ہر بجٹ سے اوجھل رہ جانے والی قیمت
- حکومت صرف وہ ٹیکس دیکھتی ہے جو خزانے میں جمع ہوتے ہیں، مگر معیشت ان پوشیدہ 'ٹیکسوں' کا بوجھ بھی اٹھاتی ہے جن سے خزانے کو ایک روپیہ بھی نہیں ملتا
حال ہی میں وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نے مالی سال 2025-26 کے لیے نظرثانی شدہ ریونیو ہدف حاصل کرنے پر فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کو مبارک باد دیتے ہوئے اسے پاکستان کے مالیاتی اصلاحاتی سفر میں ایک اہم سنگِ میل قرار دیا۔ حکومت کی جانب سے ٹیکس نیٹ کو وسعت دینے، ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ دینے اور انتظامی صوابدید کو کم کرنے پر زور عوامی مالیات کو مضبوط بنانے کے عزم کا مثبت اظہار ہے۔
تاہم حکومتیں اور کاروباری ادارے معیشت کو مختلف زاویوں سے دیکھتے ہیں۔ حکومتیں اپنی وصول کردہ ٹیکس آمدن کا حساب رکھتی ہیں، جبکہ کاروباری ادارے نہ صرف ادا کیے گئے ٹیکس بلکہ ریاستی نظامِ کار سے پیدا ہونے والی ان پوشیدہ لاگتوں کو بھی شمار کرتے ہیں جو ان پر اضافی بوجھ ڈالتی ہیں۔
یہ اخراجات کبھی فنانس بل کا حصہ نہیں بنتے، نہ پارلیمنٹ میں ان پر بحث ہوتی ہے اور نہ ہی مالیاتی اعداد و شمار میں ان کا کوئی ذکر ملتا ہے۔ ان سے قومی خزانے کو ایک روپیہ بھی حاصل نہیں ہوتا، مگر اس کے باوجود یہ اکثر سرمایہ کاری کے فیصلوں پر قانونی ٹیکسوں سے بھی زیادہ گہرا اثر ڈالتے ہیں۔
عملاً پاکستان کی معیشت دو طرح کے ٹیکس نظاموں کے بوجھ تلے دبی ہوئی ہے۔ ایک وہ جو قومی خزانے کو بھرنے کا ذریعہ بنتا ہے، اور دوسرا وہ جو خاموشی سے سرمایہ کاری کے بہاؤ کو کمزور کرتا رہتا ہے۔
ایک ٹیکس قانون کے ذریعے نافذ ہوتا ہے، جبکہ دوسرا غیر یقینی صورتحال کے ذریعے۔
پاکستان کا دوسرا ٹیکس نظام
ہر کاروباری ادارہ جب کسی نئی سرمایہ کاری کی منصوبہ بندی کرتا ہے تو وہ ٹیکس، توانائی، افرادی قوت، مالیاتی لاگت، انشورنس اور لاجسٹکس جیسے اخراجات کا تخمینہ پہلے ہی لگا لیتا ہے۔
یہ تمام ایسے اخراجات ہیں جنہیں باقاعدہ مالیاتی ماڈلز میں شامل کیا جا سکتا ہے۔
لیکن جن اخراجات کا اندازہ لگانا ممکن نہیں، وہ دراصل وہ ’’غیر مرئی ٹیکس‘‘ ہیں جو طویل منظوریوں، اداروں کے باہم متداخل اختیارات، ضوابط کی مختلف تشریحات، بار بار بدلتی پالیسیوں، پیچیدہ طریقۂ کار، دستاویزات کی مسلسل طلب اور غیر یقینی مدتِ انتظار کی صورت میں کاروبار پر مسلط ہوتے ہیں۔
