BR100 Decreased By (-0.25%)
BR30 Decreased By (-0.2%)
KSE100 Decreased By (-0.24%)
KSE30 Decreased By (-0.32%)
BAFL 59.91 Decreased By ▼ -0.17 (-0.28%)
BIPL 24.55 Increased By ▲ 0.01 (0.04%)
BOP 31.30 Decreased By ▼ -0.08 (-0.25%)
CNERGY 11.68 Increased By ▲ 0.03 (0.26%)
DFML 17.14 Increased By ▲ 0.56 (3.38%)
DGKC 205.50 Increased By ▲ 0.12 (0.06%)
FABL 93.76 Increased By ▲ 0.21 (0.22%)
FCCL 60.91 Decreased By ▼ -0.10 (-0.16%)
FFL 14.88 No Change ▼ 0.00 (0%)
GGL 21.30 Increased By ▲ 0.38 (1.82%)
HBL 303.98 Decreased By ▼ -1.72 (-0.56%)
HUBC 211.50 Decreased By ▼ -1.04 (-0.49%)
HUMNL 8.24 Increased By ▲ 0.13 (1.6%)
KEL 6.05 Decreased By ▼ -0.04 (-0.66%)
LOTCHEM 25.70 Decreased By ▼ -0.13 (-0.5%)
MLCF 108.60 Increased By ▲ 0.81 (0.75%)
OGDC 311.61 Decreased By ▼ -0.16 (-0.05%)
PAEL 34.39 Decreased By ▼ -0.19 (-0.55%)
PIBTL 13.44 Decreased By ▼ -0.05 (-0.37%)
PIOC 285.00 Increased By ▲ 1.44 (0.51%)
PPL 223.50 Decreased By ▼ -1.21 (-0.54%)
PRL 80.94 Increased By ▲ 0.92 (1.15%)
SNGP 91.15 Decreased By ▼ -0.14 (-0.15%)
SSGC 24.02 Increased By ▲ 0.39 (1.65%)
TELE 7.50 Decreased By ▼ -0.10 (-1.32%)
TPLP 13.75 Increased By ▲ 0.25 (1.85%)
TRG 54.05 Decreased By ▼ -0.05 (-0.09%)
UNITY 8.40 Increased By ▲ 0.02 (0.24%)
WTL 1.20 Increased By ▲ 0.01 (0.84%)
ٹیکنالوجی

مائیکروسافٹ نے تاریخ کی بڑی سروس معطلی کے بعد ’کوڈ ریڈ‘ نافذ کردیا، اندرونی یادداشتوں میں انکشاف

  • ’کوڈ ریڈ‘ مائیکروسافٹ کے انجینئرنگ اور آپریشنل طریقہ کار کی خامیوں کو دور کرنے کے لیے انتہائی سنگین اور فوری نوعیت کے ہنگامی انتباہ کی علامت تھا
شائع اپ ڈیٹ

مائیکروسافٹ نے اپنی خدمات میں بڑے پیمانے پر تعطل کی روک تھام اور ایسے واقعات سے نمٹنے کے طریقہ کار میں بنیادی تبدیلیوں کے لیے ’کوڈ ریڈ‘ مہم شروع کردی ہے۔ خبر رساں ادارے رائٹرز کے جائزے میں آنے والی کمپنی کی اندرونی یادداشتوں کے مطابق، یہ اقدام 24 گھنٹے کی ایک بڑی بندش کے بعد کیا گیا، جس نے کمپنی کے انجینئرنگ نظام اور بحرانی صورتحال سے نمٹنے کی صلاحیت میں خامیوں کو بے نقاب کیا۔

