پام آئل کی قیمتوں میں کمی، چار ہفتوں میں تیسری ہفتہ وار گراوٹ کا امکان
- پام آئل کے بینچ مارک کنٹریکٹ کی قیمت 32 رنگٹ یا 0.74 فیصد کمی کے بعد 4,301 رنگٹ فی میٹرک ٹن رہی
ملائیشین پام آئل کے مستقبل کے سودوں کی قیمتوں میں جمعہ کو مسلسل چوتھے سیشن میں کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ سویا بین کے تیل کی قیمتوں میں گراوٹ کے دباؤ کے باعث چار ہفتوں میں تیسری ہفتہ وار کمی کا امکان ہے۔
برسا ملائیشیا ڈیریویٹوز ایکسچینج میں فروری میں ڈلیوری کے لیے پام آئل کے بینچ مارک کنٹریکٹ کی قیمت دوپہر کے وقفے تک 32 رنگٹ یا 0.74 فیصد کمی کے بعد 4,301 رنگٹ (1,046.47 ڈالر) فی میٹرک ٹن رہی۔
رواں ہفتے اب تک پام آئل کے کنٹریکٹ کی قیمت میں 2.11 فیصد کمی ہو چکی ہے۔ تجارتی فرم آئس برگ ایکس ایس ڈی این بی ایچ ڈی کے پروپرائٹری ٹریڈر ڈیوڈ این جی کے مطابق سویا بین کے تیل کی قیمتوں میں کمزوری کے باعث حالیہ گراوٹ کے بعد پام آئل کے مستقبل کے سودوں پر دباؤ برقرار ہے۔
انہوں نے کہا کہ مارکیٹ کی سمت کا انحصار سویا بین کے تیل اور خام تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ پر برقرار رہنے کا امکان ہے۔
دالیان میں سویا بین کے تیل کے سب سے زیادہ کاروبار والے کنٹریکٹ کی قیمت میں 0.38 فیصد کمی ہوئی جبکہ پام آئل کا کنٹریکٹ 0.53 فیصد گر گیا۔ شکاگو بورڈ آف ٹریڈ میں سویا بین کے تیل کی قیمتیں 0.93 فیصد نیچے آگئیں۔
پام آئل کی قیمتوں کا انحصار دیگر خوردنی تیلوں کی قیمتوں میں ہونے والی تبدیلیوں پر ہوتا ہے کیونکہ عالمی نباتاتی تیل کی منڈی میں اس کا مقابلہ دیگر تیلوں سے ہے۔
خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، تاہم ہفتہ وار بنیاد پر ان میں کمی کا امکان ہے۔ سعودی دارالحکومت ریاض پر حوثی حملوں اور آبنائے ہرمز میں تیل بردار جہازوں کی آمدورفت متاثر ہونے کی اطلاعات کے بعد رسد میں ممکنہ تعطل سے متعلق خدشات بڑھ گئے ہیں۔
خام تیل کے مستقبل کے سودوں کی قیمتوں میں اضافہ پام آئل کو بائیو ڈیزل کی تیاری کے خام مال کے طور پر زیادہ پرکشش بنا دیتا ہے۔
پام آئل کی تجارت میں استعمال ہونے والی کرنسی ملائیشین رنگٹ کی قدر ڈالر کے مقابلے میں 0.02 فیصد مضبوط ہوئی جس سے غیر ملکی کرنسی رکھنے والے خریداروں کے لیے پام آئل قدرے مہنگا ہوگیا۔
انڈونیشیا کی سرکاری پام آئل کی کاشت کار کمپنی ایگریناس پالما نوسانتارا کے ایک ڈائریکٹر نے بتایا کہ کمپنی آئندہ سال اپنے زیرانتظام 2 لاکھ ہیکٹر سے زائد اراضی کا انتظام مقامی کوآپریٹو اداروں کے حوالے کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔
























Comments