قانونی اعتبار سے یہ ٹیکس نہیں، مگر عملی طور پر ان کا کردار ٹیکس ہی جیسا ہوتا ہے، کیونکہ یہ قومی خزانے میں کوئی آمدن لائے بغیر سرمایہ کاری کی لاگت بڑھا دیتے ہیں۔ دلچسپ امر یہ ہے کہ حکومتیں سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے باضابطہ ٹیکسوں میں کمی کرتی ہیں، مگر یہی پوشیدہ اخراجات خاموشی سے اس رعایت کا بڑا حصہ بے اثر کر دیتے ہیں۔
جب وقت بھی ٹیکس بن جائے
سرمایہ کار بخوبی جانتے ہیں کہ وقت ہی سرمایہ ہے۔
کارخانے کی منظوری میں تاخیر کا ہر مہینہ مشینری کو بیکار رکھتا ہے، پیداوار مؤخر کرتا ہے، ورکنگ کیپیٹل کو منجمد کرتا ہے اور مالیاتی اخراجات میں اضافہ کر دیتا ہے۔
بجلی یا گیس کے کنکشن میں تاخیر، کسی لائسنس کا التوا، کسٹمز کلیئرنس میں رکاوٹ یا کسی ریگولیٹری جائزے کا غیر ضروری طوالت اختیار کرنا بظاہر انتظامی معاملات معلوم ہوتے ہیں، مگر معاشی اعتبار سے ان میں سے ہر ایک سرمایہ کار پر اضافی لاگت مسلط کرتا ہے۔
ہر تاخیر سے ہونے والی منظوری درحقیقت ایک معاشی فیصلہ ہوتی ہے، خواہ پالیسی ساز اس حقیقت کو تسلیم کریں یا نہ کریں۔
ضائع ہونے والا وقت، ضائع ہونے والی پیداواری صلاحیت ہے، اور ضائع ہونے والی پیداواری صلاحیت کا مطلب کھوئی ہوئی معاشی نمو ہے۔
منڈیاں خطرات کی قیمت لگاتی ہیں، غیر یقینی کی نہیں
مالیاتی منڈیاں زرِ مبادلہ کی شرح، شرحِ سود اور اجناس کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ جیسے خطرات کا اندازہ لگا کر ان کی قیمت متعین کر سکتی ہیں، کیونکہ یہ قابلِ پیمائش ہوتے ہیں۔ لیکن غیر مستقل طرزِ حکمرانی سے جنم لینے والی غیر یقینی صورتحال کی قیمت لگانا ان کے لیے انتہائی مشکل ہوتا ہے۔
سرمایہ کار معلوم ٹیکس شرحوں اور تعمیل کے اخراجات کا تخمینہ لگا سکتے ہیں، لیکن وہ یہ پیش گوئی نہیں کر سکتے کہ منصوبے کے دوران ضوابط تبدیل ہو جائیں گے یا نہیں، مختلف ادارے ایک ہی قانون کی مختلف تشریح کریں گے یا نہیں، یا چند ہفتوں میں متوقع منظوری کئی مہینوں تک لٹکی رہے گی۔
سرمایہ منافع کا انتظار کر سکتا ہے، لیکن غیر یقینی صورتحال کا نہیں۔
انتظامی رکاوٹوں کی پوشیدہ قیمت
یہ وہ اخراجات ہیں جو کسی اسپریڈ شیٹ میں نظر نہیں آتے۔ انتظامی رکاوٹیں، جنہیں ماہرینِ معاشیات لین دین کی لاگت (ٹرانزیکشن کاسٹس) قرار دیتے ہیں، معاشی مباحث میں شاذ ہی زیرِ بحث آتی ہیں، لیکن خاموشی سے سرمایہ کاری پر سب سے زیادہ بوجھ ڈالنے والے عوامل میں شامل ہوتی ہیں۔
ہر اضافی فارم، ایک ہی مقصد کے لیے بار بار معائنہ، غیر ضروری منظوری، قابلِ گریز دفتری مرحلہ اور ضوابط کی غیر یکساں تشریح، عوامی مفاد میں کوئی اضافہ کیے بغیر وقت، اخراجات اور غیر یقینی صورتحال میں اضافہ کرتی ہے۔