12 اور 13 نومبر کو ہونے والی اس بندش سے آسٹریلیا، جاپان اور امریکا سمیت مختلف ممالک کے سرکاری ادارے متاثر ہوئے، مالیاتی کمپنیوں میں کاروباری سرگرمیاں تاخیر کا شکار ہوئیں اور فضائی کمپنیوں کے مواصلاتی نظام میں خلل پڑا۔ اس واقعے نے اہم ڈیجیٹل انفرااسٹرکچر کے عدم تحفظ سے متعلق خدشات کو مزید بڑھا دیا۔ مائیکروسافٹ نے واضح کیا کہ اس تعطل کا سائبر سرگرمیوں یا مصنوعی ذہانت کے ایجنٹس سے کوئی تعلق نہیں تھا۔

مائیکروسافٹ نے اس بندش کی وجہ ونڈوز میں ایک ایسے تکنیکی نقص کو قرار دیا جس کی بروقت نشاندہی نہیں ہوسکی تھی اور جو جولائی میں متعارف کرایا گیا تھا۔ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ستیا ناڈیلا نے اس تعطل پر عوامی سطح پر معذرت بھی کی تھی۔

’کوڈ ریڈ‘ مائیکروسافٹ کے انجینئرنگ اور آپریشنل طریقہ کار کی خامیوں کو دور کرنے کے لیے انتہائی سنگین اور فوری نوعیت کا ہنگامی انتباہ تھا۔ یہ اقدام اس تعطل کے بعد کیا گیا جس سے کمپنی کی کلاؤڈ پر مبنی ای میل سروس ایکسچینج آن لائن، آؤٹ لک، ٹیمز، مصنوعی ذہانت پر مبنی معاون کوپائلٹ اور مائیکروسافٹ 365 کی دیگر مصنوعات متاثر ہوئی تھیں۔

مائیکروسافٹ 365 کور کے صدر جیسن ہینڈرسن نے جمعے کے روز عملے کو بھیجی گئی یادداشت میں کہا کہ یہ ایکسچینج آن لائن کی تاریخ کا صارفین کو سب سے زیادہ متاثر کرنے والا واقعہ تھا۔

انہوں نے کہا کہ اس سے پہلے کبھی اتنی بڑی تعداد میں صارفین کو اتنی طویل مدت تک ای میل سروس سے محروم نہیں ہونا پڑا تھا۔ جیسن ہینڈرسن نے مزید کہا، ’’کوڈ ریڈ کا مطلب ہے کہ یہ ہماری ٹیم کے لیے سب سے زیادہ ترجیحی کام ہے۔‘‘

’افراتفری اور غیر یقینی صورتحال‘

مائیکروسافٹ کے ایم 365 کور اور ورک آئی کی نگرانی کرنے والی کارپوریٹ نائب صدر امانڈا سلور نے پیر کے روز ایک الگ یادداشت میں بتایا کہ سروس کی بندش کے دوران انجینئرز کو انتہائی افراتفری اور غیر یقینی صورتحال میں کام کرنا پڑا۔

امانڈا سلور کے مطابق، اعلیٰ ترین انجینئرنگ ماہرین کو تعینات کیے جانے کے باوجود، مسئلے سے نمٹنے والی ٹیموں نے ٹیمز کی 11 چیٹس میں 11 ہزار سے زائد پیغامات کا تبادلہ کیا، تاہم مختلف امکانات اور فیصلوں کی مربوط تصویر سامنے لانے میں مشکلات کا سامنا رہا، کیونکہ خرابی کی تشخیص سے متعلق معلومات کمپنی کے مختلف اور باہم منقسم اندرونی نظاموں میں بکھری ہوئی تھیں۔

سلور کی یادداشت کے مطابق، مائیکروسافٹ کے کوپائلٹ، ایجنٹس اور پلیٹ فارم کے ایگزیکٹو نائب صدر چارلس لامانا نے ’کوڈ ریڈ‘ کے جائزہ اجلاس میں بتایا کہ متاثرہ نظام کے متعلقہ حصے میں تقریباً 10 سال کے دوران اتنی خرابیاں برداشت کی جاچکی تھیں جتنی قابلِ قبول سمجھی جاتی ہیں۔

