نیپرا کی پی پی ایم سی اور این جی سی کے درمیان تنازع حل کرانے کی کوششیں
- این جی سی نے پی پی ایم سی کے منیجنگ ڈائریکٹر عابد لطیف لودھی کو ارسال کردہ خط میں 24 اگست 2026 کو نیپرا کی جانب سے جاری ہدایت پر عمل درآمد کا حوالہ دیا
نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) بجلی کی تقسیم سے متعلق میٹریل انسپیکشن (ایم آئی) اور کوالٹی ایشورنس کے امور پر پاور پلاننگ اینڈ مانیٹرنگ کمپنی (پی پی ایم سی) اور نیشنل گرڈ کمپنی آف پاکستان (این جی سی) کے درمیان تنازع حل کرانے کے لیے ثالثی کی کوشش کررہی ہے۔
باخبر ذرائع نے بزنس ریکارڈر کو بتایا کہ این جی سی نے تقسیم سے متعلق میٹریل انسپیکشن اور کوالٹی ایشورنس اینڈ انسپیکشن (کیو اے اینڈ آئی) کے انتظامی اور عملی کنٹرول کی واپسی کا باضابطہ مطالبہ کیا ہے، جس کے نتیجے میں ستمبر 2020 سے جاری انتظام ختم کردیا گیا ہے۔
این جی سی نے پی پی ایم سی کے منیجنگ ڈائریکٹر عابد لطیف لودھی کو ارسال کردہ خط میں 24 اگست 2026 کو نیپرا کی جانب سے جاری ہدایت پر عمل درآمد کا حوالہ دیا۔
یہ پیش رفت دونوں اداروں کے درمیان کئی ہفتوں سے جاری خط و کتابت اور ریگولیٹری اختلافات کے بعد سامنے آئی ہے۔ معاملے پر وزارت توانائی نے پہلے مداخلت کی تھی، تاہم تنازع حل کے لیے دوبارہ نیپرا کے پاس پہنچ گیا۔
پاور ڈویژن کے تکنیکی ادارے پی پی ایم سی، جو پہلے پیپکو کے نام سے جانا جاتا تھا، ستمبر 2026 کے اواخر میں وفاقی کابینہ کی ہدایت کے بعد نیپرا سے باضابطہ ریگولیٹری رجسٹریشن حاصل کرنے کی کوشش کررہا ہے۔ دوسری جانب این جی سی اپنے 2002 کے ٹرانسمیشن لائسنس اور بزنس ٹرانسفر ایگریمنٹ کے تحت قانونی مؤقف برقرار رکھے ہوئے ہے۔
6 نومبر کو جاری کردہ خط کے مطابق این جی سی بورڈ آف ڈائریکٹرز نے 25 فروری 2019 کو اپنے 150ویں اجلاس میں کیے گئے فیصلے کو منسوخ کردیا، جس کے تحت تقسیم سے متعلق میٹریل انسپیکشن کے امور سابقہ پیپکو کو تفویض کیے گئے تھے۔
این جی سی نے یکم ستمبر 2020 سے نافذ انتظام اور دونوں اداروں کے درمیان بعد میں طے پانے والے طریقہ کار کو فوری طور پر ختم قرار دے دیا ہے۔
بورڈ کے فیصلے کے تحت تقسیم کے آلات سے متعلق میٹریل انسپیکشن اور کوالٹی ایشورنس کے امور فوری طور پر این جی سی کے جنرل منیجر (ٹیکنیکل سروسز گروپ) کے انتظامی کنٹرول میں واپس آجائیں گے، جبکہ اسٹینڈرڈز اینڈ اسپیسفکیشنز کے امور بھی این جی سی کے پاس رہیں گے۔
این جی سی نے بقایا انسپیکشن فیس سمیت اپنے مالی اور قانونی حقوق محفوظ رکھتے ہوئے تمام واجب الادا رقوم کی فوری وصولی اور متعلقہ ریکارڈ، اثاثوں اور وسائل کا کنٹرول سنبھالنے کی ہدایت بھی کی ہے۔
اس تنازع کے اثرات بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں سے متعلق تکنیکی امور کی ملکیت، انتظامی کنٹرول اور پی پی ایم سی کی ریگولیٹری حیثیت پر پڑ سکتے ہیں۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2026





















Comments