اسٹاک مارکیٹ میں تیزی ، 100 انڈیکس 200 سے زائد پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ بند
- کاروبار کے اختتام پر 100 انڈیکس 176,133.56 پوائنٹس پر بند
پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں منگل کو بھی اتار چڑھاؤ دیکھا گیا جہاں 100 انڈیکس نے اپنے بیشتر فوائد گنوانے کے بعد بالآخر معمولی اضافے کے ساتھ بند ہونے میں کامیابی حاصل کی۔
تفصیلات کے مطابق اسٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز مثبت زون میں ہوا، ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر 100 انڈیکس دن کی بلند ترین سطح 178,370.45 پوائنٹس پر جاپہنچا۔
کاروباری سیشن کے پہلے نصف حصے میں مثبت رجحان غالب رہا جہاں بینچ مارک انڈیکس صبح کے بیشتر وقت 178,000 پوائنٹس کی سطح سے اوپر رہا۔ تاہم دوپہر کے بعد سرمایہ کاروں کی جانب سے منافع کا حصول شروع کرنے کے باعث تیزی کی رفتار میں نمایاں کمی آگئی۔
بعدازاں فروخت کا دباؤ مزید بڑھ گیا جس نے انڈیکس کو 177,000 کی حد سے نیچے دھکیل دیا۔ ٹریڈنگ کے دوران بینچ مارک بالآخر دن کی نچلی ترین سطح 176,062.69 پر پہنچ گیا۔
کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 205.83 پوائنٹس یا 0.12 فیصد اضافے سے 176,133.56 پوائنٹس پر بند ہوا۔
یاد رہے کہ پیر کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں ابتدائی شدید گراوٹ کے بعد زبردست ریکوری دیکھنے میں آئی جس کی بدولت مارکیٹ معمولی اضافے کے ساتھ بند ہوئی۔ مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی جغرافیائی کشیدگی اور عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث ہونے والی گھبراہٹ پر مبنی فروخت کو بلیو چِپ حصص میں جارحانہ ویلیو بائنگ نے زائل کر دیا۔
گزشتہ روز بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس 124.95 پوائنٹس یا 0.07 فیصد اضافے سے 175,927.74 پوائنٹس پر بند ہوا۔
عالمی مارکیٹوں میں منگل کو ایشیائی حصص میں اضافہ دیکھا گیا کیونکہ مشرقِ وسطیٰ میں ثالثی کی کوششوں کے باعث تیل کی قیمتیں ایک ماہ کی بلند ترین سطح سے نیچے آگئیں جبکہ سرمایہ کار کارپوریٹ نتائج کے نئے سلسلے کے منتظر ہیں جو دباؤ کا شکار اے آئی سے متعلق سرمایہ کاری کے رجحان کا اہم امتحان ثابت ہوں گے۔
ایران کے حمایت یافتہ یمنی حوثیوں نے کہا ہے کہ وہ سعودی عرب کے خلاف بحری ناکہ بندی نافذ کریں گے جس سے امریکا اور ایران کے درمیان حملوں کے دوران توانائی کی فراہمی مزید متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے جبکہ اسی دوران ایک نازک جنگ بندی کو بحال کرنے کی کوششیں بھی جاری ہیں۔
منگل کو ابتدائی کاروبار کے دوران برینٹ خام تیل کے فی بیرل سودے کی قیمت 0.38 فیصد کمی کے بعد 88.88 ڈالر پر آگئی کیونکہ سرمایہ کار تنازع کے حل کی امیدوں سے پُرامید نظر آئے۔ گزشتہ سیشن میں برینٹ خام تیل کی قیمت بڑھ کر 91.42 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی تھ، جو جون کے وسط کے بعد بلند ترین سطح تھی۔
پیر کو ایک سینئر ایرانی عہدیدار نے رائٹرز کو بتایا کہ تہران کو ثالث ممالک کی جانب سے 10 روزہ جنگ بندی کی ایک تجویز موصول ہوئی ہے جس کا مقصد 7 اکتوبر کو ایران پر امریکا اور اسرائیل کے حملوں سے شروع ہونے والی جنگ کے مستقل خاتمے کے لیے راہ ہموار کرنا ہے۔
حصص بازاروں میں ایم ایس سی آئی کے جاپان کے علاوہ ایشیا پیسیفک حصص کا وسیع ترین انڈیکس مسلسل تین سیشنز کی گراوٹ کے بعد 0.25 فیصد بڑھ گیا جبکہ جاپانی اسٹاک مارکیٹ میں 1 فیصد سے زائد اضافہ ہوا اور جنوبی کوریا کا کوسپی انڈیکس تقریباً 3 فیصد چڑھ گیا۔























Comments