یوکرینی فضائی حملوں میں جنوبی روس میں 2 افراد ہلاک، 17 زخمی
- ڈرون کے ملبے سے متعدد مقامات، بشمول گوداموں، میں آگ بھڑک اٹھی جبکہ ایک رہائشی عمارت کے شیشے بھی ٹوٹ گئے، مقامی گورنر
روس اور یوکرین کے درمیان فضائی حملوں کا سلسلہ پیر کو بھی جاری رہا، جس کے نتیجے میں روس کے جنوبی شہروں روستوف آن ڈان اور بیلگورود میں دو افراد ہلاک اور 17 زخمی ہو گئے، جبکہ یوکرین میں روسی حملوں میں ایک شخص جان کی بازی ہار گیا اور سات دیگر زخمی ہوئے۔
روسی حکام کے مطابق بحیرہ آزوف کے قریب واقع اہم برآمدی مرکز روستوف آن ڈان میں یوکرینی ڈرون حملے کے دوران ایک ہی خاندان کے میاں بیوی ہلاک ہو گئے، جبکہ پانچ افراد زخمی ہوئے، جن میں دو کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔
علاقائی گورنر یوری سلیوسار کے مطابق گرنے والے ڈرون کے ملبے سے متعدد مقامات، بشمول گوداموں، میں آگ بھڑک اٹھی جبکہ ایک رہائشی عمارت کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔
دوسری جانب سرحدی روسی شہر بیلگورود میں یوکرینی ڈرون حملے میں دو بچوں سمیت 12 افراد زخمی ہوئے اور ایک رہائشی عمارت میں آگ لگ گئی۔
ادھر یوکرین کے جنوبی شہر زاپوریژژیا میں روسی گائیڈڈ بم اور ڈرون حملے میں ایک شخص ہلاک اور دو زخمی ہو گئے، جبکہ شمالی سومی ریجن میں روسی فضائی حملے کے نتیجے میں پانچ افراد زخمی ہوئے۔
خبر رساں ادارہ رائٹرز ان دعوؤں کی آزادانہ تصدیق نہیں کر سکا، جبکہ روس اور یوکرین دونوں کا کہنا ہے کہ وہ جنگ کے دوران جان بوجھ کر شہریوں کو نشانہ نہیں بناتے۔























Comments