مصدق ملک کی قیادت میں پاکستانی وفد آج بھارت کا غیر معمولی دورہ کریگا
- وفاقی وزیر کے خطاب میں شنگھائی تعاون تنظیم میں پاکستان کے تعمیری کردار کے ساتھ ساتھ ملک کے متنوع تہذیبی اور ثقافتی ورثے کو بھی اجاگر کیا جائے گا
وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی ہم آہنگی ڈاکٹر مصدق مسعود ملک بھارت کا ایک غیر معمولی دورہ کرنے جا رہے ہیں، جہاں وہ آج (جمعہ) سے شروع ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے پہلے تہذیبی مکالمے کے فورم میں پاکستان کے وفد کی قیادت کریں گے۔
ڈاکٹر مصدق ملک بھارت کے وزیر ثقافت و سیاحت کی دعوت پر نئی دہلی کا دورہ کر رہے ہیں۔ مئی 2023 کے بعد کسی پاکستانی وفاقی وزیر کا یہ بھارت کا پہلا دورہ ہے۔
دفتر خارجہ (ایف او) کے ترجمان نے جمعرات کو بتایا کہ ڈاکٹر مصدق ملک تہذیبوں کے درمیان مکالمے کی اہمیت اور سفارت کاری کے شعبے میں پاکستان کے کردار کے حوالے سے ملک کا مؤقف پیش کریں گے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ وفاقی وزیر کے خطاب میں شنگھائی تعاون تنظیم میں پاکستان کے تعمیری کردار کے ساتھ ساتھ ملک کے متنوع تہذیبی اور ثقافتی ورثے کو بھی اجاگر کیا جائے گا۔
اس فورم میں پاکستان کی شرکت شنگھائی تعاون تنظیم کے ایک فعال رکن کی حیثیت سے مکالمے، تعاون اور باہمی افہام و تفہیم کے فروغ کے لیے اس کے کردار کی عکاس ہے، جو تنظیم کے اصول شنگھائی اسپرٹ سے ہم آہنگ ہے۔
پاکستانی وفد فورم کے موضوعاتی اجلاسوں میں بھی شرکت کرے گا اور فورم کے موقع پر شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے نمائندوں سے بھی ملاقاتیں اور تبادلہ خیال کرے گا۔
پاکستان اس وقت 2026-27 کے لیے شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہانِ مملکت کی کونسل (ایس سی او-سی ایچ ایس) کی صدارت کر رہا ہے۔
اسی مناسبت سے پاکستان اگلے سال ہونے والے سربراہی اجلاس سے قبل وزارتی سطح کے متعدد اجلاسوں، ماہرین کے گروپوں کے اجلاسوں اور دیگر سرگرمیوں کی میزبانی کرے گا۔
دورے سے قبل نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے وزارت خارجہ میں ڈاکٹر مصدق ملک سے ملاقات کی، جس میں اس تقریب میں پاکستان کی شرکت کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2026

























Comments