ایئر لنک نے الیکٹرک وہیکل انڈسٹری میں قدم رکھ دیا، ایئر وی متعارف
- ایئر وی نے چھ مختلف سیریز کے تحت 11 ماڈلز کے ساتھ مارکیٹ میں قدم رکھا ہے
پاکستان کے معروف ٹیکنالوجی ساز اداروں میں شامل ایئر لنک کمیونیکیشن لمیٹڈ نے اپنی الیکٹرک بائیک برانڈ ایئر وی باضابطہ طور پر متعارف کرادی ہے جو کمپنی کی کاروباری ترقی اور تنوع کے سفر میں ایک اہم سنگِ میل ہے۔
کمپنی کے مطابق ایئر وی نے چھ مختلف سیریز کے تحت 11 ماڈلز کے ساتھ مارکیٹ میں قدم رکھا ہے۔ ان ماڈلز کو صارفین کی مختلف ترجیحات، سواری کی ضروریات اور استعمال کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کیا گیا ہے۔
ایئر وی کی ماڈل رینج میں جدید ڈیزائن کے ساتھ جدید ٹیکنالوجی پر مبنی متعدد خصوصیات شامل ہیں جن میں کروز کنٹرول، بیٹری کو دورانِ سفر دوبارہ چارج کرنے کی ٹیکنالوجی (ری جنریٹو بریکنگ)، این ایف سی فنکشن اور چوری سے تحفظ کے فیچرز شامل ہیں۔ لیتھیم بیٹری کے مختلف آپشنز اور ماڈل کے لحاظ سے 200 کلومیٹر تک کی سفری رینج کے ساتھ کمپنی صارفین کو اپنی ضروریات کے مطابق انتخاب کے متعدد مواقع فراہم کررہی ہے۔
اس سے قبل کمپنی نے اسٹاک ایکسچینج کو جمع کرائی گئی ایک فائلنگ میں بتایا تھا کہ یہ منصوبہ لاہور کے سندر گرین اسپیشل اکنامک زون (ایس جی ایس ای زیڈ) میں واقع اس کی پیداواری تنصیب پر شروع کیا جارہا ہے۔
بزنس ریکارڈر سے گفتگو کرتے ہوئے مظفر حیات پراچہ نے بتایا کہ الیکٹرک بائیکس کی پیداواری صلاحیت کو مرحلہ وار فعال کیا جائے گا۔
ان کے مطابق کمپنی آئندہ دو سے تین سال کے دوران اپنی مجموعی پیداوار کا تقریباً 95 فیصد مقامی سطح پر تیار کرنے کا ہدف رکھتی ہے جس سے درآمدی پرزہ جات پر انحصار بتدریج کم ہو جائے گا۔
ایئر لنک الیکٹرک بائیکس کی خریداری کو صارفین کے لیے مزید آسان اور قابلِ استطاعت بنانے کے لیے اپنی ایئر فِن فنانسنگ سروس کے ذریعے اب خریدیں، بعد میں ادائیگی کریں (بی این پی ایل) کی سہولت بھی فراہم کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔
اس موقع پر ایئر لنک کمیونیکیشن لمیٹڈ کے چیئرمین اسلم حیات پراچہ نے کہا کہ کمپنی کا وژن بامقصد جدت کے ذریعے ایک مضبوط اور ترقی یافتہ پاکستان کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایئر وی کے ذریعے کمپنی کا مقصد جدید، قابلِ اعتماد اور ٹیکنالوجی سے آراستہ سفری سہولیات کو عوام کے لیے زیادہ قابلِ رسائی اور سستا بنا کر ملک کے شعبۂ نقل و حمل میں تبدیلی کے عمل کا حصہ بننا ہے۔ ان کے مطابق الیکٹرک بائیکس متعارف کرانے کے علاوہ کمپنی مقامی پیداوار، ٹیکنالوجی میں پیش رفت اور پائیدار کاروباری طریقوں کے ذریعے پاکستان کے الیکٹرک وہیکل (ای وی) ایکو سسٹم کی ترقی میں بھی کردار ادا کرنا چاہتی ہے تاکہ صارفین کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ وسیع تر صنعت کے لیے نئے مواقع بھی پیدا کیے جا سکیں۔
تقریبِ رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے ایئر لنک کے گروپ چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) مظفر حیات پراچہ نے کہا کہ کمپنی کی ترقی ہمیشہ دور اندیش حکمتِ عملی، ابھرتے ہوئے مواقع کی بروقت نشاندہی اور انہیں کامیاب کاروبار میں تبدیل کرنے کی صلاحیت کی مرہونِ منت رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں الیکٹرک موبیلٹی کے فروغ کے ساتھ نقل و حمل کے مستقبل کو نئی جہت دینے کے وسیع امکانات پیدا ہو رہے ہیں۔ ان کے بقول ایئر وی کا اجرا جدت اور کاروباری تنوع کے حوالے سے ایئر لنک کے سفر میں ایک اور اہم سنگِ میل ہے۔
دوسری جانب پاکستان کی الیکٹرک وہیکل انڈسٹری میں بھی بتدریج سرگرمیاں بڑھ رہی ہیں۔ اس رجحان کو حکومتی پالیسیوں، ماحولیاتی تحفظ سے متعلق بڑھتے ہوئے خدشات اور ایندھن کی قیمتوں میں اضافے سے تقویت مل رہی ہے، تاہم اس شعبے کو اب بھی کئی اہم چیلنجز درپیش ہیں۔ پاکستان میں ای وی انڈسٹری کو ایک نوزائیدہ شعبہ قرار دیا جا رہا ہے جسے ترقی کی منازل طے کرنے، ضروری بنیادی ڈھانچہ قائم کرنے اور ایک مضبوط صنعتی و کاروباری نظام تشکیل دینے کے لیے وقت اور حکومت کی مستقل معاونت درکار ہے۔























Comments