نظریہ ’ٹرکل ڈاؤن‘: معاشی ترقی کے ثمرات نچلے طبقے تک پہنچنے کا تصور — پاکستان کا معاملہ
- ’’پاکستان میں غربت بڑھ رہی ہے، لیکن ٹیکس چھوٹ اور مراعات کا رخ بدستور امیر اور بااثر طبقوں کی جانب ہے۔‘‘
یہ دو حصوں پر مشتمل مضامین کی سیریز کا دوسرا حصہ ہے، جس میں پاکستان کی تاریخ کے دوران ’ترقی کے ثمرات نچلے طبقے تک پہنچنے‘ (Trickle-down) کے معاشی تصور کی مقبولیت کا جائزہ لیا گیا ہے۔
دنیا کے جن رہنماؤں نے کھل کر اس تصور کی حمایت کی، ان میں رونالڈ ریگن، مارگریٹ تھیچر اور اب ڈونلڈ ٹرمپ شامل ہیں، جبکہ بل کلنٹن اور جو بائیڈن اس کے مخالف رہے۔ ان کا مؤقف تھا کہ یہ تصور محض ایک فریب ہے اور ٹیکسوں میں کمی سے اجرتوں میں اضافہ نہیں ہوتا۔
امریکی سینیٹر اور ڈیموکریٹ رہنما الزبتھ وارن بھی طویل عرصے سے اس معاشی نظریے کی سخت ناقد رہی ہیں۔ انہوں نے 2021ء میں کہا تھا: ’’اب امیر طبقے کو فائدہ پہنچانے والی معاشی پالیسیوں کا سلسلہ بند ہونا چاہیے۔ وقت آگیا ہے کہ امیر افراد اپنی آمدنی کے مطابق منصفانہ ٹیکس ادا کریں اور معیشت کی تعمیر نچلی سطح سے اوپر کی جانب اور متوسط طبقے کو ساتھ لے کر کی جائے۔‘‘
پاکستان میں بھی سویلین اور فوجی، دونوں طرح کی حکومتیں معاشی ترقی کے اس ماڈل کی حمایت کرتی رہی ہیں اور افسوس ناک امر یہ ہے کہ آزادی کے 80 سال بعد بھی یہ پالیسی جاری ہے، حالانکہ عالمی بینک کے مطابق ملک میں غربت کی شرح بڑھ کر 44.7 فیصد کی بلند سطح تک پہنچ چکی ہے۔
غربت کے حوالے سے یہ انتہائی تشویش ناک تخمینہ 11 ستمبر کو جاری ہونے والی بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی 2024ء کے آرٹیکل فور مشاورت اور توسیعی فنڈ سہولت کی درخواست سے متعلق اسٹاف رپورٹ کے ابتدائی پیراگراف سے بھی مطابقت رکھتا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے:
’’گزشتہ کئی دہائیوں کے دوران جنوبی اور جنوب مشرقی ایشیا کے دیگر ابھرتے ہوئے اور ترقی پذیر ممالک کے مقابلے میں پاکستان میں معیارِ زندگی گرا ہے۔ اس کی وجوہات کمزور پالیسیاں، انسانی اور مادی سرمائے میں ناکافی سرمایہ کاری اور معیشت میں ریاست کے غیر معمولی کردار کے نتیجے میں پیدا ہونے والی بگاڑ کی صورتیں ہیں۔
’’اسی دوران مالیاتی پالیسیوں کی ساختی کمزوریوں اور معیشت میں بار بار آنے والے تیزی اور مندی کے ادوار نے بیرونی مالی وسائل کی ضروریات میں اضافہ کیا اور مالیاتی ذخائر کو کمزور کردیا، جس کے باعث مالیاتی اور بیرونی ادائیگیوں کے استحکام کا راستہ انتہائی محدود رہ گیا ہے۔‘‘
پاکستان کی سابقہ اور موجودہ حکومتیں بھاری ٹیکس چھوٹ (بشمول زیرو ریٹنگ)، سبسڈیز (سستی بجلی اور قرضوں سمیت دیگر پیداواری وسائل) اور انتہائی غیر منصفانہ ٹیکس نظام پر انحصار کرتی رہی ہیں۔ اس ٹیکس نظام کے تحت مجموعی محصولات کا 70 سے 75 فیصد سے زیادہ بالواسطہ ٹیکسوں سے حاصل کیا جاتا ہے، جن کا بوجھ امیر طبقے کے مقابلے میں غریب افراد پر زیادہ پڑتا ہے۔
اس پالیسی کا نتیجہ یہ نکلا ہے کہ پہلے سے ٹیکس ادا کرنے والے افراد اور اداروں پر مزید بوجھ بڑھتا گیا، کیونکہ ان سے ٹیکس وصول کرنا فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے لیے نسبتاً آسان ہے اور اس مقصد کے لیے زیادہ کوشش بھی درکار نہیں ہوتی۔