مائیکروسافٹ کے ترجمان نے ان یادداشتوں کے بارے میں رائٹرز کے رابطے پر کہا، ’’ہماری ذمہ داری سروس بحال ہونے پر ختم نہیں ہوتی۔ ہماری ٹیمیں حاصل ہونے والے اسباق پر تیزی سے عمل درآمد کے لیے چوبیس گھنٹے کام کرتی رہتی ہیں اور ہماری قیادت اس بات کو یقینی بناتی ہے کہ یہ کام ہماری اولین ترجیح رہے۔‘‘

سروس کی بحالی کا ہدف

’کوڈ ریڈ‘ کے تحت، جو انتہائی سنگین بحرانوں سے نمٹنے کے لیے شروع کی گئی اعلیٰ ترجیحی مہم ہے، امانڈا سلور نے پانچ شعبوں میں کام کرنے کا خاکہ پیش کیا۔ ان میں نظام پر بوجھ کم کرنا، مختلف جغرافیائی خطوں میں ٹریفک کی تقسیم اور سروس کی تیز رفتار بحالی کے طریقہ کار شامل ہیں۔

مائیکروسافٹ نے آئندہ ایسے واقعات میں دنیا بھر میں ایک گھنٹے کے اندر سروس بحال کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے۔ کمپنی انجینئرز کو نظام کی کارکردگی سے متعلق معلومات تیزی سے جانچنے اور خرابی کی تشخیص میں مدد دینے کے لیے مصنوعی ذہانت کے ایجنٹس بھی تعینات کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔

جیسن ہینڈرسن نے کہا کہ وہ مائیکروسافٹ 365 کی بنیادی خدمات کے لیے ذمہ دار انجینئرنگ گروپ کی نگرانی کرنے والی سبسٹریٹ قیادت کی ٹیم کے ساتھ روزانہ اجلاس کریں گے تاکہ حالیہ تعطل کے بعد کیے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا جاسکے۔ اس سلسلے میں ہفتہ وار جائزہ اجلاس بھی منعقد کیے جائیں گے۔

کمپنی کے ترجمان نے کہا کہ مائیکروسافٹ نہ صرف مسائل پیدا ہونے پر انہیں حل کرنے بلکہ مستقبل میں ایسی رکاوٹوں کی روک تھام کے لیے ہر ممکن اقدام کرنے کے لیے بھی پُرعزم ہے۔

سافٹ ویئر اپ ڈیٹس کی تنصیب میں تاخیر

جیسن ہینڈرسن نے کہا، ’’بدقسمتی سے، گزشتہ برسوں کے دوران ہم نے جو کچھ کیا، وہ جمعرات کے روز ہمیں اس صورتحال سے بچانے کے لیے کافی ثابت نہیں ہوا۔‘‘ انہوں نے مزید بتایا کہ انہوں نے ان وسیع تر تنظیمی اور انتظامی خامیوں کا تفصیلی جائزہ لیا ہے جن کے باعث یہ مسائل پیدا ہوئے۔

رائٹرز کے جائزے میں آنے والی رواں ماہ کے اوائل کی ایک اور اندرونی یادداشت میں ہینڈرسن نے کہا کہ ایم 365 کور سروسز کے لیے فوری نوعیت کی سافٹ ویئر اپ ڈیٹس دنیا بھر میں نافذ کرنے میں غیر معمولی تاخیر ہوئی۔

انہوں نے لکھا، ’’ایک اور حالیہ واقعے میں فوری طور پر تیار کی گئی سافٹ ویئر اصلاح کو دنیا بھر میں مکمل طور پر نافذ کرنے میں پانچ سے چھ دن لگ گئے۔ ہمارے لیے انتہائی سنگین نوعیت کے سکیورٹی مسائل کی صورت میں خرابی کی نشاندہی سے لے کر محفوظ اپ ڈیٹ کی عالمی سطح پر تنصیب تک کا عمل ایک گھنٹے میں مکمل ہونا چاہیے۔ ظاہر ہے کہ ہم ابھی اس ہدف سے بہت دور ہیں۔‘‘

Comments

200 حروف