BR100 Increased By (1.01%)
BR30 Increased By (0.58%)
KSE100 Increased By (0.88%)
KSE30 Increased By (1.03%)
BAFL 60.50 Increased By ▲ 0.82 (1.37%)
BIPL 24.45 Increased By ▲ 0.02 (0.08%)
BOP 31.42 Increased By ▲ 0.01 (0.03%)
CNERGY 12.03 Increased By ▲ 0.13 (1.09%)
DFML 17.39 Decreased By ▼ -0.21 (-1.19%)
DGKC 203.40 Increased By ▲ 2.44 (1.21%)
FABL 93.50 Increased By ▲ 0.20 (0.21%)
FCCL 59.80 Increased By ▲ 0.31 (0.52%)
FFL 14.35 No Change ▼ 0.00 (0%)
GGL 19.90 Increased By ▲ 0.11 (0.56%)
HBL 306.40 Increased By ▲ 2.27 (0.75%)
HUBC 207.25 Increased By ▲ 1.21 (0.59%)
HUMNL 8.18 Increased By ▲ 0.19 (2.38%)
KEL 6.24 Increased By ▲ 0.04 (0.65%)
LOTCHEM 26.00 Increased By ▲ 1.45 (5.91%)
MLCF 104.59 Increased By ▲ 0.88 (0.85%)
OGDC 313.74 Increased By ▲ 1.01 (0.32%)
PAEL 34.97 Increased By ▲ 0.09 (0.26%)
PIBTL 13.89 Increased By ▲ 0.02 (0.14%)
PIOC 272.05 Increased By ▲ 0.41 (0.15%)
PPL 224.39 Increased By ▲ 1.52 (0.68%)
PRL 83.30 Increased By ▲ 0.94 (1.14%)
SNGP 92.45 Decreased By ▼ -2.30 (-2.43%)
SSGC 24.09 Increased By ▲ 0.58 (2.47%)
TELE 7.36 Increased By ▲ 0.01 (0.14%)
TPLP 12.85 Increased By ▲ 0.10 (0.78%)
TRG 53.12 Increased By ▲ 0.13 (0.25%)
UNITY 8.64 Increased By ▲ 0.16 (1.89%)
WTL 1.30 Decreased By ▼ -0.01 (-0.76%)
اداریہ

مصنوعی ذہانت اور جاسوسی کے الزامات

  • جس شخص نے اینویڈیا کو مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی تیزی سے ترقی کرتی صنعت کے لیے ایک ناگزیر سپلائر بنایا، وہ استعفیٰ دے چکا ہے
شائع اپ ڈیٹ

جینسن ہوانگ کے ذاتی اسکینڈل نے جس تیزی سے چین کی جاسوسی کے معاملے کی شکل اختیار کی، وہ اتنا ہی واشنگٹن کے سیاسی ردعمل کے انداز کو ظاہر کرتا ہے جتنا کہ اینویڈیا کو اپنی لپیٹ میں لینے والے بحران کو۔

جس شخص نے اینویڈیا کو مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی تیزی سے ترقی کرتی صنعت کے لیے ایک ناگزیر سپلائر بنایا، وہ استعفیٰ دے چکا ہے، ان کے جانشین کو عارضی طور پر ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں اور کمپنی کی مارکیٹ ویلیو سے اربوں ڈالر کم ہوچکے ہیں۔ تاہم سنسنی خیز الزامات کے درمیان ایک اہم اور قدرے غیر آرام دہ فرق نظرانداز کیا جارہا ہے: جن حقائق کی تصدیق ہوچکی ہے وہ بھی تشویش ناک ہیں، لیکن سب سے زیادہ سنگین الزامات تاحال ثابت نہیں ہوئے۔

