اعتماد کا بڑھتا ہوا فقدان
- ’’سرمایہ مواقع دیکھ کر آتا ہے، لیکن اعتماد کی فضا میں ہی ٹھہرتا ہے۔‘‘
بڑی سرمایہ کاری کے معاہدوں کے حوالے سے خوشی اور جوش و خروش کے ماحول میں ایک بنیادی اہمیت کا حامل معاملہ، جو کسی بھی معیشت کی کامیابی یا ناکامی کا فیصلہ کرسکتا ہے، خاموشی سے بحران کی جانب بڑھ رہا ہے، اور وہ ہے سرمایہ کاروں کا اعتماد۔ پاکستان جہاں اربوں ڈالر کی ممکنہ سرمایہ کاری اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے بلند بانگ وعدوں کا جشن منا رہا ہے، وہیں ملک میں پہلے سے کاروبار کرنے والے اداروں کا اعتماد تیزی سے کم ہونا ایک تشویش ناک تضاد ہے۔
یہ حقیقت سرمایہ کاری کے حوالے سے سفارتی سرگرمیوں کی سرخیوں میں دب سکتی ہے، لیکن اس کے اثرات ملک کے معاشی اور سماجی ڈھانچے، بالخصوص اپنے وطن میں بہتر مستقبل کی تلاش میں نوجوانوں پر کہیں زیادہ دیرپا ہوسکتے ہیں۔
اوورسیز انویسٹرز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (او آئی سی سی آئی) کے کاروباری اعتماد سے متعلق سروے (ویو 30) کے نتائج، جو 24 نومبر 2026 کو جاری کیے گئے، اس تشویش ناک صورت حال کو نمایاں کرتے ہیں۔ ان نتائج پر پاکستان کی سیاسی، معاشی اور ادارہ جاتی قیادت کو سنجیدگی سے غور کرنا چاہیے۔
پاکستان کو سرمایہ کاری کے حوالے سے درپیش چیلنج محض معاشی بنیادی عوامل تک محدود نہیں۔ او آئی سی سی آئی کے تازہ سروے نے اداروں کی ساکھ، پالیسیوں کے تسلسل اور ملک کے وسیع تر سماجی و معاشی ڈھانچے میں اعتماد کے کمزور پڑنے سے متعلق کئی اہم سوالات اٹھائے ہیں۔
یہ سروے ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب وزیراعظم اور ان کی معاشی ٹیم معاشی بحالی اور پائیدار ترقی کے لیے براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری (ایف ڈی آئی) کو ایک اہم ذریعہ بنانے کی کوششوں میں سرگرم ہے۔
مجموعی کاروباری اعتماد میں 36 فیصد پوائنٹس کی کمی ہوئی ہے، جو مثبت 13 فیصد سے گر کر منفی 23 فیصد پر آگیا۔ اس سے بھی زیادہ تشویش ناک بات او آئی سی سی آئی کے ارکان کے اعتماد میں 55 فیصد پوائنٹس کی کمی ہے، جو مثبت 28 فیصد سے گر کر منفی 27 فیصد ہوگیا۔ اس طرح ان کا اعتماد غیر ارکان کی سطح منفی 19 فیصد سے بھی نیچے چلا گیا۔
یہ ایسے غیر ملکی سرمایہ کار ہیں جو پاکستان میں پہلے سے کاروبار کررہے ہیں اور ملک کے معاشی اتار چڑھاؤ، سیاسی تبدیلیوں اور ضابطہ جاتی پیچیدگیوں کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔ ان کے اعتماد میں کمی کو خاص طور پر سنجیدگی سے لینے کی ضرورت ہے۔
