکانوں) پر تقسیم کی جاتی ہیں۔ کمپنی کثیر القومی فوڈ چینز کو بھی انڈے فراہم کرتی ہے اور منتخب عالمی منڈیوں کو برآمد بھی کرتی ہے۔
مالیاتی طور پر، وحدت پولٹری نے حالیہ برسوں میں مستقل نمو ریکارڈ کی ہے، جہاں اس کی آمدنی مالی سال 2021 کے 1.23 ارب روپے سے بڑھ کر مالی سال 2025 میں 2.79 ارب روپے تک پہنچ گئی ہے جبکہ مالی سال 2025 میں اس کا بعد از ٹیکس منافع 241.9 ملین روپے رہا۔
























Comments