صنعتی پیداوار کو فروغ دینے کے نام پر ٹیکس چھوٹ یا حکومتی آمدنی سے دست برداری کی مالیت تاریخی طور پر بہت زیادہ رہی ہے۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ اس پالیسی نے ملک میں آمدنی کے تفاوت کو بڑھانے اور غربت کی شرح کو موجودہ سطح تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق ٹیکس چھوٹ کی مالیت 2018ء میں 540.98 ارب روپے، 2019ء میں 972.4 ارب روپے، 2020ء میں 1.49 کھرب روپے، 2021ء میں 1.314 کھرب روپے، 2022ء میں 1.757 کھرب روپے، 2023ء میں 32.239 کھرب روپے اور 2024ء میں 3.879 کھرب روپے رہی۔
موجودہ وزیر خزانہ کی جانب سے پیش کردہ اقتصادی جائزہ 2025-26 میں ٹیکس چھوٹ میں 3.37 فیصد کمی کو نمایاں کامیابی کے طور پر پیش کیا گیا، تاہم اس کمی کے باوجود ٹیکس دہندگان پر اس کا بوجھ 2.353 کھرب روپے رہا، جو گزشتہ سال کے 2.43 کھرب روپے کے مقابلے میں اب بھی انتہائی بھاری رقم ہے۔
یہ کمی ٹیکس چھوٹ میں مسلسل سات سال اضافے کے بعد سامنے آئی ہے، حالانکہ حکومت آئی ایم ایف کو یقین دہانیاں کراتی رہی کہ ان مراعات میں کمی کی جائے گی۔ وزارت خزانہ کی جانب سے قومی اسمبلی میں پیش کردہ اعداد و شمار کے مطابق مالی سال 2020-21 سے 2024-25 تک ٹیکس چھوٹ اور رعایتوں کی مجموعی مالیت 11.047 کھرب روپے رہی۔
رواں مالی سال کے بجٹ تیار کرنے والوں نے ترقی کے ثمرات نچلے طبقے تک پہنچنے کے اسی معاشی تصور کی حمایت میں گزشتہ تمام حدود عبور کرلی ہیں۔ اس کی چند نمایاں مثالیں درج ذیل ہیں:
1۔ مالی سال 2025-26 میں زیادہ آمدنی والے افراد پر سپر ٹیکس بتدریج ایک سے 10 فیصد تک عائد کیا گیا تھا، جبکہ بعض پر یکساں 10 فیصد شرح نافذ تھی۔ تاہم رواں سال 50 کروڑ روپے تک آمدنی والوں کے لیے یہ ٹیکس ختم کردیا گیا ہے، البتہ بینکوں، ایکسپلوریشن اینڈ پروڈکشن (ای اینڈ پی) اور کھاد کے شعبوں کو اس چھوٹ سے مستثنیٰ رکھا گیا ہے۔ جبکہ 50 کروڑ روپے سے زیادہ آمدنی والوں کے لیے سپر ٹیکس کی شرح 10 فیصد سے کم کرکے 8 فیصد کردی گئی ہے۔
2۔ گزشتہ سال برآمد کنندگان پر بھی عمومی یا مختلف شرحوں کے تحت سپر ٹیکس عائد تھا، تاہم رواں سال ان برآمد کنندگان کو 100 فیصد چھوٹ دے دی گئی ہے جن کی مجموعی کاروباری آمدنی میں برآمدات کا حصہ 80 فیصد سے زیادہ ہے۔
3۔ گزشتہ سال ایک کروڑ روپے سے زیادہ سالانہ آمدنی رکھنے والے تنخواہ دار افراد پر 9 فیصد سرچارج عائد تھا، جسے رواں سال ختم کردیا گیا ہے۔
4۔ پراپرٹی کا شعبہ پہلے ہی کم ٹیکس ادا کرتا ہے۔ گزشتہ سال جائیداد فروخت کرنے والوں پر 5.5 فیصد اور خریداروں پر 2.5 فیصد ٹیکس عائد تھا، تاہم رواں سال یہ شرحیں نصف کرکے بالترتیب 2.75 فیصد اور 1.25 فیصد کردی گئی ہیں۔
آئی ایم ایف کی ویب سائٹ پر 14 مئی 2026ء کو اپ لوڈ کی گئی تیسرے جائزے کی دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ اخراجات سے متعلق رپورٹ کے مطابق جی ڈی پی کے تقریباً 1.2 فیصد کے مساوی مختلف ٹیکس چھوٹ اب بھی برقرار ہیں۔ یہ ایک ایسی معیشت کے لیے انتہائی بڑی رقم ہے جہاں غربت مسلسل بڑھ رہی ہے۔
ٹیکس چھوٹ اور مراعات کے باوجود آئی ایم ایف کی مذکورہ 2024ء کی رپورٹ میں پاکستان کی پالیسیوں پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا گیا ہے:
’’سبسڈیز کم شرح سود پر مالی معاونت اور دیگر رعایتوں کی شکل میں دی گئی ہیں۔ مختلف صنعتوں کے لیے ان کی نوعیت الگ الگ رہی، تاہم ان کے نتیجے میں سبسڈی کو شامل کرنے کے بعد مالی معاونت اور ٹیکسوں کی شرائط دیگر ہم پلہ معیشتوں اور ان شعبوں کے مقابلے میں زیادہ سازگار ہوگئیں جنہیں ایسی مراعات حاصل نہیں تھیں۔
