پاکستانی ٹیلی کام آپریٹر، یوفون اور ٹیلی نار پاکستان نے عالمی ٹیکنالوجی کمپنی شیاؤمی پاکستان کے ساتھ ایک اسٹریٹجک شراکت داری قائم کی ہے جس کا مقصد ملک بھر میں فائیو جی اسمارٹ فونز کے استعمال کو فروغ دینا ہے۔
شیاؤمی کے نئے متعارف کرائے گئے اسمارٹ فون ریڈمی 17 فائیو جی کے ذریعے اس شراکت داری کا مقصد سستے اسمارٹ فونز اور خصوصی بنڈل ڈیٹا آفرز کے ذریعے صارفین کے لیے جدید ترین فائیو جی ٹیکنالوجی تک رسائی آسان بنانا ہے۔
یہ شراکت داری پاکستان میں فائیو جی ٹیکنالوجی کے فروغ کی راہ میں حائل اہم رکاوٹوں، بالخصوص فائیو جی سے مطابقت رکھنے والے اسمارٹ فونز کی قیمتوں کو قابلِ برداشت بنانے کے لیے یوفون اور ٹیلی نار پاکستان کی کوششوں کو آگے بڑھائے گی۔ اس اقدام کا مقصد یوفون اور ٹیلی نار پاکستان کی دوہری نیٹ ورک صلاحیتوں کو شیاؤمی کے اسمارٹ فونز کے وسیع پورٹ فولیو کے ساتھ یکجا کرکے نیٹ ورک کی دستیابی اور سستے فائیو جی اسمارٹ فونز تک رسائی کے درمیان فرق کو کم کرنا ہے۔
اس شراکت داری کے تحت ریڈمی 17 فائیو جی خریدنے والے یوفون 5G اور ٹیلی نار پاکستان کے صارفین کو خصوصی بنڈل فائیو جی ڈیٹا پیکجز فراہم کیے جائیں گے۔ یہ اسمارٹ فون کمپنی کے ریٹیل آؤٹ لیٹس کے ذریعے فروخت کیا جائے گا جبکہ اس کی ملک گیر تقسیم یوفون اور ٹیلی نار پاکستان کی مشترکہ دکانوں اور ڈیجیٹل ذرائع سے بھی کی جائے گی۔
شراکت داری پر تبصرہ کرتے ہوئے پی ٹی ایم ایل کے چیف کمرشل آفیسر سید عاطف رضا نے کہا کہ شیاؤمی کے ساتھ یہ اشتراک پاکستان میں فائیو جی ٹیکنالوجی کے سفر میں ایک اہم سنگ میل ہے۔ پی ٹی ایم ایل کا یقین ہے کہ انٹرنیٹ اور مواصلاتی سہولیات تک رسائی ہر شہری کا حق ہونا چاہیے، نہ کہ محض چند افراد کو حاصل سہولت۔ یوفون اور ٹیلی نار پاکستان کے مشترکہ عالمی معیار کے فائیو جی نیٹ ورک کو شیاؤمی کے معیاری اور سستے اسمارٹ فونز کے ساتھ یکجا کرکے ہم لاکھوں پاکستانیوں کے لیے فائیو جی ٹیکنالوجی تک رسائی آسان بنا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس شراکت داری کے ذریعے ہم صرف لوگوں کو نیٹ ورک سے منسلک نہیں کر رہے بلکہ انہیں مواقع، تعلیم، صحت کی سہولیات اور معاشی خودمختاری تک رسائی بھی فراہم کر رہے ہیں۔ ہمیں مستقبل کے ڈیجیٹل پاکستان کی تعمیر میں شیاؤمی کے شراکت دار ہونے پر فخر ہے۔




















Comments