اعتماد میں یہ کمی معیشت کے تمام بڑے شعبوں میں دیکھی گئی ہے۔ خوردہ اور تھوک تجارت میں سب سے زیادہ 45 فیصد پوائنٹس کی کمی ہوئی اور اعتماد منفی 25 فیصد پر آگیا۔ مینوفیکچرنگ میں بھی اعتماد منفی 25 فیصد، جبکہ خدمات کے شعبے میں منفی 17 فیصد رہا۔ روزگار اور سرمایہ کاری کے حوالے سے توقعات بھی منفی ہوگئی ہیں، جبکہ کاروبار کو وسعت دینے کی توقعات مثبت 30 فیصد سے کم ہوکر محض مثبت 3 فیصد رہ گئی ہیں۔
تاہم، او آئی سی سی آئی کے سروے کے نتائج کا آزادانہ اور غیر جانب دارانہ جائزہ لینا بھی ضروری ہے۔
کاروباری اعتماد کے سروے کسی خاص وقت میں کاروباری اداروں کے احساسات اور توقعات کی عکاسی کرتے ہیں۔ سروے کا عرصہ ایسے وقت میں آیا جب عالمی سطح پر جغرافیائی سیاسی غیر یقینی صورت حال بڑھ رہی تھی، توانائی کی عالمی منڈیوں میں خلل پڑ رہا تھا اور مہنگائی کا دباؤ تھا، جو صرف پاکستان تک محدود نہیں تھا۔ اس کے علاوہ اسٹیٹ بینک کے اعداد و شمار کے مطابق جولائی تا اکتوبر 2026 کے دوران براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری 22 فیصد بڑھ کر 935 ملین ڈالر ہوگئی۔ سرمایہ کاری کی آمد میں اضافے اور کاروباری اعتماد میں کمی کے اس بظاہر تضاد کا گہرائی سے جائزہ لینے کی ضرورت ہے۔
او آئی سی سی آئی بھی پاکستان کا موازنہ اسی نوعیت کی دیگر ابھرتی ہوئی معیشتوں سے کرکے، بیرونی عوامل کے اثرات اور ملک کی اندرونی ساختی کمزوریوں میں فرق واضح کرکے اور اپنے ارکان کے سرمایہ کاری فیصلوں پر اثرانداز ہونے والی کاروباری رکاوٹوں کا جائزہ لے کر پالیسی بحث کو مزید بہتر بنا سکتا ہے۔
وزیراعظم کی معاشی ٹیم، بورڈ آف انویسٹمنٹ اور خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کے تعاون سے مختلف فورمز پر بین الاقوامی سرمایہ کاری شراکت داریوں کے لیے کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔ جنیوا میں عالمی سرمایہ کاری کانفرنس اور پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم میں پاکستان کی حالیہ شرکت بھی اسی عزم کا اظہار ہے۔
اصل چیلنج ان کوششوں کو پاکستان میں پہلے سے کام کرنے والے سرمایہ کاروں کے تجربات کے ساتھ ہم آہنگ کرنا ہے۔ موجودہ غیر ملکی سرمایہ کار ملک کے سب سے معتبر سرمایہ کاری سفیر قرار دیے جاسکتے ہیں۔ ان کی جانب سے دوبارہ سرمایہ کاری کی آمادگی، سفارتی یقین دہانیوں، سرمایہ کاری کانفرنسوں یا مفاہمت کی یادداشتوں سے کہیں زیادہ مؤثر ہوتی ہے۔ کوئی نیا سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ لگانے یا نہ لگانے کا فیصلہ کرتے وقت پہلے سے موجود سرمایہ کاروں کے تجربات کو دیکھتا ہے۔
پاکستان میں اعتماد کے مسلسل فقدان کا جائزہ روایتی معاشی پیمانوں سے آگے بڑھ کر بھی لینا چاہیے۔ ملک کا سماجی ڈھانچہ، اداروں کی پختگی، سیاسی برداشت اور قانون کی حکمرانی سے وابستگی سرمایہ کاری کے ماحول کا لازمی حصہ ہیں۔