ہوانگ اپنی اہلیہ سے بے وفائی کا اعتراف کرچکے ہیں۔ رپورٹس میں ان کا تعلق ایلس ہوانگ سے جوڑا گیا ہے، جو سنگاپور میں قائم کمپنی میگاسپیڈ کی سابق ایگزیکٹو ہیں اور جن کے بارے میں مبینہ طور پر امریکی انٹیلی جنس حکام کو شبہ ہے کہ وہ بیجنگ کے لیے کام کرتی رہی ہیں۔ اینویڈیا نے اس معاملے کی آزادانہ تحقیقات شروع کردی ہیں، جبکہ ایف بی آئی بھی تحقیقات کررہی ہے۔ تاہم جمعرات کو امریکی اٹارنی جنرل نے واضح طور پر کہا کہ ان کا محکمہ اس نتیجے پر نہیں پہنچا کہ آیا ایلس ہوانگ جاسوس ہیں یا نہیں۔

دوسری جانب اینویڈیا کا کہنا ہے کہ اس کے پاس یہ یقین کرنے کی کوئی وجہ نہیں کہ کمپنی کے خفیہ راز یا قومی سلامتی کو نقصان پہنچا ہے۔ اس طرح شکوک و شبہات اور ثبوت کے درمیان ایک بڑا فاصلہ موجود ہے، چاہے ٹیلی ویژن اسکرینوں اور تجارتی مراکز میں قیاس آرائیاں کتنے ہی اعتماد کے ساتھ کیوں نہ پھیلائی جارہی ہوں۔

ایف بی آئی کی مداخلت بھی لازماً اپنی نوعیت کی جانچ پڑتال کو جنم دے گی۔ کاش پٹیل کی سربراہی میں ادارے کو سیاسی مداخلت کے الزامات اور اس کی خودمختاری سے متعلق سوالات کا سامنا رہا ہے۔ اس ادارے پر اعتماد سیاسی جماعتوں کے درمیان واضح طور پر منقسم ہے۔ عوامی شکوک و شبہات یا کسی تفتیش کار کی سیاسی وابستگیاں بذات خود تحقیقات کو غلط ثابت نہیں کرتیں، لیکن ساکھ شواہد کے ذریعے ہی قائم کرنا پڑتی ہے۔ حساس ٹیکنالوجی، نمایاں کاروباری مفادات اور غیر ملکی انٹیلی جنس سے متعلق الزامات کے اس معاملے میں انتہائی شفاف انداز میں یہ واضح کرنا ضروری ہے کہ حقیقت میں کیا ثابت کیا جاسکتا ہے۔ گمنام ذرائع کے دعوے کافی نہیں ہوں گے۔

اس معاملے کا ایک جغرافیائی و سیاسی پس منظر بھی ہے۔ واشنگٹن تیزی سے چین کو نئی سرد جنگ کے تناظر میں دیکھ رہا ہے، جہاں ٹیکنالوجی کی تقریباً ہر کمزوری کو چین سے جوڑنے کا رجحان پیدا ہوگیا ہے۔ جاسوسی، برآمدی پابندیوں اور اسٹرٹیجک مسابقت سے متعلق حقیقی خدشات موجود ہیں اور انہیں محض نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔ لیکن بیجنگ کو سابق سوویت یونین کے جدید دور کے متبادل کے طور پر دیکھنے سے یہ خطرہ بھی پیدا ہوتا ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے سے پہلے ہی شکوک و شبہات کو ایک حتمی وضاحت میں تبدیل کردیا جائے۔ چین نے ان الزامات کی تردید کرتے ہوئے امریکا پر الزام لگایا ہے کہ وہ انہیں ٹیکنالوجی پر پابندیوں کا جواز بنانے کے لیے استعمال کررہا ہے۔ حقائق کا تعین کسی بھی فریق کے سیاسی مفاد کے مطابق نہیں ہونا چاہیے۔

