BR100 Increased By (0.36%)
BR30 Decreased By (-0.13%)
KSE100 Increased By (0.22%)
KSE30 Increased By (0.37%)
BAFL 56.87 Increased By ▲ 0.49 (0.87%)
BIPL 24.96 Increased By ▲ 0.05 (0.2%)
BOP 30.35 Increased By ▲ 0.01 (0.03%)
CNERGY 13.12 Increased By ▲ 0.03 (0.23%)
DFML 15.90 Increased By ▲ 0.01 (0.06%)
DGKC 192.45 Increased By ▲ 0.09 (0.05%)
FABL 94.14 Increased By ▲ 0.42 (0.45%)
FCCL 52.79 Increased By ▲ 0.41 (0.78%)
FFL 14.72 Decreased By ▼ -0.02 (-0.14%)
GGL 19.56 Decreased By ▼ -0.44 (-2.2%)
HBL 306.10 Increased By ▲ 3.95 (1.31%)
HUBC 201.42 Decreased By ▼ -1.29 (-0.64%)
HUMNL 10.16 Increased By ▲ 0.05 (0.49%)
KEL 6.09 No Change ▼ 0.00 (0%)
LOTCHEM 26.46 Decreased By ▼ -0.89 (-3.25%)
MLCF 93.16 Increased By ▲ 0.41 (0.44%)
OGDC 316.73 Decreased By ▼ -1.03 (-0.32%)
PAEL 35.63 Increased By ▲ 0.13 (0.37%)
PIBTL 14.68 Increased By ▲ 0.11 (0.75%)
PIOC 243.21 Increased By ▲ 0.17 (0.07%)
PPL 226.91 Decreased By ▼ -0.88 (-0.39%)
PRL 93.02 Increased By ▲ 0.45 (0.49%)
SNGP 91.84 Decreased By ▼ -0.08 (-0.09%)
SSGC 23.81 Increased By ▲ 0.01 (0.04%)
TELE 7.80 Increased By ▲ 0.02 (0.26%)
TPLP 12.97 Increased By ▲ 0.30 (2.37%)
TRG 56.56 Decreased By ▼ -1.24 (-2.15%)
UNITY 8.07 Increased By ▲ 0.03 (0.37%)
WTL 1.01 Decreased By ▼ -0.01 (-0.98%)
اداریہ

مالیاتی اصلاحات کا گمشدہ پہلو

  • حکومت نے مالیاتی نظم و ضبط بحال کرنے میں قابلِ ذکر پیش رفت کی ہے
شائع اپ ڈیٹ

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی جانب سے حالیہ یقین دہانی کہ حکومت مالیاتی اصلاحات کے حوالے سے اپنی موجودہ سمت پرقائم رہے گی اور ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) کی جانب سے پاکستان کے محدود ٹیکس بیس کو وسیع کرنے کے لیے فوری اقدامات پر زور، ایک انتہائی اہم مرحلے پر سامنے آیا ہے۔

حکومت نے مالیاتی نظم و ضبط بحال کرنے میں قابلِ ذکر پیش رفت کی ہے، تاہم یہ سمجھنا غلط ہوگا کہ کم مالیاتی خسارہ بنیادی طور پر ایک مضبوط ریونیو نظام کی عکاسی کرتا ہے۔

پاکستان نے اپنے مالیاتی خسارے کو جی ڈی پی کے تقریباً 2.6 فیصد تک کم کر لیا ہے، جو 22 سال کی کم ترین سطح ہے، جبکہ مسلسل تین سال پرائمری سرپلس بھی ریکارڈ کیے گئے ہیں۔ بلاشبہ یہ اہم کامیابیاں ہیں، لیکن حقیقت یہ ہے کہ زیادہ مشکل اصلاحات ابھی مکمل نہیں ہوئیں۔

مرکزی کمزوری یہ ہے کہ ٹیکس وصولیوں میں ہونے والی بہتری کا بڑا حصہ نئے ٹیکس دہندگان کو ٹیکس نیٹ میں شامل کرنے کے بجائے پہلے سے موجود ٹیکس دہندگان سے زیادہ وصولیاں کرنے کے نتیجے میں سامنے آیا ہے۔ ایف بی آر کی وصولیاں دو سال کے دوران 40 فیصد بڑھ کر 13 ٹریلین روپے ہوگئی ہیں، جبکہ ٹیکس ٹو جی ڈی پی تناسب 8.8 فیصد سے بہتر ہو کر 10.3 فیصد ہوگیا ہے۔

وزیر خزانہ نے طویل مدت کے لیے 13 فیصد کا ہدف درست طور پر مقرر کیا ہے، لیکن اسے پائیدار بنیادوں پر حاصل کرنے کے لیے ٹیکس بیس کو نمایاں طور پر وسیع کرنا ہوگا، نہ کہ ان افراد اور اداروں پر مزید بوجھ ڈالنا ہوگا جو پہلے ہی ٹیکس قوانین کی پابندی کر رہے ہیں۔ یہی وہ مقام ہے جہاں پاکستان کا اصلاحاتی ریکارڈ انتہائی مایوس کن دکھائی دیتا ہے۔ تنخواہ دار افراد اور رسمی کارپوریٹ سیکٹر نسبتاً آسان اہداف ہیں کیونکہ ان کی آمدن اور لین دین واضح طور پر نظر آتے ہیں۔ نتیجتاً وہ ٹیکس کے بوجھ کا غیر متناسب حصہ اٹھا رہے ہیں۔