منصوبوں میں تاخیر کی موقع لاگت، غیر فعال سرمائے کی مالیاتی لاگت، وعدے پورے نہ ہونے سے ساکھ کو پہنچنے والا نقصان، سرکاری کارروائیوں کی نذر ہونے والا انتظامی وقت، حتیٰ کہ طویل غیر یقینی صورتحال سے پیدا ہونے والا ذہنی دباؤ—یہ سب مل کر کاروباری سرگرمیوں پر ایک غیر اعلانیہ ٹیکس کی حیثیت اختیار کر لیتے ہیں۔
یہ اخراجات نہ عوامی خدمات کی مالی معاونت کرتے ہیں اور نہ ہی مالیاتی استحکام کو مضبوط بناتے ہیں، بلکہ صرف معاشی کارکردگی کو کمزور کرتے ہیں۔ جب غیر یقینی معمول بن جائے تو کاروباری جرات کی جگہ احتیاط لے لیتی ہے۔
اور جب تاخیر قابلِ پیش گوئی بن جائے تو سرمایہ کاری غیر یقینی ہو جاتی ہے۔
مراعات سے زیادہ اہم پیش بینی
بین الاقوامی تجربہ بتاتا ہے کہ سرمایہ کار مراعات سے زیادہ پیش بینی ( پریڈکٹیبلٹی) کو اہمیت دیتے ہیں۔ کاروباری ادارے بلند ٹیکسوں اور سخت ضوابط کے ساتھ بھی خود کو ہم آہنگ کر لیتے ہیں، بشرطیکہ وہ مستحکم ہوں اور یکساں انداز میں نافذ کیے جائیں۔ سرمایہ کاری کی راہ میں اصل رکاوٹ ضوابط نہیں بلکہ غیر یقینی صورتحال ہوتی ہے۔
مینوفیکچرنگ، کان کنی، بنیادی ڈھانچے، لاجسٹکس اور ٹیکنالوجی جیسے شعبوں میں سرمایہ کاری بجٹ کے ایک سالہ دورانیے کے لیے نہیں بلکہ کئی دہائیوں کے تناظر میں کی جاتی ہے۔
سرمایہ کار یہ اعتماد چاہتے ہیں کہ ان کی سرمایہ کاری پر لاگو ہونے والے قواعد شفاف، قابلِ پیش گوئی اور منصفانہ انداز میں نافذ کیے جائیں گے۔
بالآخر، اعتماد ہی وہ قیمتی معاشی ترغیب ہے جو کوئی بھی حکومت سرمایہ کاروں کو فراہم کر سکتی ہے۔
ضابطہ سازی منڈیوں کو مضبوط کرتی ہے، غیر یقینی انہیں کمزور
عام تاثر کے برعکس مسئلہ ضابطہ سازی نہیں بلکہ اس کا معیار ہے۔ ہر کامیاب معیشت مضبوط ضابطہ جاتی اداروں کی بنیاد پر کھڑی ہوتی ہے۔ ماحولیاتی تحفظ، صارفین کے حقوق، مالیاتی نگرانی، محنت کشوں کے معیارات اور ٹیکس قوانین پر عمل درآمد سرمایہ کاری کی راہ میں رکاوٹ نہیں بلکہ ایک مؤثر اور مستحکم منڈی کی بنیاد ہیں۔
سنگاپور، جرمنی، نیدرلینڈز اور متحدہ عرب امارات جیسی معیشتوں کو ممتاز بنانے والی چیز ضابطوں کی کمی نہیں بلکہ ان کی شفافیت، پیش بینی اور مستقل مزاجی ہے۔ سرمایہ کار سرمایہ لگانے سے پہلے قواعد سے پوری طرح آگاہ ہوتے ہیں، جبکہ منظوری کے مراحل، قانونی تقاضے اور ان کی مدت واضح ہوتی ہے، جس سے کاروباری ادارے اعتماد کے ساتھ ضابطہ جاتی اخراجات کا تخمینہ لگا سکتے ہیں۔
سرمایہ کار سخت قوانین سے کم، اور بدلتے ہوئے قوانین سے زیادہ خوفزدہ ہوتے ہیں۔
