چین کا امریکہ، ایران سے جنگ بندی کے احترام اور لچک کا مطالبہ
- چین نے تنازع کے حل کیلئے کوششیں جاری رکھی ہوئی ہیں، وانگ ای
چین کے اعلیٰ سفارت کار نے مشرقِ وسطیٰ میں نازک جنگ بندی میں شامل فریقین سے جنگ بندی کا احترام کرنے کے مطالبے کا اعادہ کیا اور اس امید کا اظہار کیا ہے کہ امریکہ اور ایران دونوں اس سلسلے میں کچھ لچک دکھائیں گے۔
سرکاری میڈیا کے مطابق وزیرِ خارجہ وانگ ای کا یہ بیان اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کے اوپن سیشن کے دوران سامنے آیا جب ایران نے امریکہ پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کا الزام عائد کرتے ہوئے جوابی کارروائی کی وارننگ دی۔
یاد رہے کہ امریکی افواج نے جنوبی ایران میں میزائل کے ٹھکانوں اور بارودی سرنگیں بچھانے کی کوشش کرنے والی کشتیوں کو نشانہ بنایا تھا جس سے جنگ بندی کے معاہدے کو خطرات لاحق ہو گئے تھے۔
سرکاری خبر رساں ادارے شنہوا کے مطابق وانگ ای نے منگل کو نیویارک میں اقوامِ متحدہ کے اجلاس کے دوران صحافیوں کو بتایا کہ چین اس تنازع کے حل کے لیے کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے اور اس نے اہم فریقین کے ساتھ رابطہ اور ہم آہنگی برقرار رکھی ہوئی ہے۔
وانگ ای نے کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ متعلقہ فریقین جنگ بندی برقرار رکھنے کے عزم پر قائم رہیں گے اور ایک دوسرے کے لیے لچک کا مظاہرہ کرتے ہوئے مشرقِ وسطیٰ میں جلد از جلد امن کی بحالی ممکن بنائیں گے۔

























Comments