تاہم اینویڈیا کے لیے نقصان پہلے ہی حقیقی ہے اور مسلسل بڑھ رہا ہے۔ گزشتہ جمعرات کو کمپنی کے حصص کی قیمت میں 14 فیصد تک کمی ہوئی، تاہم کاروبار کے اختتام پر یہ تقریباً 4 فیصد نیچے بند ہوئے۔ بدھ تک حصص میں مزید تقریباً 9 فیصد کمی ہوچکی تھی۔ 6 نومبر سے اب تک کمپنی کے حصص اپنی قدر کا تقریباً 20 فیصد حصہ کھو چکے ہیں، جس کے نتیجے میں اس کی مارکیٹ کیپٹلائزیشن سے سیکڑوں ارب ڈالر کا صفایا ہوگیا ہے۔

اس گراوٹ کی بنیادی وجہ ہوانگ کی رخصتی سے جڑا اسکینڈل تھا، اگرچہ یہ ایسے وقت میں سامنے آیا جب اے آئی انڈسٹری کی تیزی سے ترقی کے لیے مالی وسائل کی فراہمی، کمپنیوں کی قدر کے تعین اور منافع کمانے کی صلاحیت سے متعلق خدشات بھی بڑھ رہے تھے۔ تاہم ہوانگ کی رخصتی نے اس پہلو کو متاثر کیا ہے جس کی شناخت سب سے زیادہ اے آئی کی ترقی سے جڑی ہوئی تھی۔ وہ اس صنعت کے معمار، اس کے سب سے بڑے تشہیری نمائندے اور اکثر سرمایہ کاروں کو اس صنعت پر مسلسل اعتماد رکھنے کے لیے قائل کرنے والی سب سے مؤثر شخصیت تھے۔

کمپنی کے چیف فنانشل آفیسر نے عارضی طور پر ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں، لیکن تین دہائیوں سے زیادہ عرصے تک اینویڈیا کی تشکیل کرنے والے بانی کی جگہ کسی دوسرے شخص کو لانا محض ایک عہدہ پُر کرنے کا معاملہ نہیں۔ اب سرمایہ کاروں کو یہ جائزہ لینا ہوگا کہ آیا کمپنی کی حکمت عملی، صارفین کے ساتھ تعلقات اور اے آئی کے پورے نظام سے متعلق اس کے بھاری مالی وعدے اپنی مرکزی شخصیت سے محرومی کے باوجود برقرار رہ سکتے ہیں یا نہیں۔ حریف کمپنیوں کو اس صورتحال میں مواقع نظر آسکتے ہیں، جبکہ قرض دہندگان اور صارفین بھی اپنے مالی مفادات اور انحصار پر ازسرنو غور کرسکتے ہیں۔ مزید نقصان کا امکان موجود ہے، تاہم نہ تو اینویڈیا کے کاروبار کے خاتمے اور نہ ہی اے آئی کے بلبلے کے پھٹنے کا کوئی حتمی ثبوت سامنے آیا ہے۔

شاید اس معاملے کا سب سے بڑا تضاد یہ ہے کہ ایک ایسی صنعت جو غیر معمولی ذہانت فروخت کرنے کا دعویٰ کرتی ہے، اب خود تصدیق شدہ معلومات کی کمی کا شکار ہے۔ ان الزامات کی تحقیقات ضروری ہیں، جن میں برآمدی پابندیوں کی ممکنہ خلاف ورزیوں کا معاملہ بھی شامل ہے۔ تحقیقات کے دوران اگر انتظامی اور نگرانی کے نظام میں کوئی خامیاں سامنے آتی ہیں تو ان کا بھی جائزہ لیا جانا چاہیے۔ لیکن تحقیقات کو حقائق سامنے لانے کا موقع دیا جانا چاہیے، اس سے پہلے کہ سیاست اپنی پسند کا نتیجہ مسلط کردے۔ وال اسٹریٹ غیر یقینی صورتحال کے بارے میں اپنا فیصلہ پہلے ہی سنا چکی ہے۔ اب متعلقہ حکام پر لازم ہے کہ وہ تمام فریقوں کو اس سے کہیں زیادہ ٹھوس اور قابل اعتماد جواب فراہم کریں۔

کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2026

Comments

200 حروف