بیس سال کے لیے سرمایہ کاری کا فیصلہ کرنے والا سرمایہ کار صرف ٹیکسوں، توانائی کے نرخوں اور شرح مبادلہ کو نہیں دیکھتا۔ سماجی ہم آہنگی، ذاتی تحفظ، مذہبی رواداری، عدلیہ کی آزادی، انسانی وسائل کی صلاحیت، حکومتی پالیسیوں کا تسلسل اور معاہدوں کی پاسداری کی ساکھ بھی طویل مدتی سرمایہ کاری کے فیصلوں پر اثرانداز ہوتی ہے۔
سیاسی تقسیم، سماجی عدم برداشت کے واقعات، معاشی ناہمواری اور ادارہ جاتی نظام کے حوالے سے پائی جانے والی غیر یقینی صورت حال کا بھی مالیاتی اور زری پالیسیوں کے ساتھ جائزہ لیا جانا چاہیے۔
معاشی خوش حالی اور سماجی استحکام ایک دوسرے کو مضبوط کرتے ہیں۔ ایسا معاشرہ جو اپنے شہریوں کو معیاری تعلیم، صحت کی سہولتیں، روزگار کے مواقع اور انصاف تک مساوی رسائی فراہم کرنے میں مشکلات کا شکار ہو، وہ طویل عرصے تک اپنے کاروباری ماحول کو ان کمزوریوں کے اثرات سے محفوظ نہیں رکھ سکتا۔
اس کے ساتھ ساتھ سرمایہ کاری کے ماحول میں پائیدار بہتری کے لیے ایسی اصلاحات ضروری ہیں جن سے ملکی کاروباری افراد، چھوٹے کاروباروں اور غیر ملکی کمپنیوں، سب کو فائدہ پہنچے۔ غیر معمولی انتظامی اقدامات سے بعض منصوبوں کو آگے بڑھانے میں مدد مل سکتی ہے، لیکن ایسا سرمایہ کاری نظام جس کی بنیاد واضح اور قابل پیش گوئی قواعد اور اداروں کی مؤثر کارکردگی پر ہو، کہیں زیادہ دیرپا ثابت ہوتا ہے۔
حکومت کے سرمایہ کاری سہولت فراہم کرنے والے اداروں کی کارکردگی کو بھی قابلِ پیمائش نتائج کی بنیاد پر جانچنا چاہیے، جن میں حقیقتاً سرمایہ کاری، سرمایہ کاروں کو برقرار رکھنا، دوبارہ سرمایہ کاری، روزگار کی فراہمی، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور برآمدات میں مسابقت بڑھانا شامل ہیں۔ اسی طرح سرمایہ کاروں کی شکایات دور کرنے اور پالیسیوں پر عمل درآمد کے حوالے سے جواب دہی یقینی بنانے کا قابلِ اعتماد نظام بھی اہم ہے۔
پاکستان میں معاشی امکانات، بڑی صارف مارکیٹ، نوجوان آبادی اور قدرتی وسائل کی نمایاں فراوانی موجود ہے، لیکن صرف امکانات کی بنیاد پر عالمی سرمایہ حاصل نہیں کیا جاسکتا۔
ویو 30 سے حاصل ہونے والا بڑا سبق یہ ہے کہ سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنے کے لیے صرف معیشت کو مستحکم کرنا یا سرمایہ کاری کے عمل میں سہولتیں فراہم کرنا کافی نہیں۔ اس کے لیے اداروں کی ساکھ بہتر بنانے، سماجی ہم آہنگی برقرار رکھنے اور ذمہ دارانہ طرزِ حکمرانی کے لیے مسلسل عزم اور عملی اقدامات درکار ہیں۔ سرمایہ مواقع دیکھ کر آتا ہے، لیکن اعتماد کی فضا میں ہی ٹھہرتا ہے۔ پاکستان کو بیرون ملک سے سرمایہ کاری حاصل کرنے کی کوششوں کے ساتھ ساتھ ملک میں اعتماد بحال کرنے پر بھی اسی سنجیدگی اور محنت سے کام کرنا ہوگا۔


























Comments