تصدیق انفارمیشن سروسز: ایس ای سی پی نے مالی سال 27 کے پہلے آئی پی او کی منظوری دے دی
- کمپنی مجموعی طور پر 219 ملین عام شیئرز پیش کر رہی ہے
سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے منگل کو تصدیق انفارمیشن سروسز لمیٹڈ (ٹی آئی ایس ایل) کے آئی پی او کے پراسپیکٹس کے اجرا، تقسیم اور اشاعت کی منظوری دے دی۔
ایس ای سی پی نے ایک پریس بیان میں کہا کہ یہ مالی سال 2026-27 میں منظور ہونے والا پہلا آئی پی او ہے جو پاکستان کی بنیادی کیپٹل مارکیٹ میں جاری تیزی کو ظاہر کرتا ہے۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان سے لائسنس یافتہ کریڈٹ بیورو کے طور پر کام کرنے والی تصدیق انفارمیشن سروسز اپنے ممبر اداروں کو صارفین کا کریڈٹ ڈیٹا فراہم کرتی ہے۔
کمپنی مجموعی طور پر 21.9 کروڑ (219 ملین) عام شیئرز پیش کر رہی ہے جن میں پری آئی پی او سرمایہ کاروں کے لیے مختص 6.9 کروڑ (69 ملین) عام شیئرز اور آئی پی او کے ذریعے 150 ملین عام شیئرز (جو کہ آئی پی او کے بعد کی پیڈ اپ کیپیتال کا 15.79 فیصد بنتے ہیں) شامل ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ یہ آئی پی او بک بلڈنگ کے طریقہ کار کے ذریعے کیا جائے گا جس میں شیئرز کا 75 فیصد حصہ ادارہ جاتی سرمایہ کاروں اور ہائی نیٹ ورتھ افراد کے لیے مختص کیا جائے گا جبکہ باقی 25 فیصد ریٹیل سرمایہ کاروں کو پیش کیا جائے گا۔
ایس ای سی پی نے کہا کہ یہ منظوری شفافیت، موثر قیمت کے تعین اور سرمایہ کاروں کے تحفظ کو یقینی بناتے ہوئے سرمائے کی تشکیل کو سہولت فراہم کرنے میں ایس ای سی پی کے ریگولیٹری فریم ورک کی تاثیر کی عکاسی کرتی ہے۔






















Comments