دہشت گردی پر پاک بھارت مذاکرات شواہد کی بنیاد پر ہوں گے، مصدق ملک
- پاکستان متعدد بار بھارت کو تمام تصفیہ طلب تنازعات، بشمول پانی کے مسئلے، کے حل کے لیے مذاکرات کی پیشکش کرچکا ہے
وفاقی وزیر مصدق ملک نے اتوار کو کہا کہ دہشت گردی کے معاملے پر پاکستان اور بھارت کے درمیان کسی بھی مذاکرات کی بنیاد شواہد پر ہونی چاہیے۔
مصدق ملک تین روزہ دورے پر نئی دہلی میں موجود ہیں، جہاں وہ شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے تہذیبی مکالمے کے فورم میں شرکت کر رہے ہیں۔ وہ مئی 2023 میں سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی ایس سی او اجلاس میں شرکت کے بعد بھارت کا دورہ کرنے والے پہلے پاکستانی وزیر ہیں۔
پاکستان متعدد بار بھارت کو تمام تصفیہ طلب تنازعات، بشمول پانی کے مسئلے، کے حل کے لیے مذاکرات کی پیشکش کرچکا ہے۔
بھارتی خبر رساں ادارے اے این آئی کی جانب سے اتوار کو شیئر کی گئی ویڈیو کلپس میں مصدق ملک نے بھارتی میڈیا کے سوالات کے جواب دیتے ہوئے کہا کہ وہ صحافیوں کے سامنے پاکستان کا مؤقف بارہا پیش کرچکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں آپ کو واضح جواب دے رہا ہوں کہ جب بھی مذاکرات ہوں گے، وہ شواہد کی بنیاد پر ہوں گے اور یقیناً ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر نئی دہلی دیرپا حل چاہتا ہے تو اسے بھی اس حوالے سے سنجیدہ ہونا ہوگا۔
مصدق ملک نے کہا کہ بھارت کے بھی کچھ مسائل ہوسکتے ہیں، تاہم پاکستان کے مسائل اس سے کہیں زیادہ ہیں اور ان کے حل کے لیے بھی شواہد درکار ہیں۔
وزیر موسمیاتی تبدیلی نے اپنے مؤقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بارہا واضح کرچکا ہے کہ دہشت گردی سے متعلق شواہد دوطرفہ اور کثیرالجہتی فورمز پر پیش کیے جاسکتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ آپ شواہد پیش کرسکتے ہیں، ہمارے پاس بھی ایسے شواہد موجود ہیں جنہیں ہم پیش کرنا چاہتے ہیں۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2026





















Comments