اسی لیے ضابطہ جاتی اصلاحات کا مقصد ضابطے ختم کرنا نہیں بلکہ انہیں بہتر بنانا ہونا چاہیے۔ شفاف، متوازن اور مؤثر انداز میں نافذ کیے گئے ضابطے سرمایہ کاری کی راہ میں رکاوٹ نہیں بلکہ اس کے مضبوط ترین محرکات میں سے ایک ہوتے ہیں۔
ٹیکس وصولی سے اعتماد سازی تک
پاکستان میں ٹیکنالوجی، خودکار نظام (آٹومیشن) اور ٹیکس انتظامیہ کی بہتری پر توجہ درست سمت میں ایک اہم پیش رفت ہے۔ اب یہی اصلاحاتی سوچ وسیع تر ضابطہ جاتی نظام تک بھی پھیلانے کی ضرورت ہے۔
انتظامی صوابدید میں کمی، منظوریوں کے لیے قانونی مدت کا تعین، مختلف اداروں کے درمیان مؤثر ہم آہنگی، ڈیجیٹل ون ونڈو پلیٹ فارم کا دائرہ وسیع کرنا، ضابطہ جاتی اثرات کا باقاعدہ جائزہ لینا اور غیر ضروری تاخیر پر جوابدہی کو یقینی بنانا ایسے اقدامات ہیں جو اس وقت کاروباری اداروں پر عائد پوشیدہ اخراجات میں نمایاں کمی لا سکتے ہیں۔
ان اصلاحات کے لیے بڑے مالی وسائل سے زیادہ مضبوط انتظامی عزم درکار ہے، مگر ان کے ذریعے سرمایہ کاروں کا اعتماد نمایاں طور پر بڑھایا جا سکتا ہے، اور یہی اعتماد نئی سرمایہ کاری کو اپنی جانب کھینچتا ہے۔
وہ بجٹ جسے کوئی نہیں دیکھتا
ہر حکومت سالانہ بجٹ تیار کرتی ہے اور اندازہ لگاتی ہے کہ اسے ٹیکسوں سے کتنی آمدنی حاصل ہوگی، لیکن کوئی حکومت ایسا بجٹ تیار نہیں کرتی جس میں غیر یقینی صورتحال کے باعث معیشت کو پہنچنے والے نقصانات کا تخمینہ شامل ہو۔
حالانکہ یہ نقصانات حقیقت ہیں۔
ان کی قیمت ہر روز وہ کاروباری افراد ادا کرتے ہیں جو اپنے توسیعی منصوبے مؤخر کر دیتے ہیں، وہ برآمد کنندگان جو مواقع سے محروم رہ جاتے ہیں، وہ صنعت کار جو پیداوار میں تاخیر پر مجبور ہوتے ہیں، اور وہ سرمایہ کار جو زیادہ قابلِ پیش گوئی ماحول رکھنے والے ممالک کا رخ کر لیتے ہیں۔
حکومت بجا طور پر ان ٹیکسوں پر توجہ دیتی ہے جو اس کے خزانے میں جمع ہوتے ہیں۔
لیکن معیشت ایسے ’’ٹیکس‘‘ بھی برداشت کرتی ہے جن سے قومی خزانے کو ایک روپیہ بھی حاصل نہیں ہوتا۔
اگر پاکستان زیادہ سرمایہ کاری، بلند پیداواری صلاحیت اور پائیدار معاشی ترقی کا خواہاں ہے تو ان پوشیدہ اخراجات میں کمی کو بھی اتنی ہی پالیسی اہمیت دینا ہوگی جتنی ٹیکس محصولات میں اضافے کو دی جاتی ہے۔
سب سے زیادہ نقصان پہنچانے والے ٹیکس ہمیشہ قانون سازی کے ذریعے نافذ نہیں ہوتے۔
بعض اوقات وہ غیر یقینی صورتحال کی صورت میں مسلط ہوتے ہیں، اور ان کی قیمت کھوئی ہوئی سرمایہ کاری، کمزور پڑتی پیداواری صلاحیت اور ضائع ہونے والے معاشی مواقع کی شکل میں ادا کرنا پڑتی ہے۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2026
























Comments