سیریل کمپنی لمیٹڈ نے طاہر احمد کو چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) مقرر کردیا ہے۔
فارماسیوٹیکل کمپنی نے یہ پیش رفت جمعرات کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو جاری کردہ ایک نوٹس میں شیئر کی۔
کمپنی کی جانب سے فراہم کردہ ںوٹس کے مطابق سید ندیم احمد دی سیریل کمپنی لمیٹڈ سے ریٹائر ہوچکے ہیں اور یکم جولائی 2025 سے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) کے عہدے سے سبکدوش ہوگئے ہیں۔
نوٹس کے مطابق بورڈ آف ڈائریکٹرز نے طاہر احمد کو اسی تاریخ سے کمپنی کا چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) مقرر کردیا ہے۔
فارما کمپنی کے مطابق طاہر احمد گزشتہ ایک سال سے بورڈ کی منظور شدہ جانشینی پالیسی کے تحت منیجنگ ڈائریکٹر کی حیثیت سے کمپنی کی قیادت کر رہے ہیں جبکہ وہ گزشتہ 25 سال سے مختلف اہم انتظامی عہدوں پر اپنی خدمات انجام دے چکے ہیں۔
دریں اثنا، سید ندیم احمد بورڈ میں بطور ایگزیکٹو ڈائریکٹر اپنے عہدے پر برقرار رہیں گے اور بورڈ و انتظامیہ کے سینئر مشیر کی حیثیت سے خدمات انجام دیں گے۔
سیریل کمپنی لمیٹڈ کی بنیاد 1965 میں پاکستان میں ایک پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنی کے طور پر رکھی گئی تھی جسے بعد ازاں پبلک لمیٹڈ کمپنی میں تبدیل کردیا گیا۔ کمپنی کی بنیادی سرگرمی دواسازی، صارفین کی صحت اور غذائیت سے متعلق مصنوعات کی تیاری اور فروخت ہے۔
سال 2023 میں، سیریل جو انٹرنیشنل برانڈز (پرائیویٹ) لمیٹڈ کی ذیلی کمپنی ہے، نے متحدہ عرب امارات کی وزارت سے منظوری حاصل کی اور مشرق وسطیٰ کے ملک میں اپنی مینوفیکچرنگ سہولت کو باقاعدہ طور پر رجسٹر کروایا۔
Comments