فیول ریلیف پروگرام،وزیراعظم کی رکاوٹ ڈالنے والے پیٹرول پمپس کے لائسنس منسوخ کرنے کی ہدایت
- وزیراعظم کو آگاہ کیا گیا کہ 15.5 ملین سے زائد افراد نے پروگرام کے لیے رجسٹریشن کرائی ہے
وزیراعظم شہباز شریف نے جمعرات کو حکام کو ہدایت کی ہے کہ حکومتی فیول ریلیف پروگرام کے تحت رجسٹرڈ مستحقین کو سہولت فراہم نہ کرنے والے پیٹرول پمپس کے لائسنس منسوخ کردیے جائیں۔ اس ہدایت سے ظاہر ہوتا ہے کہ حکومت سبسڈی والے ایندھن کی فراہمی میں رکاوٹ ڈالنے والے پیٹرول پمپس کے خلاف سخت کارروائی کرے گی۔
وزیراعظم کو آگاہ کیا گیا کہ 15.5 ملین سے زائد افراد نے پروگرام کے لیے رجسٹریشن کرائی ہے، جبکہ 4 نومبر تک سبسڈی اسکیم کے تحت 28.6 ارب روپے تقسیم کیے جاچکے ہیں۔
وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں پروگرام پر عمل درآمد، رجسٹریشن، سبسڈی کی ادائیگی اور شفافیت یقینی بنانے کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
سرکاری بریفنگ کے مطابق اسکیم کے تحت مجموعی طور پر 15,519,282 شہری رجسٹرڈ ہوئے ہیں، جن میں تقریباً 15.06 ملین موٹر سائیکل مالکان اور 449,000 ایسے گاڑیوں کے مالکان شامل ہیں جن کی انجن صلاحیت 800 سی سی تک ہے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ پروگرام کے تحت اب تک ایندھن سبسڈی کے 63,153,685 ٹوکن جاری کیے جاچکے ہیں، جن میں سے 59,445,347 استعمال کیے جاچکے ہیں۔
شہباز شریف نے پروگرام کی پیش رفت اور شفافیت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ رجسٹریشن اور سبسڈی کے حصول کا طریقہ کار آسان بنانے سے اندراج میں اضافہ ہوا ہے اور زیادہ مستحق شہری اس سہولت سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ مستحقین کو سہولت فراہم نہ کرنے والے پیٹرول پمپس کے لائسنس منسوخ کرنے کی ہدایت کا مقصد پروگرام پر مؤثر عمل درآمد یقینی بنانا ہے اور اس حوالے سے کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے ٹیکنالوجی پر مبنی سبسڈی کے نظام کو مستقبل میں عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کے لیے اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ شفاف اور آسان نظام کے ذریعے امداد مستحق افراد تک پہنچانا ضروری ہے۔
وزیراعظم نے وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شزا فاطمہ، وفاقی سیکریٹری آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن ضرار ہاشم خان اور ان کی ٹیم کی جانب سے پروگرام کی نگرانی کے لیے ڈیش بورڈ اور مانیٹرنگ نظام تیار کرنے کی کوششوں کو سراہا۔
اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ صارفین اور پیٹرول پمپ آپریٹرز کی رہنمائی اور شکایات کے ازالے کے لیے الگ الگ کال سینٹرز قائم کیے گئے ہیں۔
شہباز شریف نے ہدایت کی کہ پروگرام کی مؤثر نگرانی اور شفافیت یقینی بنائی جائے تاکہ اہل شہریوں کو بلا رکاوٹ سبسڈی فراہم کی جاسکے۔
اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ، وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک، وزیر اقتصادی امور احد چیمہ، وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال کیانی اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2026























Comments