کینیڈا کے وزیرِ اعظم مارک کارنی کی حکومت کے پاس جنوری تک کا وقت ہوگا کہ وہ تقریباً 3 لاکھ دستخطوں پر مشتمل اس درخواست کا جواب دیں جو اس ہفتے پارلیمنٹ میں پیش کی گئی اور جس میں امریکی سفیر پیٹ ہوکسٹرا کو عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
امریکا اور کینیڈا کے درمیان تجارتی جنگ بدستور جاری ہے، تاہم کینیڈین وزیرِ اعظم مارک کارنی اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ دونوں نے مذاکرات میں پیشرفت کے حوالے سے امید ظاہر کی ہے، حالانکہ اس سے چند روز قبل بھی دونوں رہنماؤں نے اسی نوعیت کے بیانات دیے تھے لیکن اگست میں ہونے والے ایسے ہی مذاکرات ناکامی سے دوچار ہوگئے تھے۔
ٹرمپ کے بھرپور دفاع کیلئے معروف اور مشی گن سے تعلق رکھنے والے ری پبلکن پارٹی کے سابق رکنِ کانگریس پیٹ ہوکسٹرا کی اپریل 2025 میں کینیڈا آمد کے بعد سے بطور امریکی سفیر ان کی مدتِ عہدہ اتار چڑھاؤ کا شکار رہی ہے۔
کینیڈا کی گرین پارٹی کی رکنِ پارلیمنٹ الزبتھ مے جنہوں نے بدھ کے روز ایوانِ زیریں میں یہ درخواست پیش کی نے ہوکسٹرا کو سب سے زیادہ غیر سفارتی سفارت کار قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں یہ بات اہم ہے کہ اس آن لائن درخواست پر کینیڈین شہریوں کی بھاری اکثریت نے واضح طور پر اپنا مؤقف بیان کیا ہے کہ وہ پیٹ ہوکسٹرا کو کینیڈا میں خوش آمدید نہیں کہتے۔
الزبتھ مے کا کہنا تھا کہ ہوکسٹرا نے بارہا کینیڈین شہریوں کے ساتھ بدتمیزی اور توہین آمیز رویہ اختیار کیا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ 2 لاکھ 80 ہزار سے زائد کینیڈین شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ انہیں باضابطہ طور پر ناپسندیدہ شخصیت قرار دیا جائے اور ملک میں سفارت کار کی حیثیت سے کام کرنے کے ان کے اختیارات منسوخ کیے جائیں۔
ایوانِ زیریں میں پیش کی جانے والی درخواستوں پر حکومت کے لیے 45 روز کے اندر باضابطہ جواب دینا لازمی ہوتا ہے۔
شہریوں کی جانب سے شروع کی گئی اس درخواست پر دستخط کرنے کی آخری تاریخ 18 نومبر تھی۔ اس میں ہوکسٹرا پر الزام عائد کیا گیا کہ وہ کینیڈا کو امریکا کی 51ویں ریاست بنانے سے متعلق ٹرمپ انتظامیہ کی دھمکیوں کو معمول کی بات بنانے کی کوشش کررہے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق ہوکسٹرا نے اونٹاریو کے ایک عہدیدار کے خلاف سخت نازیبا زبان استعمال کرتے ہوئے غصے کا اظہار کیا تھا۔ اس تنازع کی وجہ ٹیرف مخالف ایک اشتہار تھا جس میں سابق امریکی صدر رونالڈ ریگن کے آزاد تجارت کے فوائد سے متعلق بیان کا حوالہ دیا گیا تھا۔
یہ اشتہار اونٹاریو کی صوبائی حکومت نے تیار کیا تھا جس پر صدر ٹرمپ شدید برہم ہوئے اور انہوں نے تمام تجارتی مذاکرات معطل کرنے کا اعلان کر دیا تھا۔
ہوکسٹرا نے جون میں کہا تھا کہ امریکا کی جانب سے کینیڈا کو اپنے ساتھ ضم کرنے کا تصور ٹرمپ اور کارنی کے درمیان ایک اچھی بحث کا موضوع ہو سکتا ہے۔
انہوں نے ٹرمپ کے عائد کردہ ٹیرف کا بھی دفاع کیا اور کینیڈین شہریوں کو اس بات پر تنقید کا نشانہ بنایا کہ وہ امریکی صدر کے تحفظ پسندانہ اقدامات کو تجارتی جنگ کا حصہ قرار دیتے ہیں۔
کینیڈا چاہتا ہے کہ اسے اہم شعبوں بالخصوص گاڑیوں کی صنعت پر عائد ٹیرف سے ریلیف دیا جائے۔ تاہم اوٹاوا نے خبردار کیا کہ ان محصولات کا مکمل خاتمہ ممکن نظر نہیں آتا اور کینیڈین معیشت کو امریکا کے ساتھ تبدیل شدہ تجارتی تعلقات کے مستقل ماحول سے ہم آہنگ ہونا ہوگا۔


























Comments