ایف بی آر کے سیلز اور انکم ٹیکس کی علیحدگی کا فیصلہ مسترد، کمرشل امپورٹرز کا ون ونڈو سہولت کا مطالبہ
- تاجروں پر نیا بوجھ ڈالنے کے بجائے آسانیاں پیدا کی جائیں تاکہ ٹیکس نیٹ وسیع ہو، سلیم مکاتی
پاکستان کیمیکلز اینڈ ڈائز مرچنٹس ایسوسی ایشن (پی سی ڈی ایم اے) نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی جانب سے سیلز ٹیکس اور فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کو انکم ٹیکس ایڈمنسٹریشن سے الگ کرنے کے فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے اسے بزنس کمیونٹی کے لیے نئی مشکلات کا پیش خیمہ قرار دیا ہے۔
پی سی ڈی ایم اے کے چیئرمین سلیم مکاتی نے خبردار کیا کہ اس تقسیم سے ٹیکس کی تعمیل مزید پیچیدہ اور مہنگی ہو جائے گی۔ان لینڈ ریونیو کی مبینہ تنظیم نو کا مقصد وصولیوں اور کارکردگی میں بہتری لانا ہو سکتا ہے لیکن اس عمل کو کسی صورت کاروباری طبقے کے لیے ٹیکس کی تعمیل مشکل نہیں بنانا چاہیے۔
دونوں نظاموں کو الگ کرنے سے تاجروں کو ایک سے زائد ٹیکس دفاتر کے چکر لگانا پڑیں گے جس کے نتیجے میں اضافی دستاویزات، بار بار حاضریاں، طریقہ کار میں تاخیر اور ٹیکس معاملات کے حل میں تاخیر جنم لے گی۔
سلیم مکاتی نے کہا کہ کاروباری طبقہ پہلے ہی بھاری ٹیکسوں، بڑھتی لاگت، سرمائے کی قلت اور پیچیدہ قوانین کے بوجھ تلے دبا ہوا ہے۔ ایسے میں باہمی رابطے کے واضح نظام کے بغیرمنقسم ٹیکس اسٹرکچر کاروباری لاگت میں مزید اضافہ کرے گا جس کا سب سے زیادہ خمیازہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں اور تاجروں کو بھگتنا پڑے گا۔
انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ اس تقسیم سے دائرہ اختیار، رپورٹنگ کے طریقہ کار، آڈٹ، ریفنڈز اور شکایات کے ازالے کے حوالے سے الجھن پیدا ہو سکتی ہے۔ نئے سیلز ٹیکس کمشنرز اور موجودہ انکم ٹیکس حکام کے درمیان ہم آہنگی کی کمی کی صورت میں ایک ہی معاملے پر متعدد نوٹسز، متضاد تشریحات اور غیر ضروری رکاوٹیں سامنے آ سکتی ہیں۔
انہوں نے ایف بی آر پر زور دیا کہ نئے دفاتر کی ذمہ داریوں اور رپورٹنگ اسٹرکچر کی واضح وضاحت کی جائے اور انکم ٹیکس، سیلز ٹیکس اور کسٹمز حکام کے درمیان بلا رکاوٹ رابطہ یقینی بنایا جائے۔ بار بار انتظامی تبدیلیاں کاروباری سرگرمیوں میں خلل اور ٹیکس دہندگان میں بے یقینی کا سبب نہیں بننی چاہیے۔
چیئرمین پی سی ڈی ایم اے نے مطالبہ کیا کہ ایسی تنظیم نو سے پہلے جو براہ راست ٹیکس دہندگان کو متاثر کرتی ہو، بزنس کمیونٹی سے ضرور مشاورت کی جائے۔
انہوں نے ایف بی آر سے ون ونڈو سہولت کا مربوط نظام اور واضح طریقہ کار متعارف کرانے کا بھی تقاضا کیا تاکہ جو امور ایک مربوط نظام کے تحت حل ہو سکتے ہیں ان کے لیے تاجروں کو کئی دفاتر کا رخ نہ کرنا پڑے۔
























Comments