’’ٹیکس نظام کو بااثر اور مخصوص شعبوں، مثلاً رئیل اسٹیٹ، زراعت، مینوفیکچرنگ اور توانائی کو غیر شفاف طریقے سے فائدہ پہنچانے کے لیے وسیع پیمانے پر استعمال کیا گیا۔ اس مقصد کے لیے خصوصی اقتصادی زونز کی تعداد میں بھی اضافہ کیا گیا۔
’’حکومت کی جانب سے قیمتوں کے تعین میں مداخلت، جس میں زرعی اجناس، ایندھن، بجلی اور گیس کی قیمتیں (جن پر سال میں دو مرتبہ نظرثانی ہوتی ہے) شامل ہیں، نیز بلند درآمدی محصولات اور دیگر تجارتی پابندیوں نے کاروباری ماحول کو مخصوص گروہوں اور شعبوں کے حق میں جھکا دیا۔
’’اتنی زیادہ سرکاری معاونت کے باوجود کاروباری شعبہ معاشی ترقی کا محرک بننے میں ناکام رہا، جبکہ ان مراعات نے بالآخر مسابقت کو کمزور کیا اور وسائل کو مسلسل غیر مؤثر رہنے والی صنعتوں میں پھنسا دیا، جن میں بعض صنعتیں برسوں سے ’نوخیز‘ ہونے کا دعویٰ کرتی چلی آرہی ہیں۔‘‘
پاکستانی حکومتوں کا ایک اور مستقل نعرہ، جو آج بھی جاری ہے، نجکاری کی حمایت ہے۔ اس کے دو بنیادی مقاصد بیان کیے جاتے ہیں۔
اول: خسارے میں چلنے والے سرکاری اداروں کو سہارا دینے کے لیے ہر سال ٹیکس دہندگان کے پیسے کے بڑے پیمانے پر ہونے والے اخراج کو روکنا۔ تاہم، تین منافع بخش بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری کا فیصلہ اہم اعداد و شمار اور زمینی حقائق پر مبنی مطالعات کیے بغیر کرلیا گیا ہے۔ اس ضمن میں 2005ء میں نجی شعبے کے حوالے کی جانے والی کے الیکٹرک کی مثال کو بھی نظر انداز کیا گیا ہے، جو آج تک ٹیرف ڈیفرینشل سبسڈی (بجلی کے نرخوں میں فرق کے باعث دی جانے والی حکومتی سبسڈی) پر انحصار کررہی ہے۔ رواں مالی سال کے بجٹ میں اس مد میں 163 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔
جب تک ٹیرف ڈیفرینشل سبسڈی ختم نہیں کی جاتی، خراب کارکردگی کے حامل توانائی کے شعبے میں مزید نجکاری سے قومی خزانے کو کوئی مضبوط مالی فائدہ حاصل نہیں ہوگا۔
دوم: گزشتہ دو دہائیوں کے دوران ہماری بیشتر معاشی ٹیموں کے سربراہان نے نظریاتی بنیادوں پر بھی نجکاری کی حمایت کی ہے۔ اس کی ایک ممکنہ وجہ مغربی ممالک، بالخصوص رونالڈ ریگن اور مارگریٹ تھیچر کے ادوار میں، ان کا قیام اور وہاں کے معاشی نظریات سے متاثر ہونا ہوسکتا ہے۔
نوبیل انعام یافتہ ماہر معیشت جوزف اسٹگ لٹز نے نجکاری کے عمل کے حوالے سے محتاط رویہ اختیار کرنے پر زور دیا ہے۔ ان کا مشورہ ہے کہ اسی شعبے میں ماضی میں ہونے والی نجکاری، اگر کوئی ہوئی ہو، تو اس کا باریک بینی سے جائزہ لیا جائے اور بولی لگانے کا عمل مکمل طور پر شفاف بنایا جائے۔
اس کے ساتھ ساتھ مضبوط کارپوریٹ گورننس اور آزاد ریگولیٹری اداروں کا قیام بھی ناگزیر ہے، کیونکہ نجی شعبے میں اجارہ داری صارفین کے لیے سرکاری شعبے کی اجارہ داری کے مقابلے میں کہیں زیادہ نقصان دہ ثابت ہوتی ہے۔
آخر میں ملک کی معاشی ٹیم کے سربراہان سے گزارش ہے کہ وہ ماضی میں ہونے والے مطالعات کا جائزہ لینے کے لیے وقت نکالیں۔ ان میں سے بعض مطالعات بین الاقوامی مالیاتی اداروں نے کیے تھے، جبکہ دیگر مقامی شعبہ جاتی ماہرین کی کاوشوں کا نتیجہ تھے۔ بدقسمتی سے یہ اہم تحقیقی کام آج بھی ان الماریوں میں پڑے گرد آلود ہو رہے ہیں جہاں انہیں برسوں پہلے محفوظ کیا گیا تھا۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2026
























Comments