پاکستان کے پہلے خلا باز کی روانگی کی تقریب، احسن اقبال بیجنگ پہنچ گئے
- یہ پرواز خلائی دنیا کی جانب ملک کے سفر کی عکاس ہوگی، وفاقی وزیر
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال پاکستان کے پہلے خلا باز کی خلائی سفر پر روانگی کی تقریب میں شرکت کے لیے بیجنگ میں موجود ہیں۔ یہ پیشرفت پاکستان کے خلائی پروگرام میں ایک اہم سنگِ میل ہے۔
احسن اقبال آج پیر کو خلائی مشن سینٹر کا دورہ کریں گے جہاں ان کی ملاقات ان دو پاکستانی خلا بازوں سے متوقع ہے جنہوں نے چین میں اپنی تربیت مکمل کرلی ہے۔ خلائی پرواز سے قبل ان دونوں امیدواروں میں سے ایک کا حتمی انتخاب کیا جائے گا۔
احسن اقبال نے اس مشن کو پاکستان کیلئے اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ پرواز خلائی دنیا کی جانب ملک کے سفر کی عکاس ہوگی اور پاکستانی نوجوانوں کے خوابوں کو زمین کی حدود سے آگے لے جائے گی۔
گزشتہ شب اپنے فیس بک اکاؤنٹ کے ذریعے جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کا پہلا خلا باز چین کے خلائی اسٹیشن کا دورہ کرنے والا پہلا غیر ملکی مہمان ہوگا۔
رواں ماہ کے اوائل میں چائنا مینڈ اسپیس ایجنسی (سی ایم ایس اے) نے اعلان کیا تھا کہ ایک پاکستانی خلا باز چین کے آئندہ انسانی خلائی مشن میں شامل ہوگا اور اس طرح وہ چین کے خلائی اسٹیشن تیان گونگ کا دورہ کرنے والا پہلا غیر ملکی شہری بن جائے گا۔
ایجنسی کے مطابق پاکستانی خلا باز شین ژو 24 مشن کے ذریعے خلاء میں جائے گا اور وہاں پے لوڈ اسپیشلسٹ کی حیثیت سے خدمات انجام دے گا۔
سی ایم ایس اے نے مشن کی روانگی کی تاریخ کا اعلان کیا ہے اور نہ ہی پاکستانی خلا باز کا نام ظاہر کیا ہے، تاہم ایجنسی نے اپریل میں اعلان کیا تھا کہ محمد ذیشان علی اور خرم داؤد کو چین میں خلا بازوں کی تربیت شروع کرنے کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔





















Comments