فوجی فوڈز لمیٹڈ نے حسیب اللہ ظہور کو یکم جنوری 2027ء سے چیف ایگزیکٹو آفیسر مقرر کردیا۔
فوجی فوڈز نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس)کو جمع کرائی گئی اطلاع میں بتایا کہ حسیب اللہ ظہور، وسیم حیدر کی جگہ چیف ایگزیکٹو آفیسر کا عہدہ سنبھالیں گے ۔
نوٹس میں کہا گیا ہے کہ اس وقت تک وسیم حیدر قائم مقام چیف ایگزیکٹو آفیسر کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریاں انجام دیتے رہیں گے۔
یہ تقرری عثمان ظہیر احمد کے استعفے کے بعد عمل میں آئی جو پاکستان کی فوڈ اور ڈیری صنعت کی نمایاں شخصیات میں شمار ہوتے ہیں۔ انہوں نے 18 ستمبر 2026ء کو فوجی فوڈز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کے عہدے سے استعفیٰ دیا تھا۔
فوجی فوڈز سے استعفے کے بعد عثمان ظہیر احمد کو 22 ستمبر 2026ء کو فرائز لینڈ کیمپینا اینگرو پاکستان لمیٹڈ (ایف سی ای پی ایل) کا چیف ایگزیکٹو آفیسر مقرر کردیا گیا تھا۔
ظہور کے لنکڈ اِن پروفائل پر دستیاب معلومات کے مطابق، انہیں ایشیا پیسیفک اور مشرق وسطیٰ میں تیز رفتار فروخت ہونے والی اشیائے صرف، ڈیری، تمباکو اور زراعت کے شعبوں میں 25 سال سے زائد کام کا تجربہ حاصل ہے۔ ان کی مہارت میں تجارتی حکمت عملی، برانڈز میں جدت، منافع و نقصان کا انتظام اور ڈیجیٹل تبدیلی شامل ہیں۔
وہ اس وقت ایف ایم سی پاکستان کے منیجنگ ڈائریکٹر ہیں اور جنوری 2025ء سے اس عہدے پر فائز ہیں۔
ایف ایم سی میں شمولیت سے قبل ظہور نے برٹش امریکن ٹوبیکو میں چھ سال سے زائد عرصہ خدمات انجام دیں۔ اس دوران وہ ہانگ کانگ میں ایشیا پیسیفک اور مشرق وسطیٰ کے لیے ریجنل برانڈ لیڈ اور میانمار میں مارکیٹنگ اینڈ سیلز ڈائریکٹر کے عہدوں پر بھی فائز رہے۔
اپنے پیشہ ورانہ کیریئر کے ابتدائی دور میں انہوں نے کراچی میں فرائز لینڈ کیمپینا/اینگرو فوڈز کے ساتھ بھی کام کیا۔
ظہور نے انسٹی ٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن (آئی بی اے) سے فنانس اور مارکیٹنگ میں بی بی اے (آنرز) اور ایم بی اے کی ڈگریاں حاصل کر رکھی ہیں جبکہ ییل یونیورسٹی سے کنیکٹڈ لیڈرشپ سرٹیفکیشن بھی حاصل کیا ہے۔
فوجی فوڈز کا قیام ابتدائی طور پر 1966ء میں نون پاکستان لمیٹڈ کے نام سے ایک پبلک لمیٹڈ کمپنی کے طور پر عمل میں آیا تھا۔ فوجی فاؤنڈیشن اور فوجی فرٹیلائزر نے 2015ء میں اس کا انتظام سنبھال لیا جس کے بعد کمپنی کا نام تبدیل کرکے فوجی فوڈز لمیٹڈ رکھ دیا گیا۔ یہ کمپنی فوجی گروپ کا حصہ ہے، جس کی بنیاد 1954ء میں رکھی گئی تھی۔ فوجی فوڈز، فوجی فرٹیلائزر بن قاسم لمیٹڈ کا ذیلی ادارہ ہے۔
کمپنی کی بنیادی کاروباری سرگرمیوں میں ٹونڈ دودھ، ملک پاؤڈر، پھلوں کے جوس اور ڈیری و غذائی مصنوعات کی تیاری اور فروخت شامل ہے۔ وقت کے ساتھ کمپنی نے اپنی مصنوعات کے دائرہ کار کو وسعت دیتے ہوئے ویلیو ایڈڈ اشیا بھی متعارف کرائیں، جن میں پنیر، مکھن، بغیر نمک کا مکھن اور نورپور کریم شامل ہیں۔




















Comments