دوسری جانب معیشت کے بڑے حصے یا تو بہت کم ٹیکس ادا کر رہے ہیں یا مکمل طور پر مؤثر ٹیکس نیٹ سے باہر ہیں۔ ریٹیل، ہول سیل تجارت، رئیل اسٹیٹ اور دیگر شعبے جہاں معاشی سرگرمی بڑے پیمانے پر جاری ہے، بدستور ترجیحی ٹیکس سہولتوں سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔

ریٹیل سیکٹر اس بات کی واضح مثال ہے کہ کس طرح سیاسی مصلحت نے معیشت کے بعض حصوں کو نسبتاً کم ٹیکس بوجھ سے فائدہ اٹھانے کا موقع دیا ہے۔ یکے بعد دیگرے آنے والی حکومتوں نے اس شعبے کو مکمل طور پر ٹیکس نیٹ میں لانے کے وعدے کیے، ایک کے بعد ایک اسکیم متعارف کرائی، لیکن مفاداتی گروہوں، کمزور عمل درآمد اور سیاسی پسپائی کے باعث ان میں سے زیادہ تر کوششیں ناکامی سے دوچار ہوئیں۔

ریٹیلرز نے بارہا احتجاج اور ہڑتالوں کی دھمکی دے کر اپنی سیاسی اہمیت ثابت کی ہے، اور ٹیکس سے متعلق کسی بھی نئی کوشش کے ابتدائی اشارے پر احتجاج اور ہڑتال کی دھمکی دے کر حکومتوں کو پیچھے ہٹنے پر مجبور کیا ہے۔

اب ایک مرتبہ پھر حکومت ڈیجیٹل انوائسنگ، ٹریک اینڈ ٹریس، فیس لیس کسٹمز اور ڈیجیٹل پروڈکشن مانیٹرنگ جیسے اقدامات کی جانب بڑھ رہی ہے۔ ٹیکنالوجی بلاشبہ دستاویز بندی بہتر بنانے، انسانی صوابدید کم کرنے اور ٹیکس قوانین پر عمل درآمد مضبوط بنانے میں مدد دے سکتی ہے۔ لیکن حقیقت یہ ہے کہ ٹیکنالوجی ایک ذریعہ ہے، سیاسی عزم کا متبادل نہیں۔

کوئی بھی ڈیجیٹل پلیٹ فارم طاقتور مفاداتی حلقوں کا سامنا کرنے میں ہچکچاہٹ یا ایف بی آر کی جانب سے ریونیو کے نئے ذرائع کی نشاندہی اور ان سے وصولی کے معاملے میں بار بار کی جانے والی تاخیر پر قابو نہیں پا سکتا۔

ایشیائی بینک نے درست طور پر اس مسئلے کو مالیاتی پائیداری کے معاملے کے طور پر پیش کیا ہے۔ ایک وسیع اور زیادہ مؤثر ریونیو بیس ریاست کے ضروری امور کی مالی اعانت کے لیے حکومت کے قرضوں پر انحصار کو کم کرے گا۔

ملکی وسائل کو زیادہ مضبوط بنیادوں پر متحرک کرنے سے صحت، تعلیم اور انفرااسٹرکچر کے لیے زیادہ مالیاتی گنجائش پیدا ہوگی، جبکہ قرضوں کی ادائیگی اور اس پر آنے والے اخراجات کے باعث محدود سرکاری وسائل پر پڑنے والے دباؤ میں بھی کمی آئے گی۔

سب سے اہم بات یہ ہے کہ اگر ترقی کے ہر دور کے نتیجے میں مالیاتی اور تجارتی خسارے بڑھتے رہیں، قرض گیری میں اضافہ ہو اور ایک اور استحکام پروگرام کی ضرورت پیش آئے تو پاکستان اپنے روایتی بوم اینڈ بسٹ سائیکل سے باہر نہیں نکل سکتا۔ پائیدار اقتصادی ترقی کے لیے ایسی ریاست ضروری ہے جو اپنی ذمہ داریوں کی مالی اعانت ایک وسیع، قابلِ پیش گوئی اور منصفانہ ٹیکس بیس سے کر سکے۔

لہٰذا حکومت کو انہی ٹیکس دہندگان سے مزید ریونیو حاصل کرنے کے نسبتاً آسان کام سے آگے بڑھنا ہوگا اور ان مشکل سوالات کا سامنا کرنا ہوگا کہ اب بھی کون ٹیکس ادا نہیں کر رہا، وہ ٹیکس کیوں نہیں دے رہا اور مسلسل آنے والی حکومتیں انہیں ٹیکس نیٹ میں شامل کرنے میں کیوں ناکام رہی ہیں۔

ٹیکنالوجی اور بہتر انتظامی نظام ان شعبوں کو، جہاں ٹیکس کم وصول کیا جا رہا ہے، ٹیکس نیٹ میں شامل کرنے کے لیے سیاسی عزم کی کمی کا ازالہ نہیں کر سکتے۔ یہ تسلیم کرنا ہوگا کہ دیرپا مالیاتی استحکام کے لیے ٹیکس بیس کو وسیع کرنا ناگزیر ہے۔ اصلاحات کی کوئی بھی ایسی کوشش جو ٹیکس نیٹ کو وسیع کرنے کو اپنا مرکزی مقصد بنانے میں ناکام رہتی ہے، پاکستان کے اگلے مالیاتی بحران کو صرف مؤخر کرنے کے مترادف ہوگی۔

کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2026

Comments

200 حروف