حکومت نے آئیسکو کی نجکاری کیلئے اظہارِ دلچسپی جمع کرانے کی آخری تاریخ 21 ستمبر تک بڑھا دی
- توسیع کا مقصد زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاروں کی شرکت کو یقینی بنانا اور نجکاری کے عمل کو مزید مسابقتی بنانا ہے
حکومتِ پاکستان کی نجکاری کمیشن نے اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی لمیٹڈ (آئیسکو) میں نجی شعبے کی شمولیت اور نجکاری کے لیے اظہارِ دلچسپی جمع کرانے کی آخری تاریخ میں توسیع کر دی ہے۔
نجکاری کمیشن کے ترجمان نے ہفتے کو جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ یہ توسیع مقامی اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو شرکت کے لیے مزید سہولت فراہم کرنے اور نجکاری کے عمل کو زیادہ مسابقتی اور شفاف بنانے کے مقصد سے کی گئی ہے۔
حکومتِ پاکستان کے نجکاری پروگرام کے تحت تین بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں، فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو)، گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی (گیپکو) اور اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو) میں نجی شعبے کی شمولیت کے لیے ہر کمپنی کے 51 فیصد سے 100 فیصد تک حصص، انتظامی کنٹرول کے ساتھ، حاصل کرنے کی پیشکش کی گئی ہے۔
آئیسکو کے لیے اظہارِ دلچسپی جمع کرانے کی نظرثانی شدہ آخری تاریخ 21 ستمبر 2026ء، شام 4 بجے (پاکستانی وقت) مقرر کی گئی ہے۔
نجکاری کمیشن نے واضح کیا ہے کہ اظہارِ دلچسپی کے عمل کی دیگر تمام شرائط و ضوابط بدستور برقرار رہیں گے۔
کمیشن نے کہا کہ توسیع کا مقصد ممکنہ سرمایہ کاروں کو ضروری تکنیکی، مالی اور دیگر جائزہ جات مکمل کرنے اور اپنی اظہارِ دلچسپی جمع کرانے کے لیے اضافی وقت فراہم کرنا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ اہل سرمایہ کار نجکاری کے مسابقتی عمل میں حصہ لے سکیں۔
چند روز قبل آئیسکو نے کہا تھا کہ اس نے وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری کی جانب سے مقرر کردہ تمام اہداف حاصل کرلیے ہیں۔
ایک مشترکہ بیان میں آئیسکو کے چیئرمین طاہر مسعود اور چیف ایگزیکٹو انجینئر چوہدری خالد محمود نے کہا کہ گزشتہ دو مالی سال کے دوران کمپنی کے لائن لاسز 8.75 فیصد سے کم ہوکر 7.6 فیصد رہ گئے۔
























Comments