نگبو گرین کے حصص 4 روز میں 34 فیصد سے زائد گر گئے
- کمپنی کے حصص کی قیمت منگل کو 13.82 روپے پر بند ہوئی
پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں لسٹنگ کے بعد صرف 4 کاروباری سیشنز کے دوران ننگبو گرین لائٹ انرجی لمیٹڈ (این جی ایل ای ایل) کے حصص کی قیمت میں 34 فیصد سے زائد کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جبکہ روزانہ تقریباً 10 فیصد کمی کے بعد منگل کو حصص کی قیمت 13.82 روپے پر بند ہوئی۔
کمپنی کے حصص کی قیمت منگل کو 13.82 روپے پر بند ہوئی، جو گزشتہ ہفتے لسٹنگ سے قبل 21.06 روپے فی حصص تھی۔ کمپنی کی پی ایس ایکس میں 29 اکتوبر 2026 کو بیک ڈور لسٹنگ کے ذریعے شمولیت ہوئی تھی، جبکہ منگل کو پی ایس ایکس میں گونگ تقریب کے ذریعے اس کی لسٹنگ کا جشن منایا گیا۔
لسٹنگ کے چوتھے روز اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاروں نے این جی ایل ای ایل کے 19 لاکھ 30 ہزار حصص کا کاروبار کیا۔
بیک ڈور لسٹنگ، جسے ریورس مرجر یا ریورس ٹیک اوور بھی کہا جاتا ہے، ایسا طریقہ ہے جس کے ذریعے کوئی نجی کمپنی پہلے سے اسٹاک مارکیٹ میں لسٹڈ کمپنی کے ساتھ انضمام یا اسے حاصل کرکے عوامی طور پر لسٹڈ کمپنی بن جاتی ہے۔
پی ایس ایکس نے ایک پریس ریلیز میں کہا کہ اس نے پاکستان کے پہلے اسپیشل پرپز ایکوزیشن کمپنی (ایس پی اے سی) کے کامیاب لین دین کے بعد ننگبو گرین کی ایکسچینج کے مین بورڈ میں شمولیت کے موقع پر گونگ تقریب کا انعقاد کیا۔
ابتدائی طور پر ایل ایس ای ایس پی اے سی-1 لمیٹڈ کے لیے ہدف کمپنی کے طور پر شناخت کی گئی ننگبو گرین لائٹ انرجی لمیٹڈ نے 30 ستمبر 2026 کو لاہور ہائی کورٹ کی منظوری سے اسکیم آف ارینجمنٹ کے ذریعے کاروباری انضمام مکمل کیا۔ ایل ایس ای کیپیٹل کی تشکیل کردہ اور اس کی سہولت کاری میں مکمل ہونے والے اس لین دین کے نتیجے میں ایل ایس ای ایس پی اے سی-1 کا ننگبو گرین لائٹ انرجی میں انضمام ہوا، جس کے بعد شمسی توانائی کی کمپنی کے لیے اسٹاک مارکیٹ میں لسٹنگ کی راہ ہموار ہوئی۔
پی ایس ایکس کے مطابق اسکیم میں ظاہر کردہ حصص کے تبادلے کے تناسب کے تحت ایس پی اے سی-1 کے حصص یافتگان کو اس کے ہر ایک حصص کے بدلے ننگبو گرین کے 1.50 حصص الاٹ کیے گئے ہیں۔
ایل ایس ای کیپیٹل لمیٹڈ کی ذیلی کمپنی ایل ایس ای ایس پی اے سی-1 نے مئی میں ابتدائی عوامی پیشکش (آئی پی او) کے ذریعے 25 کروڑ روپے جمع کیے تھے اور اس رقم سے ننگبو گرین لائٹ انرجی میں 19.04 فیصد حصص حاصل کیے، جس کی جزوی ملکیت ننگبو گرین لائٹ انرجی گروپ کمپنی لمیٹڈ کے پاس ہے۔
پی ایس ایکس کی پریس ریلیز میں ننگبو گرین لائٹ انرجی لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد قاسم کے حوالے سے کہا گیا کہ ہمارے لیے یہ لسٹنگ محض ایک مالی سنگ میل سے کہیں بڑھ کر ہے۔ ہم نے پاکستان کی شمسی توانائی کی مارکیٹ میں اپنی صلاحیتیں پیدا کرنے، منصوبوں کی تکمیل اور اپنی موجودگی مستحکم کرنے میں کئی سال صرف کیے ہیں۔ ایک لسٹڈ کمپنی بننے سے ہمیں بڑے مواقع سے فائدہ اٹھانے، اپنے کاروبار کو وسعت دینے اور حصص یافتگان کے لیے دیرپا قدر پیدا کرنے کا مضبوط پلیٹ فارم میسر آئے گا۔ ہمیں بالخصوص اس لین دین کا حصہ بننے پر فخر ہے جس نے پاکستان کی کیپیٹل مارکیٹ کے لیے بھی ایک نئے باب کا آغاز کیا ہے۔





















Comments