خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کی مختلف کارروائیاں، 21 دہشت گرد ہلاک، آئی ایس پی آر
- آئی ایس پی آر نے بتایا کہ کوہاٹ اور ڈیرہ اسماعیل خان کے اضلاع میں کی جانے والی 2 الگ الگ مشترکہ کارروائیوں کے دوران مزید 4 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔
سیکیورٹی فورسز نے 3 سے 5 ستمبر کے دوران خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں متعدد کارروائیوں کے دوران 21 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق شمالی وزیرستان میں ایک جھڑپ کے بعد مزید 10 دہشت گرد ہلاک کیے گئے۔ اس طرح 31 اگست سے علاقے میں پاکستان-افغانستان سرحد سے متعلق کارروائیوں کے دوران سیکیورٹی فورسز کے ہاتھوں ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی مجموعی تعداد 25 ہوگئی ہے۔
ضلع میں ایک اور جھڑپ کے دوران سیکیورٹی فورسز نے افغانستان کی سرحد کے ساتھ نقل و حرکت کرنے والے دہشت گردوں کے ایک گروہ کا مقابلہ کیا اور 7 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ کوہاٹ اور ڈیرہ اسماعیل خان کے اضلاع میں کی جانے والی 2 الگ الگ مشترکہ کارروائیوں کے دوران مزید 4 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔
فوج کے مطابق پاکستان افغانستان سرحد پر بار بار پیش آنے والے واقعات نے سرحد پار دہشت گردی کے لیے افغان سرزمین کے استعمال سے متعلق پاکستان کے خدشات کو اجاگر کیا ہے۔
آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ متاثرہ علاقوں میں باقی ماندہ دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشنز جاری ہیں، جبکہ ملک میں عزمِ استحکام کے تحت دہشت گردی کے خلاف مہم مکمل عزم کے ساتھ جاری رکھی جائے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے خیبر پختونخوا میں مختلف کارروائیوں کے دوران بھارت کے سرپرستی یافتہ دہشت گردوں کے کامیابی سے خاتمے پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پوری قوم مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں پر فخر کرتی ہے، جو ملک کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانے کی مذموم کوششوں کو مسلسل ناکام بنا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں پوری قوم سیکیورٹی فورسز کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
























Comments