یوکرین پر روس کا میزائلوں اور ڈروبز سے بڑا حملہ، ایک شخص ہلاک
- زخمیوں میں 13 افراد کو اسپتال منتقل کردیا گیا
یوکرین کے دارالحکومت کیف پر اتوار کے روز روس نے میزائلوں اور ڈرونز سے ایک بڑا حملہ کیا، جس کے نتیجے میں رہائشی عمارتوں، دفاتر اور اسکولوں کو شدید نقصان پہنچا جبکہ کم از کم ایک شخص ہلاک اور 21 زخمی ہو گئے، حکام نے حملے کی تصدیق کی ہے۔
کیف کے میئر وٹالی کلیچکو کے مطابق حملے کے بعد شہر کے مرکزی ضلع شیوچینکو میں ایک نو منزلہ رہائشی عمارت کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں ایک شخص کی ہلاکت کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ کر آگ بجھانے اور ریسکیو کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
میئر کے مطابق زخمیوں میں 13 افراد کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے، جن میں سے تین کی حالت تشویشناک ہے۔ شہر میں فضائی حملوں کے سائرن دوبارہ بجائے گئے، جبکہ شہریوں کی بڑی تعداد نے رات گئے میٹرو اسٹیشنز میں پناہ لی۔
حکام نے بتایا کہ شیوچینکو کے علاقے میں ایک اسکول کے ایئر ریڈ شیلٹر کا داخلی راستہ ملبے کے باعث بند ہو گیا، جس کے باعث کئی افراد اندر پھنس گئے۔ اسی علاقے میں ایک بزنس سینٹر کے شیلٹر میں بھی لوگوں کے پھنسے ہونے کی اطلاعات ہیں۔ شہر بھر میں 40 سے زائد مقامات کو نقصان پہنچا ہے۔
دھماکوں کی آوازیں رات ایک بجے کے قریب سنائی دیں، جس سے شہر میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ یوکرین کی فضائیہ نے اس سے قبل وارننگ جاری کی تھی کہ روس ہائپرسونک اوریشنک بیلسٹک میزائل استعمال کر سکتا ہے، تاہم اس بارے میں ابھی تصدیق نہیں ہو سکی۔
مزید حملے یوکرین کے دیگر علاقوں میں بھی رپورٹ ہوئے، جبکہ کیف ریجن میں تین مزید افراد زخمی ہوئے۔
صبح کے وقت شہر کے مختلف حصوں سے دھوئیں کے بادل اٹھتے دیکھے گئے جبکہ ریسکیو اہلکار زخمیوں کو اسپتال منتقل کرتے رہے اور متاثرہ عمارتوں میں سرچ آپریشن جاری رہا۔
ادھر روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کی جانب سے یوکرین کے خلاف ممکنہ جوابی کارروائی کے احکامات کے بعد خطے میں کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے۔ پڑوسی ملک پولینڈ نے بھی صورتحال کے پیش نظر اپنی فضائیہ کو متحرک کیا، تاہم اس کی فضائی حدود کی خلاف ورزی رپورٹ نہیں ہوئی۔

























Comments