فیلڈ مارشل عاصم منیر کا ملک کے پہلے چیف آف ڈیفنس فورسز کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری
- ایئرچیف مارشل کی ملازمت میں توسیع کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا
وزارت دفاع نے سید عاصم منیر کی بطور چیف آف ڈیفنس فورسز تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ۔
آج نیوز کے مطابق صدر آصف علی زرداری کی منظوری کے ایک روز بعد جاری شدہ نوٹیفکیشن میں تصدیق کی گئی کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو 5 سال کی مدت کے لیے چیف آف ڈیفنس فورسز مقرر کیا گیا ہے۔
قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی بطور آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز تعیناتی کی منظوری دیتے ہوئے سمری صدر مملکت کو ارسال کی تھی۔
چیف آف ڈیفنس فورسز (سی ڈی ایف) کا عہدہ جو 27 ویں آئینی ترمیم کے تحت قائم کیا گیا، اب ختم شدہ جوائنٹ چیف آف اسٹاف کمیٹی (سی جے سی ایس سی) کے چیئرمین کے دفتر کی جگہ لے گا، جو باضابطہ طور پر اس سال 27 نومبر کو ختم ہو گیا تھا۔
اعلامیے کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی مدتِ تعیناتی 5 سال کے لیے ہوگی، اس تعیناتی کے بعد وہ آرمی چیف کے فرائض کے ساتھ دفاعی فورسز کی مشترکہ سربراہی بھی سنبھالیں گے۔

اسی دوران ایئرچیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھوکی مدت ملازمت میں توسیع کا بھی نوٹیفیکیشن جاری ہوا ہے۔
ایئرچیف مارشل ظہیر احمد بابرکی بطور سربراہ پاک فضائیہ مدت میں دو سال کی توسیع کی گئی ہے۔ مدت میں توسیع کا اطلاق 19 مارچ 2026 سے ہوگا۔
ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی مدت ملازمت میں توسیع کا نوٹیفکیشن آئین کی شق 243 اور ایئر فورس ایکٹ کی شق 10 بی کےتحت جاری کیا گیا ہے۔
بابر سدھو کو مارچ 2021 میں چیف آف دی ایئر اسٹاف مقرر کیا گیا تھا اور انہیں 2024 میں ایک سال کی مدت کیلئے توسیع بھی دی گئی تھی۔

























Comments
Comments are closed.