زوما ریسورسز کا عالمی کنیکٹیویٹی توسیع کیلئے برطانیہ میں ذیلی کمپنی قائم کرنے کا فیصلہ
زوما ریسورسز لمیٹڈ نے اپنی بین الاقوامی توسیعی حکمت عملی کے تحت برطانیہ میں اپنی مکمل ملکیتی ذیلی کمپنی قائم کرلی جبکہ نئی کمپنی گروپ کے ڈیجیٹل کنیکٹیوٹی اور ٹیکنالوجی کے آپریشنز کو ترقی دینے اور وسعت دینے کا کام کرے گی۔
پیر کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو بھیجے گئے نوٹس کے مطابق زوما گلوبل لمیٹڈ کو 18 ستمبر 2026 کو برطانیہ کے کمپنیز ایکٹ 2006 کے تحت انگلینڈ اور ویلز میں رجسٹر کیا گیا۔
نوٹس میں کہا گیا کہ بین الاقوامی توسیعی حکمت عملی کے تحت زوما گلوبل لمیٹڈ کو برطانیہ میں قائم کیا گیا تاکہ بین الاقوامی مارکیٹوں میں گروپ کے ٹیکنالوجی اور عالمی کنیکٹیویٹی سے متعلق کاروباری سرگرمیوں کو ترقی دی جاسکے اور وسعت دی جاسکے۔
کمپنی نے کہا کہ زوما گلوبل برطانیہ میں اس کے آپریشنز کو سہولت فراہم کرے گی جبکہ گروپ اس مارکیٹ میں سم اور ڈیجیٹل کنیکٹیویٹی سروسز کے آغاز کی جانب پیشرفت کر رہا ہے۔
دستاویزات کے مطابق ذیلی کمپنی کا رجسٹرڈ دفتر لندن میں ہے اور اس کی بنیادی سرگرمیوں میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کنسلٹنسی، دیگر انفارمیشن ٹیکنالوجی سروسز اور دیگر ٹیلی کمیونیکیشن سرگرمیاں شامل ہیں۔
انکارپوریشن دستاویزات کے مطابق پاکستانی شہری صہیب انور کو زوما گلوبل کا ڈائریکٹر مقرر کیا گیا ہے۔
نوٹس میں کہا گیا کہ برطانیہ کی مارکیٹ میں داخلے کے عمل کے تحت، کمپنی نے برطانیہ کے مواصلاتی نگران ادارے آفس آف کمیونیکیشنز (آفکام) کے ساتھ باضابطہ ریگولیٹری رابطہ کیا ہے اور اپنے آپریشنز، صارفین سے متعلق فریم ورک اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کو برطانیہ کے قابلِ اطلاق ریگولیٹری اور صارفین سے متعلق تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے اقدامات کیے ہیں۔
منصوبہ بندی کے تحت برطانیہ میں شروع کی جانے والی سروسز میں زوما کے ٹیکنالوجی پلیٹ فارمز، بشمول اس کے عالمی ای سم مارکیٹ پلیس، کے ذریعے ڈیجیٹل ای سمز، فزیکل سمز اور دیگر کنیکٹیویٹی سلوشنز فراہم کیے جائیں گے۔
زوما گلوبل لمیٹڈ کا قیام زوما ریسورسز لمیٹڈ کی بین الاقوامی ڈیجیٹل کنیکٹیویٹی اور ٹیکنالوجی کے کاروبار کی تعمیر کی حکمتِ عملی میں ایک اور اہم قدم ہے جبکہ برطانیہ کو گروپ کی بین الاقوامی توسیع کے لیے ایک اہم مارکیٹ اور آپریشنل مرکز بننے کی توقع ہے۔
کمپنی کا ارادہ ہے کہ وہ قابلِ اطلاق ریگولیٹری، تجارتی اور تکنیکی تقاضوں سے مشروط رہتے ہوئے برطانیہ میں اپنی سم اور اس سے متعلقہ ڈیجیٹل کنیکٹیویٹی سروسز مرحلہ وار متعارف کرائے اور ان کی مارکیٹنگ کرے۔
زوما ریسورسز لمیٹڈ جو پہلے بلال فائبرز لمیٹڈ کے نام سے جانی جاتی تھی، ایک پبلک لسٹڈ کمپنی ہے جو 1987 میں پاکستان میں قائم ہوئی۔ ابتدائی طور پر کمپنی دھاگا تیار اور فروخت کرتی تھی جس میں بُنائی یا نِٹنگ کے لیے مختلف اقسام کے دھاگے شامل تھے، جبکہ اس کی مصنوعات یورپ، مشرقِ بعید اور مشرقِ وسطیٰ کو برآمد کی جاتی تھیں۔
کمپنی نے 12 اگست 2025 کو بلال فائبرز لمیٹڈ کا نام تبدیل کرکے زوما ریسورسز لمیٹڈ رکھنے کا اعلان کیا۔
ستمبر 2025 میں کمپنی نے باضابطہ طور پر اپنا نام زوما ریسورسز لمیٹڈ تبدیل کرلیا اور اب یہ ٹیکنالوجی، اے آئی سے چلنے والی خدمات، ہیلتھ ٹیک، ای وی ٹیک، ای کامرس اور دیگر متعلقہ شعبوں میں کام کرنے والی کمپنیوں میں سرمایہ کاری، شراکت داری اور تعاون کے شعبوں میں سرگرم ہے۔
























Comments