مہنگی ایل پی جی شپمنٹ، ایس ایس ایل اور پی ایس او کو ایک ارب روپے نقصان کا خدشہ
- خریدار بلند قیمتوں پر گیس خریدنے سے گریز کر رہے ہیں
سرکاری اداروں سوئی سدرن گیس ایل پی جی لمیٹڈ (ایس ایس ایل) اور پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) کو مہنگی درآمدی مائع پیٹرولیم گیس (ایل پی جی) کی ایک شپمنٹ پر تقریباً ایک ارب روپے نقصان کا خدشہ ہے، جبکہ خریدار بلند قیمتوں پر گیس خریدنے سے گریز کر رہے ہیں۔
سوئی سدرن گیس ایل پی جی لمیٹڈ نے صارفین کو مطلع کیا ہے کہ مستقبل میں گیس کی فراہمی اور کوٹے کی ترجیح ان کاروباری شراکت داروں کو دی جائے گی جو مشکل مارکیٹ حالات میں اپنے معاہدوں کی پاسداری کریں گے۔ کمپنی کے مطابق طے شدہ معاملات سے پیچھے ہٹنے والے صارفین آئندہ ترجیحی حیثیت سے محروم ہوسکتے ہیں۔
18 نومبر 2026 کو ابوظہبی سے درآمد کیا گیا 20 ہزار ٹن ایل پی جی کا ریکارڈ کارگو کراچی کی بندرگاہ پورٹ قاسم پر اینگرو ووپاک ٹرمینل پہنچا تھا۔ یہ شپمنٹ وفاقی کابینہ کی 3 نومبر کو منظور کردہ ایل پی جی درآمد اور قیمتوں سے متعلق نظرثانی شدہ پالیسی کے تحت پہلی بڑی درآمد تھی۔ اس میں ایس ایس ایل کا حصہ 15 ہزار ٹن جبکہ پی ایس او کا حصہ 5 ہزار ٹن ہے۔
پورٹ قاسم اتھارٹی اور کسٹمز کے شپنگ ریکارڈ کے مطابق ایل پی جی 1,235 ڈالر فی ٹن لاگت و مال برداری (سی این ایف) کی قیمت پر خریدی گئی، جس میں سعودی آرامکو کنٹریکٹ پرائس کے علاوہ 485 ڈالر فی ٹن اضافی پریمیم شامل تھا۔ نتیجتاً گیس کی درآمدی لاگت تقریباً 4 لاکھ 65 ہزار روپے فی ٹن تک پہنچ گئی، جو مقامی مارکیٹ میں 4 لاکھ روپے فی ٹن سے کم نرخوں کے مقابلے میں زیادہ ہے۔
بڑے جہاز کو درآمد کنندہ کے اپنے ٹرمینل پر لنگرانداز نہیں کیا جاسکا، جس کے باعث اسے اینگرو ووپاک ٹرمینل منتقل کرنا پڑا۔ اس سے فی ٹن 38 ڈالر اضافی ہینڈلنگ چارجز عائد ہوئے۔ 15 ہزار ٹن میں سے صرف 6 ہزار ٹن گیس اتاری جاسکی، جبکہ باقی 9 ہزار ٹن ذخیرہ کرنے کی گنجائش نہ ہونے کے باعث جہاز میں موجود ہے۔
اگر تاخیر 10 روز سے تجاوز کرگئی تو اضافی یومیہ جرمانہ، یعنی ڈیمرج چارجز بھی عائد ہوں گے، جن کا بوجھ بالآخر صارفین پر منتقل کیا جائے گا۔
ایس ایس ایل کے مطابق بعض صارفین نے ادائیگی اور مقدار کی تصدیق کے باوجود گیس اٹھانے سے گریز کیا یا اپنے وعدوں سے دستبردار ہوگئے۔ کمپنی نے کہا ہے کہ مستقبل میں کاروباری ترجیحات صارفین کی مستقل مزاجی، بروقت ادائیگی اور معاہدوں کی پاسداری کو مدنظر رکھتے ہوئے طے کی جائیں گی۔
دوسری جانب پی ایس او نے ایل پی جی کی قیمت 509.86 روپے فی کلو مقرر کی ہے، جس میں قابل اطلاق مال برداری کے اخراجات شامل نہیں۔ محدود سپلائی، سوئی گیس کے کم پریشر اور موسمی طلب کے باعث اوپن مارکیٹ میں قیمت 500 سے 550 روپے فی کلو کے درمیان ہے۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2026





















Comments