پاک بحریہ کا مقامی سطح پر تیار کردہ تیمور ایئر لانچڈ کروز میزائل کا کامیاب تجربہ
- صدرِ پاکستان ، وزیراعظم ، فیلڈ مارشل اور مسلح افواج کے سربراہان کی سائنسدانوں اور انجینئرز کو مبارکباد
پاکستان نیوی نے منگل کو تیمور ایئر لانچڈ کروز میزائل کا کامیاب لائیو ویپن فائرنگ تجربہ کیا ہے جو کہ مقامی سطح پر تیار کردہ اینٹی شپ ویپن سسٹم ہے۔
ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز (نیوی) کے مطابق اس کامیاب تجربے کے ذریعے درست نشانہ لگانے کی صلاحیت اور آپریشنل تیاری کا بھرپور مظاہرہ کیا گیا۔
ایئر لانچڈ کروز میزائل نے غیر معمولی درستگی کے ساتھ اپنا ہدف کامیابی سے حاصل کیا جس سے پاک نیوی کی دشمن کے سمندری خطرات کو دور فاصلے سے بروقت شناخت، نشانہ بنانے اور مؤثر انداز میں ختم کرنے کی جنگی صلاحیت کی تصدیق ہوئی۔
پاک نیوی کی جانب سے یہ مظاہرہ قومی دفاعی صلاحیت میں ایک اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے جس سے پاکستان کی مسلح افواج کی روایتی میدان میں کثیر الجہتی اور مربوط حملہ آور حکمت عملی مزید مضبوط ہوئی ہے۔
پاکستان نیوی نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وہ ملکی سمندری مفادات اور خودمختار پانیوں کے تحفظ کے لیے ہر وقت تیار ہے۔
صدرِ پاکستان آصف زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل عاصم منیر اور مسلح افواج کے سربراہان نے اس اہم کامیابی پر سائنسدانوں اور انجینئرز کو مبارکباد پیش کی۔
























Comments