گوگل کی اسپیس ایکس سے مزید کمپیوٹنگ صلاحیت کرائے پر لینے میں دلچسپی
- اسپیس ایکس کا گوگل کے ساتھ پہلے ہی کلاؤڈ سروسز کی فراہمی کا کئی سالہ معاہدہ موجود ہے
ایلون مسک نے ہفتے کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ گوگل، اسپیس ایکس سے مزید کمپیوٹنگ صلاحیت کرائے پر حاصل کرنے میں دلچسپی رکھتا ہے، تاہم انہوں نے اس حوالے سے مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔
مسک، اسپیس ایکس اور گوگل نے خبر رساں ادارے رائٹرز کی جانب سے تبصرے کے لیے بھیجی گئی درخواستوں کا فوری جواب نہیں دیا۔
اسپیس ایکس کا گوگل کے ساتھ پہلے ہی کلاؤڈ سروسز کی فراہمی کا کئی سالہ معاہدہ موجود ہے جس پر کمپنی نے اپنی تاریخی آئی پی او سے قبل دستخط کیے تھے۔ جون میں اعلان کردہ معاہدے کی شرائط کے مطابق گوگل رواں سال اکتوبر سے جون 2029 تک اسپیس ایکس کو ماہانہ 92 کروڑ ڈالر ادا کرے گا۔
معاہدے کے تحت فراہم کی جانے والی کمپیوٹنگ صلاحیت میں تقریباً ایک لاکھ 10 ہزار این ویڈیا کے گرافکس پروسیسنگ یونٹس ، سینٹرل پروسیسنگ یونٹس ، میموری اور دیگر متعلقہ اجزا شامل ہیں۔
جنریٹو اے آئی کی خدمات متعارف ہونے کے بعد کمپیوٹنگ انفرااسٹرکچر کی طلب میں نمایاں اضافہ ہوا ہے جس کے باعث ٹیکنالوجی کمپنیوں نے این ویڈیا اور دیگر مینوفیکچررز کی جدید چپس سے لیس ڈیٹا سینٹرز میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری شروع کر دی ہے۔
مئی میں اسپیس ایکس کی حریف کمپنی اینتھروپک نے بھی اعلان کیا تھا کہ اس نے اسپیس ایکس کے کمپیوٹنگ وسائل استعمال کرنے کیلئے معاہدہ کیا ہے۔
اسپیس ایکس نے جون میں ریگولیٹری حکام کو جمع کرائی گئی ایک دستاویز میں انکشاف کیا تھا کہ اینتھروپک اور گوگل کے ساتھ کمپیوٹنگ صلاحیت کی فراہمی کے معاہدوں کی مجموعی مالیت 70 ارب ڈالر سے زائد ہے۔
اسپیس ایکس اپنے موجودہ ڈیٹا سینٹر مرکز جو میمفس کے نواحی علاقے میں واقع ہے سے آگے بھی کمپیوٹنگ صلاحیت میں اضافہ کر رہا ہے۔ کمپنی نے رواں ماہ بتایا تھا کہ وہ ٹیکساس کی ریو گرانڈے ویلی میں اسٹار بیس کے مقام پر ایک نئے سپر کمپیوٹر مرکز اور ایریزونا کی کاؤچائز کاؤنٹی میں دوسرے کیمپس کے قیام کے منصوبے پر 74 ارب ڈالر سے زائد خرچ کرے گی۔


























Comments