محمد اورنگزیب اور ہاورڈ اے لٹنک کی اہم ملاقات، پاک امریکہ تجارت اور سرمایہ کاری میں اضافے پر اتفاق
- دونوں فریقین کا اقتصادی تعاون، بالخصوص تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں اضافے کی خواہش کا اظہار
وفاقی وزیرِخزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطح پاکستانی وفد نے واشنگٹن ڈی سی میں امریکی وزیرِ تجارت ہاورڈ اے لٹنک سے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر توجہ مرکوز کی گئی۔
ہفتے کو جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق محمد اورنگزیب کے ہمراہ سیکرٹری تجارت، امریکہ میں پاکستان کے سفیر اور تجارت و معیشت کے وزراء بھی موجود تھے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ دونوں فریقین نے اقتصادی تعاون، بالخصوص تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں اضافے کی خواہش کا اظہار کیا، اس کے علاوہ انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی (آئی سی ٹی) کان کنی، معدنیات اور توانائی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے لیے امریکہ کی دلچسپی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیرِ خزانہ نے 31 مارچ 2026 کو پاک امریکہ تجارت و سرمایہ کاری فورم کے انعقاد میں امریکی چیمبر آف کامرس کے کردار کو سراہا جس میں پاکستان اور امریکہ کی وزارتی نمائندگی کے علاوہ دونوں ممالک کی نامور کمپنیاں بھی شرکت کریں گی۔
وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نے اس امید کا اظہار کیا کہ امریکی وزیرِ تجارت کا دفتر بھی اس (فورم) میں شرکت کرے گا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ دونوں فریقین نے آنے والے مہینوں میں بڑے منصوبوں میں سرمایہ کاری کے حوالے سے اپنے روابط کو مزید آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔























Comments